محنت اور روزگار کی وزارت

جناب  گجیندر سنگھ شیخاوت نے جودھ پور میں پہلی جی20 روزگار سے متعلق ورکنگ گروپ میٹنگ سے خطاب کیا


جناب  شیخاوت نے تمام لوگوں کے لیے اچھے کام اور جامع ترقی کے مزید مواقع پیدا کرنے میں بامعنی پیش رفت کرنے پر زور دیا

Posted On: 03 FEB 2023 1:01PM by PIB Delhi

تمام مندوبین کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے اور آج جودھ پور میں جی20 ایمپلائمنٹ ورکنگ گروپ کے مقصد کے لیے ان کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے، جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے بین الاقوامی برادری کے اراکین سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام لوگوں کے لیے اچھے کام اور جامع ترقی کے مزید مواقع تخلیق کرنے میں بامعنی پیش رفت کرنے کے لیے مل کر کوشش کریں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001Z4JT.jpg

جناب شیخاوت نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں ایک وزیر اور جودھ پور سے رکن پارلیمنٹ کے طور پر جی 20 ایمپلائمنٹ ورکنگ گروپ کی پہلی میٹنگ کے لیے ، اس شاندار اور تاریخی اعتبار سے اہم شہر جودھ پور پہنچنے پر ہر ایک مندوبین کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں بہت مسرت ہوئی ہے۔ وزیر موصوف نے اس تقریب کو جودھ پور میں منعقد کرنے کے لیے مرکزی وزیر محنت اور روزگار جناب بھوپیندر یادو کے ساتھ ساتھ باقی تنظیماتی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو لیبر اور روزگار کے شعبے میں رہنماؤں اور ماہرین کے اتنے اہم اجتماع کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے، اور انہیں یقین ہے کہ اس میٹنگ کے مباحثے اور نتائج عالمی سطح پر روزگار کے مستقبل کو تشکیل دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔

جناب شیخاوت نے کہا کہ وہ اس میٹنگ کے شریک چیئرز، انڈونیشیا اور برازیل کے اپنے معزز ساتھیوں کے، ان کی قیمتی شراکت اور معاون الفاظ کے لیے شکر گزار ہیں۔ اس جلسہ کو کامیاب بنانے میں ان کی فعال شرکت اور قیادت اہم ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0021QIU.jpg

جناب شیخاوت نے کہا کہ اس اہم تقریب کے میزبان ملک کے طور پر، ہندوستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اسےروزگار کے اہم مسئلہ کو حل کرنے میں جی20 کی قیادت کرنے کا موقع ملا ہے جو ہماری قوموں اور ہمارے لوگوں کی خوشحالی اور بہبود کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی20 کے قیام کے بعد سے ہماری فعال شرکت عالمی تعاون کے لیے ہمارے عزم اور سب کے لیے ایک زیادہ خوشحال دنیا بنانے کے ہمارے مشترکہ ہدف کا ثبوت ہے۔

جناب شیخاوت نے کہا کہ دنیا کے دوسرے سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر، ہندوستان کا سمجھنا ہے کہ روزگار کے مستقبل کو تشکیل دینے اور جامع ترقی کو آگے بڑھانے میں اس کا اہم کردار ہے۔ ہماری مضبوط جمہوریت اور ہمارا تنوع، ہمیں آوازوں اور خیالات کی ایک وسیع رینج کو اکٹھا کرنے کے لیے منفرد نقطہ نظر اور طاقت فراہم کرتا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان کی جی20 صدارت کا موضوع، ’’واسودیوا کٹمبکم،‘‘ یا ’’ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل‘‘ خاص طور پر موزوں ہے، کیونکہ ہم اپنی معیشتوں اور اپنے لوگوں کے باہمی ربط پر بات چیت کرنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری مشترکہ انسانیت اور سب کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت کی ایک طاقتور یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ آج ہمیں محنت اور روزگار کے جن چیلنجوں کا سامنا ہے، ان کا حل سب کے لیے جامع، پائیدار اور مساوی ہونا چاہیے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image003YOOJ.jpg

جناب شیخاوت نے کہا کہ عالمی لیبر مارکیٹ کو درپیش چیلنجز پیچیدہ اور دور رس ہیں اور صرف تعاون اور اشتراک سے ہی ہم بامعنی حل تلاش کرنے کی امید کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں روزگار اور سماجی تحفظ کی موجودہ صورتحال کوویڈ 19 کی جاری وبا سے متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک نے وباکی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی بدحالی کے نتیجے میں بے روزگاری میں نمایاں اضافہ دیکھا ہے۔ بہت سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار خاص طور پر سخت متاثر ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے مختلف شعبوں میں ملازمتوں کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، آمدنی میں عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے، اور غربت میں رہنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک میں حکومتیں دیگر پروگراموں اور خدمات کے لیے کم رقم چھوڑ کر وباسے لڑنے کے لیے زیادہ رقم خرچ کرنے پر مجبور تھیں۔ اس نے سماجی تحفظ کے نظام پر دباؤ ڈالا ہے۔ بہت سے ممالک کی طرف سے محنت کشوں کے لیے معاشی محرک اور مدد فراہم کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں، لیکن روزگار کی صورتحال اور سماجی تحفظ کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ وبائی امراض کے معاشی دھچکے کو کم کرنے کے لیے، حکومت ہند نے فوری راحت اور نسبتاً تیزی سے V شکل کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جو کہ اس ضمن میں شامل بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے دنیا کے سب سے بڑے عوامی نظام تقسیم کے نظام کے ذریعے وبا کے دوران 800 ملین لوگوں میں اناج تقسیم کیا اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔ اس کے علاوہ، دنیا کی سب سے بڑی حکومت کی مالی اعانت سے چلنے والی صحت بیمہ اسکیم یعنی آیوشمان بھارت- پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے ذریعے، ہندوستان میں 500 ملین سے زیادہ لوگوں کو صحت کی کوریج فراہم کرتی ہے۔

جناب شیخاوت نے کہا کہ آتم نربھر بھارت روزگار یوجنا نے، جس کی لاگت 228 ارب روپے ہے، سماجی تحفظ کے فوائد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ روزگار پیدا کرنے کے لیے آجروں کو ترغیب فراہم کی۔ اس اسکیم کے مطابق، حکومت نے دو سالوں کے لیے 1000 ملازمین تک ملازمت کرنے والے اداروں میں نئے ملازمین کے سلسلے میں 12فیصد ملازمین کا حصہ اور 12فیصد آجروں کا حصہ یعنی اجرت کا 24فیصدادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملازمین کا حصہ ای پی ایف شراکت میں ادا کیا ہے یعنی اجرت کا 12فیصد ان اداروں میں جو 1000 سے زیادہ ملازمین کو دو سالوں تک ملازم رکھتے ہیں۔

جناب شیخاوت نے کہا کہ تقریباً 3.2 ملین اسٹریٹ وینڈرز کو اپنے کاروبار کو دوبارہ شروع کرنے میں مدد کرنے کے لیے ضمانتی کے بغیر قرضے فراہم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پاس سماجی تحفظ کا ایک جامع نظام ہے جس میں ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) اور ایمپلائی اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) شامل ہیں جو بالترتیب 277 ملین اور 131 ملین سے زیادہ مستفید ہونے والوں کی خدمت کرتے ہیں۔

وزیرموصوف نے کہا کہ حکومت نے پردھان منتری شرم یوگی من دھن یوجنا شروع کی ہے جو حکومت کے تعاون سے غیر منظم کارکنوں کے لیے بڑھاپے کی پنشن فراہم کرتی ہے۔ ای-شرم پورٹل غیر منظم کارکنوں کا ایک قومی ڈیٹا بیس بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا جس میں گگ اور پلیٹ فارم اکانومی ورکرز بھی شامل ہیں۔ اب تک 400 سے زائد پیشوں میں 290 ملین سے زائد کارکنان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

جناب شیخاوت نے کہا کہ حکومت نے اسٹینڈ اپ انڈیا، اسکل انڈیا اور میک ان انڈیا جیسے ہنر مندی کے شعبے میں پہل کی ہےاور ملازمت کے متلاشیوں اور آجروں کے لیے روزگار کی خدمات فراہم کرنے کے لیے نیشنل کیرئیر سروس (این سی ایس) پروجیکٹ کو نافذ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ نیشنل کیرئیر سروس کے تحت اب تک 10 ملین سے زیادہ آسامیاں متحرک کی گئی ہیں۔ این سی ایس پورٹل، مائیکروسافٹ اور ٹیسی ایس کی طرف سے اپنے اندراج شدہ ملازمت کے متلاشیوں کے لیے مفت تربیتی پروگرام بھی پیش کرتا ہے۔

شری شیخاوت نے کہا کہ جب ہم اپنی بات چیت شروع کرتے ہیں تو ہم سب کو یہ یاد دلانا چاہیں گے کہ ہم یہاں صرف مسائل پر بات کرنے کے لیے نہیں ہیں، بلکہ ایسے حل تلاش کرنے کے لیے یکجا ہوئےہیں جو دنیا بھر کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان معاملات پر چند انتہائی باصلاحیت اور باشعور ماہرین کو اکٹھا کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ہم مل کر ان مسائل کو حل کرنے میں حقیقی پیش رفت کر سکتے ہیں جو ہماری قوموں کی معاشی اور سماجی بہبود کے لیے بہت اہم ہیں۔

جناب شیخاوت نے پہلے ایمپلائمنٹ ورکنگ گروپ کے بارے میں افتتاحی اجلاس کے بعد میڈیا کو بھی بریفنگ دی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image004YGQI.jpg

*****

U.No.1169

(ش ح - اع - ر ا)   



(Release ID: 1896178) Visitor Counter : 156