وزارت دفاع

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اگنی ویروں کی پہلی کھیپ سے خطاب کیا۔ شاندار اگنی پتھ اسکیم کے علمبردار بننے پر انہیں مبارکباد دی


تبدیلی کا سبب بننے والی یہ پالیسی مسلح افواج کو مضبوط بنانے اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے میں گیم چینجر ثابت ہوگی: وزیراعظم

’’مسلح افواج کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں ’آتم نر بھر‘ بنانے کی کوششیں جاری ہیں‘‘

بغیر رابطے والی جنگ کے نئے محاذوں کے چیلنجوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ تکنیکی طور پر ترقی یافتہ فوجی مسلح افواج میں کلیدی کردار ادا کریں گے

وزیر اعظم نے بتایا کہ اگنی پتھ کس طرح خواتین کو بھی بااختیار بنائے گا اور کہا کہ  وہ تینوں افواج میں خواتین اگنی ویروں کو دیکھنے کے خواہش مند ہیں

رکشا منتری نے اس اسکیم کو مضبوط اور خوشحال ’نئے بھارت‘کی تعمیر کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا

ابھرتے ہوئے عالمی منظر نامے کے درمیان ملک کے سیکورٹی اپریٹس کو مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے: جناب راجناتھ سنگھ

Posted On: 16 JAN 2023 2:33PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 16 جنوری، 2023 کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تینوں مسلح افواج کے اگنی ویروں کی پہلی کھیپ سے خطاب کیا، جنہوں نے اپنی بنیادی تربیت کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تبدیلی پیدا کرنے والی یہ پالیسی مسلح افواج کو مضبوط بنانے اور انہیں مستقبل میں درپیش چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔ وزیر اعظم نے اپنے اس یقین کا اظہار کیا  کہ نوجوان اگنی ویر مسلح افواج میں زیادہ جوش و ولولہ بھریں گے اور انہیں ٹیکنالوجی سے باخبر بنائیں گے۔

اگنی ویروں کی صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اُن کا جذبہ مسلح افواج کی بہادری کی عکاسی کرتا ہے، جس نے ملک کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع سے وہ جو تجربہ حاصل کریں گے، وہ پوری زندگی اُن کے لئے باعث فخر ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’نیو انڈیا‘ نئے جوش وجذبے سے پُر ہے اور ہماری مسلح افواج کی جدید کاری اور انہیں آتم نر بھر بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی میں جنگ کے طریقے بدل  رہے ہیں۔ بغیر رابطے والی جنگ کے نئے محاذوں اور سائبر جنگ کے چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اعتبار سے ترقی یافتہ فوجی ہماری مسلح افواج میں ایک اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی موجودہ نسل خصوصی طور پر یہ صلاحیت رکھتی ہے اور اس لیے آنے والے وقت میں اگنی ویر ایک قائدانہ رول ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ یہ اسکیم خواتین کو کس طرح مزید با اختیار بنائے گی۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کس طرح خاتون اگنی ویر بحریہ کے فخر میں اضافہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تینوں افواج میں خاتون اگنی ویروں کی شمولیت کے خواہش مند ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح خواتین مختلف محاذوں پر مسلح افواج کی قیادت کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں سیاچن میں تعینات خاتون فوجی اور جدید فائٹر طیارے چلانے والی خواتین کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مختلف خطوں میں تعیناتی سے اگنی ویروں کو مختلف تجربات حاصل کرنے کا موقع ملے گا اور انہیں مختلف زبانیں سیکھنے اور مختلف ثقافتوں اور طرزہائے زندگی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک اور قیادت کی صلاحیت حاصل کرنے سے ان کی شخصیت میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اگنی ویروں سے کہا کہ وہ اپنی پسند کے میدانوں میں مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کرنے کے ساتھ ساتھ نئی چیزیں سیکھنے کے بارے میں بھی متجسس رہیں۔

نوجوانوں اور اگنی ویروں کی صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہی ہیں، جو 21ویں صدی میں ملک کو قیادت فراہم کرائیں گے۔

اپنے خیرمقدمی کلمات میں، رکشا منتری جناب راجناتھ سنگھ نے وزیر اعظم کے ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کے وژن کی ستائش کی، جس کے تحت تمام شعبوں نے نئے اہداف مقرر کیے ہیں اور انہیں حاصل کرنے کی طرف بڑی پیش رفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع نے قوم کو بااختیار بنانے کے لیے کئی فیصلے کیے ہیں، جس میں اگنی پتھ اسکیم کو سب سے اہم اور بے مثال اصلاحات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

رکشا منتری نے زور دے کر کہا کہ ابھرتے ہوئے عالمی منظر نامے اور جیو پولیٹیکل غیر یقینی صورتحال کے درمیان ملک کے سیکورٹی اپریٹس کو مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال میں، اگنی پتھ اسکیم مسلح افواج کے اندر مزید جوش و ولولہ بھرے گی اور انہیں ٹیکنالوجی سے باخبر بنائے گی۔ جناب راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ ایسی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں اگنی ویر اپنی طاقت اور علم کے ساتھ مسلح افواج کے ساتھ مل کر سماج کی خدمت کر سکیں۔ یہ اسکیم ایک مضبوط اور خوشحال ’نئے بھارت‘ کی تعمیر کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

جناب راجناتھ سنگھ نے اس حقیقت کی تعریف کی کہ اس اسکیم کو حوصلہ افزا ردعمل ملا، درخواست دہندگان کی ایک بڑی تعداد بھرتی کے لیے سامنے آئی۔ انہوں نے خواتین اگنی ویروں کا خاص طور پر ذکر کیا جنہیں ان کے مرد ہم منصبوں کے ساتھ ہی تربیت دی جا رہی ہے۔

رکشا منتری نے بتایا کہ وزارت دفاع سمیت کئی وزارتیں اگنی ویروں کی فلاح و بہبود کے لیے آگے آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’وزارت دفاع، مرکزی مسلح پولیس دستے اور وزارت ریلوے کے مختلف محکموں میں کئی پوسٹوں پر اگنی ویروں کے لیے ریزرویشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اگنی ویروں کی مناسب تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے وزارت دفاع اور وزارت تعلیم کی طرف سے مشترکہ طور پر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارت خزانہ کے تعاون سے ان اگنی ویروں کو مناسب شرحوں پر قرض فراہم کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، جو سروس کے بعد خود روزگار یا کوئی کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں۔ اگنی ویر نہ صرف سرکشا ویر بنیں گے بلکہ سمردھی ویر بھی بنیں گے۔‘‘ جناب راجناتھ سنگھ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تمام اگنی ویر وزیر اعظم کے وژن اور بامعنی خیالات سے بہت متاثر ہیں اور ان سے رہنمائی حاصل کریں گے۔

وزیر اعظم کا خطاب تمام اگنی ویر ٹریننگ سینٹرز پر براہ راست نشر کیا گیا اور اس میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل وی آر چودھری، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل آر ہری کمار، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منوج پانڈے اور وزارت دفاع کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 523



(Release ID: 1891653) Visitor Counter : 153