امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کی یکسر تبدیلی تیز رفتاری سے کی جائے گی : ایف سی آئی کے 59 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جناب پیوش گوئل
بدعنوانی میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی: جناب گوئل
ایف سی آئی بدعنوانی کو بالکل برداشت نہ کرنے کی پالیسی اپنائے گا: جناب گوئل
سراغ فراہم کرنے والوں کو انعام دینے کے طریقہ کار کو ادارہ جاتی بنایا جائے: جناب گوئل
جناب گوئل نے وبائی امراض کے دوران "پردھان منتری غریب کلیان انّ یوجنا" کے تحت دنیا کے سب سے بڑے غذائی اجناس کی سپلائی چین سسٹم کو چلانے کے لیے ایف سی آئی کی ستائش کی
Posted On:
14 JAN 2023 4:52PM by PIB Delhi
نئی دلی،14 جنوری،2023/ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) میں تیز ی سے تبدیلی لائی جانی چاہیے تاکہ اس تنظیم سے ملک کے لوگوں، غریبوں اور کسانوں کی مدد ملی رہے۔ صارفین کے امور، خوراک اور تقسیم عامہ ، کپڑا اور تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے آج یہاں ایف سی آئی کے 59ویں یوم تاسیس کے موقع پر افتتاحی خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
اپنی تقریر میں جناب گوئل نے سکریٹری، محکمہ خوراک اور عوامی تقسیم کو ہدایت دی کہ وہ ہر ہفتے ایف سی آئی اور سنٹرل ویئر ہاؤسنگ کارپوریشن (سی ڈبلیو سی) کے اصلاحی کاموں کی نگرانی کریں اور انہیں پندرہ ہفتہ کی بنیاد پر صورتحال سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے عمل میں تعاون نہ کرنے یا تاخیر کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایف سی آئی میں بدعنوانی کے مبینہ معاملات کی جاری تحقیقات کے بارے میں، جناب گوئل نے کہا کہ یہ تنظیم کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بدعنوانی میں ملوث کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی آئی بدعنوانی بالکل برداشت نہ کرنے کے اصول پر عمل کرے گی۔
جناب گوئل نے سکریٹری کو ایک ایسا طریقہ کار بنانے کی ہدایت دی جس میں سراغ فراہم کرنے والوں کو انعام دیا جا سکے۔ انہوں نے ایف سی آئی کے تمام افسران اور ملازمین سے کہا کہ وہ بدعنوانی کے کسی بھی واقعے کی اطلاع دیں۔
جناب گوئل نے ایف سی ائی کے ذریعے دنیا کے سب سے بڑے فوڈ اناج سپلائی چین نظام کو چلانے پر اس کی تعریف کی تاکہ خاص طور پر وبا کے دوران "پردھان منتری غریب کلیان انّ یوجنا" (پی ایم جی کے اے وائی) کے تحت اناج کی بلارکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جا سکا ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کی وبا کے باوجود ملک میں کوئی بھی شخص بھوکا نہیں سویا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے غذائی تحفظ، اقتصادی منظر نامے کو مضبوط بنانے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور دیگر شعبوں میں عالمی سطح پر ایک مثال قائم کی ہے۔
جناب گوئل نے کہا کہ اس سال چاول کی خریداری اچھی رہی ہے۔ انہوں نے آئندہ سیزن میں بھی گندم کی اچھی خریداری کی امید ظاہر کی۔
تقریب میں شرکت کرتے ہوئے، عزت مآب وزیر مملکت محترمہ سادھوی نرنجن جیوتی نے پی ایم جی کے اے وائی کے تحت ملک کے ہر حصے، خاص طور پر سماج کے کمزور طبقوں کو خوراک کے اناج کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایف سی آئی کی ستائش کی۔ وزیر اعظم نے وبا کے دوران کئے گئے قابل ذکر کام کو سراہا۔
جناب سنجیو چوپڑا، سکریٹری، ڈی ایف پی ڈی بھی اس تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے ایف سی آئی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب اشوک کے کے مینا کو بدعنوانی کو ختم کرنے اور لوگوں کو ایک موثر اور شفاف خدمات کی فراہمی کے نظام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
۔۔۔
ش ح۔ا س۔ ت ح
U –476
(Release ID: 1891567)