وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بھارت – امریکہ مشترکہ تربیتی مشق’’  یُدّھ ابھیاس-2022‘‘ کا اتراکھنڈ میں انعقاد کیا جائے گا

Posted On: 15 NOV 2022 12:23PM by PIB Delhi

بھارت اور امریکہ کے درمیان 18ویں مشترکہ تربیتی مشق-’’یُدّھ ابھیاس-22‘‘ کو اس ماہ اتراکھنڈ میں منعقد کرنے کا پروگرام ہے۔ یدھ ابھیاس مشق ہرسال بھارت اور امریکہ کے درمیان منعقد کی جاتی ہے۔ اس مشق کا مقصد، دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان ایک دوسرے کے بہترین طور طریقوں،حکمت عملی ، تکنیکوں اور طریق کار کا تبادلہ کرنا ہے۔ گذشتہ مرتبہ یہ مشق اکتوبر 2021 میں امریکہ میں الاسکا کے مقام پر منعقد ہوئی تھی۔

اس مشق میں امریکی فوج کے گیارہویں ایئر بورن ڈویژن  کی دوسری بریگیڈ کے فوجی،اور بھارتی فوج سے آسام ریجیمنٹ کے فوجی اہلکار حصہ لیں گے۔ تربیتی پروگرام کے دوران اقوام متحدہ کے منشور کے باب VII کے تحت جنگ کے ایک مربوط گروپ کی تعیناتی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس مجوزہ پروگرام میں قیام امن اور امن کے نفاذ سے متعلق سبھی کارروائیاں شامل ہوں گی۔دونوں ملکوں کے فوجی، یکساں اور مشترکہ مقاصد کی حصولیابی کی غرض سے مل کر کام کریں گے ۔اس مشترکہ فوجی مشق کے تحت ، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور آفات کے دوران راحت فراہم کرنے سے متعلق کارروائیوں(ایچ اے ڈی آر) پر بھی توجہ مرکو کی جائے گی ۔ دونوں ملکوں کے فوجی کسی بھی قسم کی قدرتی آفت اور تباہی کی صورت میں تیزی سے اور مربوط طورپر امدادی کوششوں کا آغاز کرنے کی بھی مشق کریں گے۔

دونوں فوجوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور تجربات سے پوری طرح مستفید ہونے کے مقصد سے ، بہت احتیاط سے منتخب کئے گئے موضوعات کے بارے میں ایک کمان پوسٹ مشق اور ایکسپرٹ اکیڈمک تبادلہ خیال اور غوروخوض (ای اے ڈی) سے متعلق پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

اس زمینی مشق میں مربوط جنگی گروپوں کا استحکام ، کمک کے طورپر آنے والی نفری اور اس کی قوت کا ادراک،نگرانی کرنے والے گریڈس کا قیام اور ان کا کام کاج ، عملی لاجسٹکس اور ان کی افادیت ، پہاڑی علاقوں میں فن حرب کی مہارتیں ، مجروحین کا میدان جنگ سے انخلا اور جنگی طبی امداد ، ناسازگار موسمی حالات اور موسمیاتی اور جغرافیائی صورتحال میں جنگی طبی امداد جیسے عنصر شامل ہیں۔

اس فوجی مشق سے دونوں فوجوں کو معلومات کے تبادلے کے ذریعہ اپنے وسیع تجربات اور مہارتوں سے ایک دوسرے کو واقف کرانے اور اپنی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی سہولت فراہم ہوگی۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/DSCN0998H067.JPG

 

 

 

 

 

 

*******************

ش ح ۔ع م ۔   م ش

U.N. 12540


(Release ID: 1876064) Visitor Counter : 249