نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر نے دیوالی کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 OCT 2022 5:28PM by PIB Delhi
نائب صدر، جناب جگدیپ دھنکر نے دیوالی کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے۔ ان کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:
’’ہم وطنوں اور بیرونی ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کو روشنی کے مقدس تہوار، دیوالی کی دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
روایتی جوش و خروش سے منایا جانے والا یہ تہوار، ماں سیتا اور لکشمن کے ساتھ شری رام کے ون واس سے ایودھیا واپس لوٹنے کا تہوار ہے۔ اس مدت کے دوران انہوں نے رشیوں منیوں سے علم اور ہنر حاصل کیا، دور افتادہ جنگلات میں بسنے والے عام لوگوں کو منظم کرکے، برائیوں پر فتح حاصل کی۔
دیوالی، ایک لبرل اور فلاحی ریاست کے ہمارے اصول – ’رام راجیہ‘ کے ارتقا کی بھی علامت ہے۔ یہ تہوار، شری رام کی زندگی میں پوشیدہ خوبیوں کے تئیں ہماری عقیدت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے ایک اصولی راجا، فرماں بردار بیٹے، ایک ناقابل فتح جانباز اور صداقت پر مبنی زندگی کی جو مثالیں قائم کی تھیں، وہ انہیں پرشوتم شری رام کے طور پر قابل احترام بناتی ہیں، جن کی پیروی انسانیت نسلوں سے کرتی رہی ہے۔
دیوالی، خوشحالی کی دیوی، ماں لکشمی اور خوش بختی اور علم کے دیوتا شری گنیش کی پوجا کا بھی موقع ہے۔
روشنیوں کا یہ تہوار، ہماری زندگی میں علم، بھلائی، خوشحالی اور امن لائے۔ جگمگاتے دیوں کی چمک، ہمارے ملک کو امید، خوشی، صحت اور ہم آہنگی سے روشن کرے۔‘‘
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 11770
(ریلیز آئی ڈی: 1870499)
وزیٹر کاؤنٹر : 196