ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت

پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلہ دس اکتوبر 2022 کو ہندوستان بھر میں 280 مقامات پر منعقد کیا جائے گا


کئی مقامی کاروباری اداروں کو میلے کا حصہ بننے اور نوجوانوں کو آموز کاری کے مواقع فراہم کرنے کی دعوت دی گئی ہے

Posted On: 09 OCT 2022 7:13PM by PIB Delhi

معاش کے مواقع اور عملی تربیت کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اسکل انڈیا مشن کے ایک حصے کے طور پر، ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) 10 اکتوبر 2022 کو 28 ریاستوں اور مرکز زیر انتظام علاقوں کے 280 مقامات پر پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلا (پی ایم این اے ایم) کا انعقاد کر رہی ہے۔

کئی مقامی کاروباری اداروں کو میلے کا حصہ بننے کے لیے مدعو کیا گیا ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کو آموز کاری ٹریننگ کے ذریعے اپنے کیریئر کو تشکیل دینے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ حصہ لینے والی کمپنیوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ممکنہ امیدواروں سے ملنے اور موقع پر ہی درخواست دہندگان کا انتخاب کرنے کا موقع ملے گا۔ ہندوستان کے نوجوانوں کی ملازمت میں اضافہ کرنے کے لیے ہر مہینے کے دوسرے پیر کو اپرنٹس شپ میلے منعقد کیے جاتے ہیں۔ پروگراموں کی تکمیل کے بعد، تربیت فراہم کرنے والی کمپنی طالب علم کو بطور ملازم رکھ سکتی ہے۔

لوگ https://www.apprenticeshipindia.gov.in پر جا کر میلے کے لیے اندراج کر سکتے ہیں اور میلے کا قریب ترین مقام تلاش کر سکتے ہیں۔ درخواست دینے کے اہل ہونے کے لیے، طلبا کے پاس 5ویں سے 12ویں جماعت کا پاس سرٹیفکیٹ، مہارت کی تربیت کا سرٹیفکیٹ، ایک ITI ڈپلومہ، یا حصہ لینے کے لیے گریجویٹ ڈگری ہونا ضروری ہے۔ جو لوگ پہلے ہی اندراج کروا چکے ہیں ان سے تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ موقع پر پہنچنے کی درخواست کی گئی ہے۔

پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت کے سکریٹری جناب اتل کمار تیواری نے کہا کہ اپرنٹس شپ ٹریننگ ’کمائی کے ذریعے سیکھنے‘ اور ’کر کے سیکھنے‘ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، اپرنٹس شپ میلوں کا ملک بھر میں اپرنٹس شپ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کے کامیاب نفاذ پر نمایاں اثر پڑتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اپرنٹس شپ ایکٹ 1961 کو اپ گریڈ کرنے سے نہ صرف اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ پروگرام با صلاحیت افراد کے لیے ملازمت کے اضافی مواقع فراہم کرتے ہیں، بلکہ افرادی قوت میں شامل ہونے والے نوجوان بالغوں کے لیے اسکول سے کام کی زندگی میں آسان منتقلی بھی ہوتی ہے۔

ملک میں ہر ماہ اپرنٹس شپ میلے کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں منتخب افراد کو نئی مہارتیں حاصل کرنے کے لیے حکومتی معیار کے مطابق ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ اپرنٹس شپ کو ہنر مندی کی نشوونما کا سب سے پائیدار ماڈل سمجھا جاتا ہے، اور اسے اسکل انڈیا مشن کے تحت بڑا فروغ مل رہا ہے۔ اب تک 22 لاکھ سے زیادہ سرگرم آموز کاروں کو بر سر روزگار کیا گیا ہے۔

حکومت اپرنٹس شپ ٹریننگ کے ذریعے سالانہ 10 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے کے لیے کوشاں ہے اور اس مشن کی تکمیل کے لیے پی ایم این اے ایم کو اداروں اور طلبا کی شرکت بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ شرکت کرنے والی کمپنیوں میں موجود مختلف مواقع کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہی بھی فراہم کر رہا ہے۔

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع-م ف

U: 11216



(Release ID: 1866349) Visitor Counter : 123