صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

بنگلہ دیش کی وزیراعظم کی صدرجمہوریہ ہند سے ملاقات

Posted On: 06 SEP 2022 5:58PM by PIB Delhi


بنگلہ دیش کی وزیراعظم محترمہ شیخ حسینہ نے آج (6 ستمبر 2022) کو صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے راشٹر پتی بھون میں ملاقات کی۔


راشٹر پتی بھون میں بنگلہ دیش کی وزیراعظم کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہماری یکساں تاریخ، زبان اور ثقافت ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی اور وزیراعظم شیخ حسینہ کی قیادت میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے باہمی تعلقات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے بنگلہ دیش کی آزادی کے 50 سال اور ہندوستان-بنگلہ دیش تعلقات کی گولڈن جبلی جس طرح مل کر منائی ہے، وہ خصوصی نوعیت کے حامل ہیں۔ ان تاریخی تقریبات میں ہندوستان کے صدر اور وزیراعظم دونوں کی شرکت اس بات کا مظہر ہے کہ ہندوستان، بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔


صدر جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بنگلہ دیش نے اپنے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہندوستان، بنگلہ دیش کی ترقی کے سفر میں اس کا قابل بھروسہ شراکت دار بنا رہے گا۔


صدر نے کہا کہ ہمارے تعلقات ہمیشہ تعاون اور آپسی اعتماد کی بنیاد پر قائم رہے ہیں۔ عالمی وباء اور موجودہ عالمی صورتحال اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش اس عالمی بحران سے نمٹنے میں اقتصادی طور پر زیادہ سے زیادہ جڑے رہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید وسعت اور گہرائی آئے گی۔

***


ش ح۔ ع س۔ ک ا

 



(Release ID: 1857228) Visitor Counter : 167