کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

ایک ضلع  ایک پروڈکٹ ( او ڈی او پی ) پہل کو ڈجیٹل کامرس کے کھلے نیٹ ورک ( او این ڈی سی ) سے مربوط کرنے سے او ڈی او پی کی حدود کو مزید وسیع کرنے میں مدد ملے گی: جناب پیوش گوئل


حکومت کے فلیگ شپ پروگراموں کو او ڈی او پی کے ساتھ مربوط کیا جانا چاہیئے: جناب گوئل

او ڈی او پی ملک کے دور دراز حصوں میں خوشحالی لانے میں مدد گار ہو گا: جناب گوئل

او ڈی او پی ، مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر پہچان  میں اضافہ کرنے کے لئے بین الاقوامی نمائشوں، تقریبات، میٹنگز اور کانفرنسوں کا ایک حصہ بنے گا : جناب گوئل

مرکزی وزیر نے جی آئی ٹیگنگ کے عمل کو آسان، مستقل اور تیز تر بنانے پر زور دیا

Posted On: 29 AUG 2022 4:56PM by PIB Delhi

کامرس اور صنعت، صارفین کے امور ، خوراک اور تقسیم عامہ اور ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے آج ایک ضلع ایک پروڈکٹ (او ڈی او پی ) پہل کو ڈیجیٹل کامرس کے اوپن نیٹ ورک (او این ڈی سی) سے مربوط کرنے پر زور دیا ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ او این ڈی سی خریداروں اور بیچنے والوں کو ایک جمہوری پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے او ڈی او پی کو مزید وسعت دینے میں مدد گار ہو گا۔ وہ آج نئی دلّی میں جی ای ایم پر 300 سے زیادہ پروڈکٹس اور او ڈی او پی اسٹور فرنٹ پر مشتمل او ڈی او پی گفٹ کیٹلاگ کی نقاب کشائی کے بعد اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

NKT_2495.JPG

جناب گوئل نے او ڈی او پی کو بھارت کی مالا مال ثقافت اور روایات  کے شاندار امکانات کو اجاگر کرنے کی زبردست کوشش قرار دیتے ہوئے ، جناب گوئل نے کہا کہ بھارت کے اضلاع اور گاؤوں میں کروڑوں با صلاحیت ،  بنکر ، دست کار اور فن کار رہتے ہیں ۔

وزیر موصوف نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ترقی کے نتائج یکساں نہیں تھے اور صرف کچھ خطوں تک محدود تھے ۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ گزشتہ 8 سالوں میں حکومت کی سوچ میں بنیادی تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ او ڈی او پی خوشحالی کو ملک کے ہر حصے تک لے جانے کے اس ویژن سے وابستہ ہے۔

جناب گوئل نے زور دے کر کہا کہ بھارت اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا ، جب تک کہ ملک کے دور دراز حصے ترقی میں یکساں حصہ دار نہ ہوں اور ترقی کے فوائد سے یکساں طور پر مستفید نہ ہوں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ او ڈی او پی معاشرے  میں سب سے نچلی سطح پر رہنے والوں کے لئے خوشحالی لانے میں مدد کرے گا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے، جناب گوئل نے کہا کہ ’ہمارے ملک کے ہر ضلع میں ایک ملک کے برابر کی صلاحیت موجود ہے ۔ ہمیں اس قوت کو سمجھنے  اور اس صلاحیت کو برائے کار لانے کی ضرورت ہے ‘ ۔

ٍٍ     اتر پردیش جیسی کئی ریاستوں میں او ڈی او پی کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے ، مرکزی وزیر جناب گوئل نے کہا کہ ہم آہنگی یا سمنوے ایک اہم عنصر ہے ، جو او ڈی او پی کی کامیابی کو آگے بڑھائے گا۔ جناب گوئل نے کہا کہ حکومت کے اہم پروگرام جیسے اسٹارٹ اَپ انڈیا، میک اِن انڈیا، برآمدات کے مرکز کے طور  پر  اضلاع وغیرہ کو او ڈی او پی کے ویژن کے ساتھ مربوط کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے حکومتِ ہند کی تمام وزارتوں سے کہا کہ وہ تکمیلی اقدامات کے ذریعے او ڈی او پی کے مینڈیٹ کو مزید وسعت دینے میں مدد کریں۔

NKT_2537.JPG

مرکزی وزیر نے وزارتوں، محکموں اور دیگر سرکاری اداروں سے کہا کہ وہ ملک کے اندر اور باہر او ڈی او پی مصنوعات کو مخصوص تحائف  کےطور پر استعمال کرنے پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں جلد ہی منعقد ہونے والا جی 20 سربراہ اجلاس او ڈی او پی مصنوعات کی نمائش کا ایک بہترین موقع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جی 20 کے نمائندوں کو او ڈی او پی کی اچھے معیار کی مصنوعات کی نمائشوں کے ذریعے  او ڈی او پی مصنوعات کو متعارف کرایا جانا چاہیئے اور دستکاروں کے گاؤوں کا دورہ کرایا جانا چاہیئے ۔

جناب گوئل نے این آئی ایف ٹی ، این آئی ڈی اور آئی آئی ایف ٹی جیسے نامور اداروں کے طلباء سے او ڈی او پی کو آگے بڑھانے کے لئے تخلیقی طریقے تلاش کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے او ڈی او پی مصنوعات کو برانڈ کے طور پر پیش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جن میں سے زیادہ تر قدرتی اور ماحول دوست ہیں اور کرۂ ارض کے لئے پائیدار اور اچھے ہیں ۔ اس تناظر میں، جناب گوئل نے جی آئی ٹیگنگ کے عمل کو آسان، مستقل اور تیز تر بنا کر جی آئی ٹیگ شدہ مصنوعات کی فہرست کو وسعت دینے پر بھی زور دیا۔

مرکزی وزیر نے مارکیٹ میں جعلی مصنوعات سے نمٹنے کے لئے اصلی او ڈی او پی مصنوعات کی دستیابی میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ جعلی مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیئے۔ جناب گوئل نے کہا کہ دستکاری کی اشیاء تیار کرنے میں دست کاروں کی  کم تعداد ہونے کی وجہ سے فن پارے اور دست کاری بحران کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ کاریگروں کو ان دست کاریوں کی تربیت دی جائے تاکہ ان دست کاری کی مصنوعات کا تحفظ کیا جا سکے۔

جناب گوئل نے او ڈی او پی کو حقیقی تبدیلی لانے والا بنانے کے لئے 5 ایکشن پر مبنی ایجنڈا تجویز کیا۔ انہوں نے کہا کہ او ڈی او پی کا ایک مکمل کیٹلاگ تیار کیا جانا چاہیئے تاکہ وزارتوں ، مشنوں ، ریاستی حکومتوں  اور صنعتوں کے لئے خصوصی خریداری کا ایک  ون اسٹاپ سینٹر بن سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیٹلاگ ایسا ہونا چاہیئے کہ یہ اعلیٰ معیار کے سپلائرز کے اعلیٰ معیار کے ڈیٹا بیس کے طور پر کام کرے۔انہوں نے ریاستوں سے کہا کہ وہ او ڈی او پی پروڈکٹس کی فہرست اس طرح بنائیں کہ وہ سب کے لئے قابل رسائی، منتخب کرنے میں آسان اور انہیں سرچ کرنا آسان ہو ۔

پیکیجنگ میں بہتری کی ضرورت کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے، جناب گوئل نے کہا کہ ہر او ڈی او پی پروڈکٹ کی اپنی کہانی اور خصوصیات ہیں ، جن کو اجاگر کیا جانا چاہیئے ۔ جناب گوئل نے کہا کہ جی ای ایم کا دورہ کرنے اور کیٹلاگ بنانے میں بنکروں/ کاریگروں کی مدد کرنے کے لئے تربیتی سیشن منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ٹریننگ کے لئے کامن سروس سینٹرز اور پوسٹ آفس سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

زیادہ بین الاقوامی شرکت پر زور دیتے ہوئے ، مرکزی وزیر نے کہا کہ او ڈی او پی کو بین الاقوامی نمائشوں، تقریبات، میٹنگوں اور کانفرنسوں کا حصہ بنایا جانا چاہیئے۔ انہوں نے بھارتی مشنوں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بین الاقوامی سطح پر او ڈی او پی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہو۔

جناب گوئل نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو تہواروں اور تقریبات کے موقع پر اپنے دوستوں اور کنبہ والوں کو کم از کم ایک او ڈی او پی پروڈکٹ تحفہ میں دینے پر غور کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ اس امرت کے دور میں خود کفیل بھارت کے ہمارے اجتماعی ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ، اس منصوبے کو مکمل کرنے کا یہ صحیح وقت ہے۔

تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی او ڈی او پی مصنوعات ، جی ای ایم کے اسٹور فرنٹ پر 75 زمروں میں دستیاب ہے ۔ اس اسٹور فرنٹ کا مقصد مختلف وزارتوں، سرکاری اداروں اور غیر ملکی مشنوں کے ذریعے تحائف/دفتری استعمال کے لئے او ڈی او پی مصنوعات کی براہ راست خریداری کو قابل رسائی بنانا ہے۔  اس سے بھارت کی مالا مال اور متنوع مصنوعات کے لئے  بین الاقوامی شائقین   کو رسائی حاصل ہو سکے گی ۔

اس موقع پر موجود صنعت اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے محکمے کے سکریٹری  ( ڈی پی آئی آئی ٹی ) جناب انوراگ جین نے ، اُن طریقوں کو اجاگر کیا ، جن سے او  ڈی او پی کی پہل دست کاروں ، خواتین، کاریگروں اور کسانوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کا کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے نمائشوں ، خریدار اور فروخت کار کی میٹنگوں اور رجسٹریشن کی مہم سمیت ، اُن کئی پروگراموں کے بارے میں بتایا ، جو فروغ دینے کے لئے کئے جا رہے ہیں ۔

اس تقریب میں ، حکومتِ ہند کے کئی سکریٹریز، ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی حکومتوں کے سینئر عہدیدار، کئی صنعتی انجمنیں اور دیگر مندوبن موجود تھے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا )

U. No. 9641


(Release ID: 1855363) Visitor Counter : 179