وزیراعظم کا دفتر
احمد آباد کے کھادی اتسو میں وزیر اعظم کے خطاب کا متن
Posted On:
27 AUG 2022 9:28PM by PIB Delhi
27 اگست 2022:
گجرات کے ہر دل عزیز وزیر اعلیٰ جناب بھوپیندر بھائی پٹیل، پارلیمنٹ میں میرے ساتھی جناب سی آر پاٹل جی، گجرات سرکار میں وزرا بھائی جگدیش پنچل ، ہرش سنگھوی، احمد آباد کے میئر کریت بھائی، کے وی آئی سی کے چیئرمین منوج جی، دیگر معززین اور گجرات کے کونے کونے سے آئے میرے پیارے بھائی اور بہنو۔
سابرمتی کا یہ کنارہ آج دھنیہ ہو گیا ہے۔ آزادی کے "پچھتر" سال کی تکمیل کے موقع پر 'پچھتر سو' بہنوں اور بیٹیوں نے مل کر چرخے پر سوت کات کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔اس موقع پر مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ میں نے کچھ وقت چرخے پر اپنا ہاتھ آزمایا اور سوت کاتنے کا شرف بھی حاصل کیا۔ میرے لیے آج ان چرخوں کو چلانا جذباتی لمحات تھے جو مجھے اپنے بچپن کی یادوں کی طرف لے گئے ، یہ ساری چیزیں ہمارے چھوٹے سے گھر میں رہتی تھیں، ایک کونے میں ، اور ہماری ماں اضافی کمائی کے مدنظر جب بھی وقت ملتا سوت کاتنے بیٹھ جایا کرتی تھیں۔ آج وہ تصویر میری ذہن میں ایک بار پھر ابھر آئی۔ اور جب میں ان تمام چیزوں کو دیکھتا ہوں، آج یا اس سے پہلے بھی، کبھی کبھی مجھے لگتا ہے کہ جس طرح ایک بھکت بھگوان کی پوجا کرتا ہے، پوجا کا سامان استعمال کرتا ہے، ایسا لگتا ہے کہ سوت کاتنے کا عمل بھی گویا بھگوان کی پوجا سے کم نہیں ہے۔
جس طرح تحریک آزادی میں چرکھا ملک کی دھڑکن بن چکی تھی، آج میں یہاں سابرمتی کے کنارے بھی یہی دھڑکن محسوس کر رہا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ یہاں موجود ہر شخص، اس تقریب کو دیکھنے والے تمام لوگ آج یہاں کھادی تہوار کی توانائی محسوس کر رہے ہوں گے۔ آزادی کے امرت مہوتسو میں ملک نے آج کھادی فیسٹیول کا انعقاد کرکے اپنے مجاہدین آزادی کو ایک بہت خوبصورت تحفہ دیا ہے۔ آج گجرات اسٹیٹ کھادی ولیج انڈسٹریز بورڈ کی نئی عمارت اور سابرمتی ندی پر واقع عظیم الشان اٹل پل کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔ میں احمد آباد کے عوام، گجرات کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آج جب ہم اس نئے مرحلے پر آگے بڑھ رہے ہیں تو ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
ساتھیو
اٹل پل نہ صرف سابرمتی دریا کو دو کناروں سے جوڑ رہا ہے بلکہ یہ ڈیزائن اور اختراع میں بھی بے نظیر ہے۔ اس کے ڈیزائن میں گجرات کے مشہور پتنگ میلے کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ گاندھی نگر اور گجرات نے ہمیشہ اٹل جی کو بہت پیار دیا تھا۔ 1996 میں اٹل جی نے گاندھی نگر سے لوک سبھا انتخابات میں ریکارڈ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ یہ اٹل پل بھی یہاں کے لوگوں کی طرف سے ان کے لیے ایک جذباتی خراج عقیدت ہے۔
ساتھیو
چند روز قبل گجرات سمیت پورے ملک میں آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر امرت مہوتسو کو بڑے جوش و خروش سے منایا گیا ہے۔ گجرات میں بھی ہم نے ہر گھر، ہر گاؤں، گلی اور چاروں طرف من بھی ترنگا، تن بھی ترنگا، جن بھی ترنگا، جذبہ بھی ترنگا، اس کی جھلکیاں بڑے جذبے سے دیکھی ہیں۔ یہاں جو ترنگا ریلیاں ہوئیں، پربھات پھیریاں نکلیں، یہ نہ صرف حب الوطنی کا جوار تھا بلکہ امرت دور میں ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کا عزم بھی تھا۔ آج یہاں کھادی فیسٹیول میں بھی یہی عزم نظر آ رہا ہے۔ چرخے پر سوت کاتنے والے آپ کے ہاتھ مستقبل کے بھارت کے تانے بانے بن رہے ہیں۔
ساتھیو
تاریخ گواہ ہے کہ کھادی کا ایک دھاگا غلامی کی زنجیریں توڑکر تحریک آزادی کی طاقت بن گیا۔ کھادی کا یہی دھاگا ایک خود کفیل بھارت کے خواب کو پورا کرنے، ترقی یافتہ بھارت کی امنگوں کی تکمیل کے لیے تحریک کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ چراغ کی طرح، چاہے وہ کتنا ہی چھوٹا کیوں نہ ہو، اندھیرے کو شکست دیتا ہے۔ کھادی جیسی ہماری روایتی طاقت بھی بھارت کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی تحریک بن سکتی ہے۔ اور اس لیے کھادی کا یہ تہوار تحریک آزادی کی تاریخ کو زندہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔ کھادی کا یہ تہوار مستقبل کے روشن بھارت کے عزم کو پورا کرنے کے لیے ایک تحریک ہے۔
ساتھیو
اس بار 15 اگست کو لال قلعے سے میں نے پنچ پرانوں کی بات کہی ۔ آج سابرمتی کے کنارے، اس پنیہ بہاؤ کے سامنے، اس مقدس مقام پر، میں پنچ پرانوں کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں۔ پہلا: ملک کے سامنے بہت بڑا مقصد، ایک ترقی یافتہ بھارت کی تشکیل کا مقصد، دوسرا : غلامی کی ذہنیت کو مکمل طور پر ترک کرنا، تیسرا : اپنے ورثے پر فخر، چوتھا : قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی مضبوط کوششیں ، اور پانچواں: ہر شہری کا فرض۔
آج کا کھادی تہوار ان پنچ پرانوں کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے۔ کھادی کے اس تہوار کے بہت بڑے مقصد میں ، اپنے ورثے پر فخر ، عوامی حصے داری ، اپنا فرض ، سب کچھ شامل ہے، یہ ہر ایک کا امتزاج ہے۔ ہماری کھادی بھی غلامی کی ذہنیت کا شکار رہی ہے۔ تحریک آزادی کے دوران جس کھادی نے ہمیں دیسی محسوس کرایا، آزادی کے بعد اسی کھادی کو حقارت سے دیکھا گیا۔ تحریک آزادی کے وقت گاندھی جی نے جس کھادی کو ملک کی عزت بنایا تھا، وہی کھادی آزادی کے بعد احساس کمتری سے مملو ہوگئی ۔ اس کی وجہ سے کھادی اور کھادی سے وابستہ گاؤں کی صنعت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ خاص طور پر گجرات کے لیے کھادی کی یہ صورتحال بہت تکلیف دہ تھی کیونکہ گجرات کا کھادی کے ساتھ بہت خاص تعلق ہے۔
ساتھیو
مجھے خوشی ہے کہ گجرات کی اس سرزمین نے کھادی کو ایک بار پھر زندگی دینے کا کام کیا ہے۔ مجھے یاد ہے کہ 2003 میں ہم نے کھادی کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے گاندھی جی کی جائے پیدائش پوربندر سے ایک خصوصی مہم شروع کی تھی۔ پھر ہم نے کھادی فار نیشن کے ساتھ کھادی فار فیشن کا عزم کیا۔ گجرات میں کھادی کی تشہیر کے لیے کئی فیشن شوز کا انعقاد کیا گیا، مشہور شخصیات اس سے وابستہ تھیں۔ لوگ ہمارا مذاق اڑاتے تھے، ہماری توہین بھی کرتے تھے۔ لیکن کھادی اور گرام ادیوگ سے غفلت گجرات کو قابل قبول نہیں تھی۔ گجرات لگن کے ساتھ آگے بڑھتا رہا اور اس نے کھادی کو نئی زندگی دینے کی ٹھانی اور یہ کرکے دکھایا بھی۔
2014 میں جب آپ نے مجھے دہلی جانے کا حکم دیا تو میں نے گجرات سے تحریک کو مزید آگے بڑھایا، اسے مزید وسعت دی۔ ہم نے کھادی فار نیشن ، کھادی فار فیشن میں کھادی فار ٹرانسفارمیشن کو شامل کیا۔ ہم نے ملک بھر میں گجرات کی کامیابی کے تجربات کو توسیع دینا شروع کیا۔ ملک بھر میں کھادی سے متعلق تمام مسائل کو دور کیا گیا۔ ہم نے اہل وطن کو کھادی مصنوعات خریدنے کی ترغیب دی۔ اور اس کا نتیجہ آج دنیا دیکھ رہی ہے۔
آج بھارت کے سرفہرست فیشن برانڈز خود کھادی میں شامل ہونے کے لیے آگے آرہے ہیں۔ آج بھارت میں کھادی کی ریکارڈ پیداوار ہے، ریکارڈ فروخت ہو رہی ہے۔ کھادی کی فروخت میں گزشتہ 8 سالوں میں 4 گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ آج پہلی بار بھارت کی کھادی اور گرام ادیوگ کا کاروبار ایک لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ کھادی کی اس فروخت سے آپ کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے، میرے گاؤں میں رہنے والے کھادی سے وابستہ بھائیوں اور بہنوں کو فائدہ ہوا ہے۔
کھادی کی فروخت میں اضافے کی وجہ سے دیہاتوں میں زیادہ رقم گئی ہے، دیہاتوںمیں زیادہ لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ خاص طور پر ہماری ماؤں اور بہنوں کو بااختیار بنایا گیا ہے۔ گزشتہ 8 سالوں میں صرف کھادی اور گرام ادیوگ میں 2 کروڑ نئی ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔ اور ساتھیو، گجرات میں اب سبز کھادی کی مہم بھی چل پڑی ہے۔ کھادی اب یہاں شمسی چرخے سے بنائی جارہی ہے، کاریگروں کو شمسی چرخے دیے جارہے ہیں۔ یعنی گجرات ایک بار پھر نیا راستہ دکھا رہا ہے۔
ساتھیو
بھارت کی کھادی صنعت کی بڑھتی ہوئی طاقت میں خواتین کی طاقت بھی بہت بڑا حصہ دار ہے۔ انٹرپرینیورشپ کا جذبہ ہماری بہنوں اور بیٹیوں میں پیوست ہے۔ اس کا ثبوت گجرات میں سکھی منڈلوں کی توسیع بھی ہے۔ ایک دہائی قبل ہم نے گجرات میں بہنوں کو بااختیار بنانے کے لیے مشن منگلم کا آغاز کیا تھا۔ آج گجرات میں بہنوں کے 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد سیلف ہیلپ گروپ تشکیل دیے گئے ہیں۔ ان سے 26 لاکھ سے زیادہ دیہی بہنیں وابستہ ہیں۔ ان سکھی منڈلوں کو ڈبل انجن حکومت سے بھی ڈبل مدد مل رہی ہے۔
ساتھیو
بہنوں اور بیٹیوں کی طاقت اس امرت دور میں حقیقی اثر پیدا کرنے والی ہے۔ یہ ہماری کوشش ہے کہ ملک کی بیٹیاں زیادہ سے زیادہ تعداد میں روزگار میں شامل ہوں، اپنے من پسند کام کریں۔ مدرا اسکیم اس میں بہت بڑا کردار ادا کر رہی ہے۔ ایک وقت تھا جب بہنوں کو چھوٹے قرضے حاصل کرنے کے لیے بھی ایک جگہ جگہ چکر کاٹنے پڑتے تھے۔ آج مدرا اسکیم کے تحت 50 ہزار سے 10 لاکھ روپے تک کے قرضے بغیر ضمانت کے دیے جا رہے ہیں۔ ملک میں کروڑوں بہنوں اور بیٹیوں نے مدرا اسکیم کے تحت قرض لے کر پہلی بار اپنا کاروبار شروع کیا ہے۔ یہی نہیں ایک یا دو افراد کو روزگار بھی دیا گیا ہے۔ ان میں سے بہت سی خواتین کھادی گرام ادیوگ سے بھی وابستہ ہیں۔
ساتھیو
یہ بہت اہم ہے کہ ہماری مصنوعات ماحول دوست ہوں، ماحول کو نقصان نہ پہنچائیں۔ آپ سب جو یہاں کھادی میلے میں آئے ہیں وہ سوچ رہے ہوں گے کہ میں پائیدار ہونے پر اتنا زور کیوں دے رہا ہوں۔ اس کی وجہ ہے کہ کھادی پائیدار لباس کی ایک مثال ہے۔ کھادی ماحول دوست لباس کی ایک مثال ہے۔ کھادی کاربن فٹ پرنٹ کو کم سے کم کرتی ہے۔ بہت سے ممالک ایسے ہیں جہاں درجہ حرارت زیادہ ہے، کھادی صحت کے نقطہ نظر سے بھی بہت اہم ہے۔ چنانچہ کھادی آج عالمی سطح پر بہت بڑا کردار ادا کر سکتی ہے۔ بس ہمیں اپنی اس وراثت پر فخر ہونا چاہیے۔
آج کھادی سے وابستہ آپ سب کے لیے ایک بہت بڑا بازار تیار کیا گیا ہے۔ ہمیں اس موقع کو گنوانا نہیں ہے۔ میں وہ دن دیکھ رہا ہوں جب بھارت کی کھادی دنیا کی ہر بڑی سپر مارکیٹ پر، کپڑے کی منڈی میں حاوی ہوگی۔ آپ کی محنت، آپ کا پسینہ، اب دنیا میں چھا جانے والا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے درمیان کھادی کی مانگ میں اب تیزی سے اضافہ ہونے والا ہے۔ کوئی طاقت کھادی کو لوکل سے گلوبل ہونے سے نہیں روک سکتی۔
ساتھیو
آج سابرمتی کے کنارے سے میں ملک بھر کے لوگوں سے بھی اپیل کرنا چاہتا ہوں۔ آنے والے تہواروں میں اس بار صرف کھادی گرام ادیوگ میں تیار کردہ مصنوعات تحفے میں دیں۔ آپ گھر میں مختلف اقسام کے کپڑے سے بنے کپڑے بھی لے سکتے ہیں، لیکن اگر آپ اس میں کھادی کو تھوڑی سی جگہ دیں گے، تو آپ ووکل فار لوکل مہم میں اپنا کردار ادا کریں گے، اس سے ایک غریب شخص کی زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اگر آپ میں سے کوئی بیرون ملک رہ رہا ہے، کسی رشتہ دار یا دوست کے پاس جا رہا ہے، تو اسے بھی کھادی مصنوعات کو تحفے کے طور پر لے جانا چاہیے۔ اس سے نہ صرف کھادی کو فروغ ملے گا بلکہ دوسرے ممالک کے شہریوں میں کھادی کے بارے میں بھی بیداری پیدا ہوگی۔
ساتھیو
جو قوم اپنی تاریخ بھول جاتی ہے وہ نئی تاریخ کبھی نہیں بناسکتی۔ کھادی ہماری تاریخ، ہمارے ورثے کا لازمی حصہ ہے۔ جب ہمیں اپنے ورثے پر فخر ہوتا ہے تو دنیا بھی اس کا اتناہی احترام کرتی ہے۔ اس کی ایک مثال بھارت کی کھلونا صنعت ہے۔ کھلونے، بھارتی روایات پر مبنی کھلونے بھی فطرت کے لیے اچھے ہیں، بچوں کی صحت کو نقصان نہیں پہنچاتے۔ لیکن گزشتہ دہائیوں میں غیر ملکی کھلونوں کے مقابلے میں بھارت کی اپنی ثروت مند کھلونا صنعت تباہ ہو رہی تھی۔
حکومت کی کوششوں سے کھلونا صنعتوں سے وابستہ ہمارے بھائیوں اور بہنوں کی محنت نے اب صورتحال کو بدلنا شروع کردیا ہے۔ اب بیرون ملک سے درآمد کیے جانے والے کھلونوں میں زبردست کمی آئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی کھلونے زیادہ سے زیادہ عالمی منڈیوں میں اپنی جگہ بنا رہے ہیں۔ اس سے ہماری چھوٹی صنعتوں، کاریگروں، کارکنوں، وشوکرما معاشرے کے لوگوں کو فائدہ ہوا ہے۔
ساتھیو
حکومت کی کوششوں، دستکاری کی برآمد، ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ آج دو لاکھ سے زائد بنکر اور دستکاری کاریگر جی ای ایم پورٹل سے جڑے ہوئے ہیں اور آسانی سے اپنا سامان حکومت کو فروخت کر رہے ہیں۔
ساتھیو
کورونا کے اس بحران میں بھی ہماری حکومت کاٹیج انڈسٹری سے وابستہ ہمارے دستکاری کاریگروں، بنکروں، بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ چھوٹے پیمانے کی صنعتوں، ایم ایس ایم ایز کو مالی امداد فراہم کرکے حکومت نے کروڑوں ملازمتوں کو ضائع ہونے سے بچایا ہے۔
بھائیو اور بہنو،
امرت مہوتسو کا آغاز گذشتہ سال مارچ میں ڈانڈی یاترا کی سالگرہ پر سابرمتی آشرم سے ہوا تھا۔ امرت مہوتسو اگلے سال اگست 2023 تک جاری رہنے والا ہے۔ میں گجرات حکومت کھادی سے وابستہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کو اس عظیم الشان تقریب کے لیے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امرت مہوتسو میں ہمیں اس طرح کی تقریبات کے ذریعے نئی نسل کو تحریک آزادی سے متعارف کرواتے رہنا ہوگا۔
میں آپ سب سے اپیل کرنا چاہتا ہوں، آپ نے دیکھا ہوگا کہ دوردرشن پر سوراج سیریل شروع ہوا ہے۔ آپ ملک کی آزادی کے لیے، ملک کی عزت کے لیے، ملک کے کونے کونے میں کیا جدوجہد ہوئی تھی، کیا قربانیاں دی گئیں، اس سیریل میں تحریک آزادی سے متعلق کہانیاں بڑی تفصیل سے دکھائی جارہی ہیں۔ آج کی نوجوان نسل اتوار کو دوردرشن پر شاید رات نو بجے آتی ہے، اس سوراج سیریل کو پورے خاندان کو دیکھنا چاہیے ۔ ہماری آنے والی نسل کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے اجداد نے ہمارے لیے کیا کیا برداشت کیا ہے۔ اس خواہش کے ساتھ کہ ملک میں حب الوطنی، قوم کے شعور اور خود انحصاری کا یہ احساس بڑھتا رہے، میں ایک بار پھر آپ سب کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں!
میں خاص طور پر آج اپنی ان ماؤں اور بہنوں کو سلام کرنا چاہتا ہوں کیونکہ چرخہ چلانا بھی ایک طرح کی پوجا ہے۔ پوری توجہ سے، یوگیوں والے جذبے کے ساتھ، یہ مائیں اور بہنیں قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ اور اتنی بڑی تعدادمیں تاریخ میں پہلی بار یہ واقعہ رونما ہوا ہوگا۔ تاریخ میں پہلی بار۔
جو لوگ برسوں سے اس خیال سے وابستہ ہیں وہ اس تحریک سے وابستہ ہیں۔ میں ایسے تمام دوستوں سے درخواست کرتا ہوں کہ جس طرح آپ نے اب تک کام کیا ہے، جس طرح آپ نے کام کیا ہے، آج حکومت ہند کی جانب سے مہاتما گاندھی کی ان اقدار کی بحالی کے لیے کو کوششیں ہورہی ہیں ان کو سمجھا جانا چاہیے۔ اسے قبول کرکے آگے بڑھنے میں مدد ملے۔ اس کے لیے میں ایسے تمام ساتھیوں کو مدعو کر رہا ہوں۔
آؤ ہم سب ساتھ مل کر آزادی کے امرت مہوتسو میں پوجیہ باپو نے جو عظیم روایت پیدا کی ، جو روایت بھارت کے روشن مستقبل کی بنیاد بن سکتی ہے، اس میں اپنی پوری طاقت لگائیں، اس کی طاقت میں اضافہ کریں، اپنا فرض ادا کریں اور اپنے ورثے پر فخر کریں اور آگے بڑھیں۔ اس توقع کے ساتھ، ایک بار پھر میں آپ سب ماؤں اور بہنوں کے سامنے ادب سے نمن کرتا ہوں اور اپنی بات ختم کرتا ہوں۔
شکریہ!
ڈسکلیمر: وزیر اعظم کے خطاب کے کچھ اقتباسات گجراتی زبان میں بھی ہیں جن کے مفہوم کا ترجمہ کیا گیا ہے۔
***
(ش ح – ع ا – ع ر)
U. No. 9599
(Release ID: 1854928)
Visitor Counter : 203
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Assamese
,
Bengali
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Malayalam