وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے 2022 کے دولت مشترکہ کھیلوں کے ہندوستانی دستے کو مبارکباد دی


’کھلاڑیوں کی شاندار محنت کی وجہ سے، ملک ایک متاثر کن کامیابی کے ساتھ آزادی کے امرت عہد میں داخل ہو رہا ہے‘‘

’’کھلاڑی ملک کے نوجوانوں کو نہ صرف کھیلوں بلکہ دیگر شعبوں میں بھی بہتر خدمات انجام دینے کی ترغیب دیتے ہیں ‘‘

’’آپ لوگوں نے ملک کو فکری اور مقصدی اتحاد سے ہمکنار کیا جو کہ ہماری جدوجہد آزادی کی ایک بڑی طاقت بھی تھی‘‘

’’ترنگے کی طاقت یوکرین میں دیکھی گئی جہاں یہ نہ صرف ہندوستانیوں کے لئے بلکہ دوسرے ممالک کے شہریوں کی خاطر بھی میدانِ جنگ سے باہر نکلنے میں حفاظتی ڈھال بن گیا تھا‘‘

’’ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک کھیلوں کا ایسا ماحولیاتی نظام بنائیں جو عالمی سطح پر بہترین، جامع، متنوع اور متحرک ہو۔ کسی بھی صلاحیت کو پیچھے نہیں چھوڑنا چاہیے‘‘

Posted On: 13 AUG 2022 1:13PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نئی دہلی میں 2022 کے دولت مشترکہ کھیلوں (سی ڈبلیو جی) کے ہندوستانی دستے کو مبارکباد دی۔ تقریب میں کھلاڑیوں اور ان کے کوچوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر موجود لوگوں میں نوجوانوں کے امور، کھیل اور اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر اور نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزیر مملکت جناب نسیت پرمانک شامل تھے۔

وزیر اعظم نے برمنگھم میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز 2022 میں شاندار کارکردگی کے لیے کھلاڑیوں اور کوچز کو مبارکباد دی، جہاں ہندوستان نے مختلف شعبوں میں 22 گولڈ، 16 سلور اور 23 کانسی کے تمغے جیتے تھے۔ وزیر اعظم نے کھلاڑیوں اور کوچوں کا خیرمقدم کیا اور سی ڈبلیو جی 2022 میں ہندوستان کے کھلاڑیوں کی کامیابیوں پر بے حد فخر کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ کھلاڑیوں کی شاندار محنت کی وجہ سے ملک ایک متاثر کن کامیابی کے ساتھ آزادی کے امرت کال میں داخل ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے روشنی ڈالی کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ملک نے کھیلوں کے میدان میں دو بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دولت مشترکہ کھیلوں میں تاریخی کارکردگی کے ساتھ ساتھ ملک نے پہلی بار شطرنج اولمپیاڈ کا انعقاد کیا ہے۔ کھلاڑیوں کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ’’جب آپ سبھی برمنگھم میں مقابلہ کر رہے تھے، کروڑوں ہندوستانی یہاں ہندوستان میں رات گئے تک جاگ رہے تھے، آپ کی ہر کارروائی کو دیکھ رہے تھے۔ بہت سے لوگ الارم لگا کر سوتے تھے تاکہ وہ پرفارمنس پر اپ ڈیٹ رہیں۔ وزیراعظم نے دستے کی روانگی کے وقت اپنے وعدے کے مطابق کہا کہ ہم آج فتح کا جشن منا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے  شاندار کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تمغوں تعداد پوری کہانی کی عکاسی نہیں کرتی کیونکہ بہت سے تمغے کم سے کم مارجن سے چھوٹ گئے جن پر جلد ہی پرعزم کھلاڑی قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پچھلی بار کے مقابلے 4 نئے کھیلوں میں جیت کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔ لان باؤلز سے لے کر ایتھلیٹکس تک کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس کارکردگی سے ملک میں نئے کھیلوں کی طرف نوجوانوں کا رجحان بہت بڑھنے والا ہے۔ وزیر اعظم نے باکسنگ، جوڈو، ریسلنگ میں ہندوستان کی بیٹیوں کی کامیابیوں اور سی ڈبلیو جی  2022 میں ان کے غلبہ کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 31 تمغے ان کھلاڑیوں کی طرف سے آئے جو پہلی بار میدان مین اترے تھے جو نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی نشاندہی کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں نے نہ صرف ملک کو تمغہ تحفہ دے کرنہیں بلکہ جشن منانے اور فخر کرنے کا موقع دے کر ’ایک بھارت شریشٹھ  بھارت‘ کے عزم کو مضبوط کیا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کھلاڑی ملک کے نوجوانوں کو نہ صرف کھیلوں بلکہ دیگر شعبوں میں بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے ملک کو فکری اور مقصدی  اتحاد سے ہمکنار کیا جو کہ ہماری جدوجہد آزادی کی ایک بڑی طاقت بھی تھی۔ مجاہدینِ آزادی کی کہکشاں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ طریقوں میں فرق کے باوجود سب آزادی کا مشترکہ مقصد رکھتے تھے۔ اسی طرح ہمارے کھلاڑی ملک کے وقار کے لئے میدان میں اترتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ذکر کیا کہ ترنگے کی طاقت یوکرین میں دیکھی گئی جہاں یہ نہ صرف ہندوستانیوں کے لئے بلکہ دوسرے ممالک کے شہریوں کے لئے بھی میدان جنگ سے باہر نکلنے میں حفاظتی ڈھال بن گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کھیلو انڈیا کے مرحلے سے باہر نکل کر بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے  کھلاڑیوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹاپس (ٹارگٹ اولمپک پوڈیم سکیم) کے مثبت اثرات کا بھی ذکر کیا جو اب نظر آ رہا ہے۔ وزیر اعظم نے نئے ٹیلنٹ کو دریافت کرنے اور انہیں پوڈیم تک لے جانے کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا اور زور دے کر کہا کہ "ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک کھیلوں کا ماحولیاتی نظام بنائیں جو عالمی سطح پر بہترین، جامع، متنوع اور متحرک ہو۔ کسی بھی صلاحیت کو پیچھے نہیں چھوڑنا چاہئے"۔ وزیراعظم نے کھلاڑیوں کی کامیابی میں کوچوں، اسپورٹس ایڈمنسٹریٹروں اور معاون اسٹاف کے کردار کا بھی اعتراف کیا۔

وزیراعظم نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ ایشیائی کھیلوں اور اولمپکس کے لئے اچھی تیاری کریں۔ آزادی کا امرت مہوتسو کے موقع پر وزیر اعظم نے کھلاڑیوں اور ان کے کوچوں سے درخواست کی کہ وہ گزشتہ سال ملک کے 75 اسکولوں اور تعلیمی اداروں کا دورہ کرکے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہت سے کھلاڑیوں نے یہ کام کا ذمہ اٹھایا اور 'میٹ دی چیمپئن' مہم کے تحت اسے پورا کیا۔

انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو آگے بڑھائیں کیونکہ قوم کے نوجوان کھلاڑیوں کو رول ماڈل کے طور پر دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’آپ کی بڑھتی ہوئی پہچان، صلاحیت اور قبولیت کو ملک کی نوجوان نسل کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے۔‘‘ وزیر اعظم نے اپنے خطاب کا اختتام کھلاڑیوں کو ان کی ’وجے یاترا‘ پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا اور مستقبل کی کوششوں کے لئے ان کے حق میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم کی طرف سے یہ مبارکباد ان کی مسلسل کوششوں کا ایک حصہ ہے جس کا مقصد کھیلوں کے بڑے مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ پچھلے سال، وزیر اعظم نے ٹوکیو 2020 اولمپکس کے لئے جانے والے ہندوستانی کھلاڑیوں کے دستے اور ٹوکیو 2020 پیرالمپکس گیمز کے ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس دستے سے بات چیت کی تھی۔ دولت مشترکہ کھیلوں 2022 کے دوران بھی وزیر اعظم نے ایتھلیٹس کی ترقی میں گہری دلچسپی لی اور انہیں بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دیتے ہوئے ان کی کامیابی اور مخلصانہ کوششوں پر مبارکباد دی۔

سی ڈبلیو جی 2022 برمنگھم میں 28 جولائی سے 08 اگست 2022 تک منعقد ہوا۔ کل 215 کھلاڑیوں نے 19 کھیلوں کے شعبوں میں 141 مقابلوں میں حصہ لیا۔ ہندوستان نے مختلف شعبوں میں 22 طلائی، 16 نقرئی اور 23 کانسے کے تمغے جیتے۔

*****

U.No:9106

ش ح۔رف ۔س ا



(Release ID: 1851565) Visitor Counter : 183