صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے ’مائی ہوم انڈیا‘ کے زیر اہتمام یووا سمیلن کو شرف بخشا ،
ہمارے ملک کا مستقبل نوجوانوں کے جذبے اور عزم پر منحصر ہے: صدر کووند
Posted On:
09 JUL 2022 1:59PM by PIB Delhi
نئی دہلی،9 جولائی 2022/
صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج (9 جولائی 2022) نئی دہلی میں ’مائی ہوم انڈیا‘ کے زیر اہتمام یووا سمیلن میں شرکت کی اور خطاب کیا۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا حال اور مستقبل دونوں ہوتے ہیں۔ ان کی قابلیت اور صلاحیت و ہنر مندی ملک کا سر فخر سے بلند کرنے میں خاص کردار ادا کرتی ہے۔ اس لیے یہ کہنا مناسب ہو گا کہ آج کا نوجوان کل کی تاریخ کا خالق ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ دنیا میں، ہندوستان میں نوعمروں اور نوجوانوں کی سب سے زیادہ آبادی ہے۔ اسے ’ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ‘ کہا جاتا ہے جو ہمارے ملک کے لیے ایک موقع ہے۔ ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔ ہمارا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ہمارے نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔ ہمارے ملک کا مستقبل نوجوانوں کے جذبے اور عزم پر منحصر ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ ہندوستانی نوجوانوں نے اپنی قابلیت اور محنت سے کئی اسٹارٹ اپس کی بنیاد رکھی ہے۔ آج کا نوجوان نوکری کا متلاشی ہونے کے بجائے نوکریوں کا تخلیق کار بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ نوجوان کسی قسم کی مہارت حاصل کریں اور اسی مہارت کی بنیاد پر اپنے کیریئر کا انتخاب کریں۔ آج کا دور اسپیشلائزیشن (خصوصیت) کا دور ہے۔ صرف ٹیکنالوجی اور مہارت ہی ہمارے نوجوانوں کو اوپر لے جا سکتی ہے۔
صدرجمہوریہ نے نوٹ کیا کہ 29 جون 2022 تک، ہندوستان میں 103 یونیکارن قائم ہو چکے ہیں، جن کی کل قیمت تقریباً 336 بلین ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ہر 10 میں سے 1 یونیکارن ہندوستان میں ہے۔ انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ مئی 2022 تک، دنیا بھر میں 47 کمپنیوں نے ڈیکاکورن کا درجہ حاصل کیا ہے جن میں چار ہندوستانی اسٹارٹ اپ ہیں اور ان میں سے تین نوجوان چلا رہے ہیں۔ کووڈ-19 کے دوران بھی ہندوستان میں یونیکارن کی تعداد میں اضافے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس وبائی بیماری نے عالمی سطح پر بہت زیادہ سماجی و اقتصادی مصائب کا سامنا کیا ہے، لیکن اس دوران بھی ہمارے نوجوان کاروباریوں نے ہمت اور ہنر کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے ملک کی ثقافت اور تہذیب بہت قدیم ہے۔ اور زمانہ قدیم سے ہم نے تنوع میں اتحاد (انیکتا میں ایکتا) کا اصول اپنایا ہے۔ ہندوستان کی سرزمین ہمیشہ سے مختلف تہذیبوں اور روایات سے آراستہ رہی ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ’مائی ہوم انڈیا‘اپنے مختلف اقدامات کے ذریعے قومی یکجہتی اور سالمیت کے جذبے کو پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو قوم پرستی سے روشناس کرانے کے لیے یوتھ کانفرنس ایک قابل تحسین کاوش ہے۔ انہوں نے ’ون انڈیا‘ اور ’کرم یوگی‘ جیسے ایوارڈز قائم کرنے کے لیے’مائی ہوم انڈیا‘ کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ این جی او بہت سے سماجی کاموں میں بھی مصروف ہے۔
صدر کی ہندی میں تقریر دیکھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں۔
https://static.pib.gov.in/WriteReadData/specificdocs/documents/2022/jul/doc20227969401.pdf
***********
ش ح۔ ش ت۔ج
Uno-7402
(Release ID: 1840357)
Visitor Counter : 205