خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت

قومی خواتین کمیشن نے منتخب خواتین نمائندوں کے لیے صنفی اعتبار سے جوابدہ حکمرانی پر ورکشاپ کا انعقاد کیا

Posted On: 22 JUN 2022 4:37PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  22/جون 2022 ۔ قومی خواتین کمیشن (این سی ڈبلیو) نے خواتین نمائندوں کی قائدانہ صلاحیت کو سبھی سطحوں پر بہتر بنانے کے لیے کمیشن کے ملک گیر صلاحیت سازی پروگرام ’شی اِز اے چینج میکر‘ پروجیکٹ کے تحت منتخب خواتین نمائندوں (ایم ایل اے) کے لیے صنفی اعتبار سے جواب دہ طرز حکمرانی پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

تین روزہ ورکشاپ کا اہتمام ہماچل پردیش کے دھرم شالہ میں لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن (ایل بی ایس این اے اے) اور ایل بی ایس این اے اے کے نیشنل جینڈر اینڈ چائلڈ سنٹر کے تعاون سے 22 سے 24 جون 2022 تک کیا گیا ہے۔ ورکشاپ میں خواتین اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ مختلف سیشن میں صنفی اعتبار سے جوابدہ طرز حکمرانی کے بارے میں تربیت دی جائے گی، جیسے کہ ’مؤثر قیادت‘، ’شمولیت پر مبنی طرز حکمرانی‘، ’عورتوں اور نوعمروں کی اسمگلنگ پر خصوصی توجہ کے ساتھ صنف پر مبنی تشدد کا جائزہ‘، ’صنفی اعتبار سے حساس اور شمولیت پر مبنی کمیونی کیشن‘، ’جذباتی ذہانت‘ وغیرہ۔ ورکشاپ میں اتر پردیش، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کی ریاستوں سے 29 شرکاء حصہ لے رہے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001KXZM.jpg

اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے آج افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں، انھوں نے خواتین اراکین اسمبلی کو اپنے قیمتی تجربات اور حقیقی زندگی کی مثالوں سے تحریک دلائی۔ انھوں نے عوامی نمائندے کی زندگی میں نظم و ضبط کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نچلی سطح پر افسران کے ساتھ بہتر تال میل بالخصوص گرام پنچایت سماج کے ہر فرد کو مؤثر ترقی کو فروغ دینے کے لیے، انتہائی ضروری ہے۔ انھوں نے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور شرکاء سے کہا کہ ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘ کے لیے جدوجہد کریں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002M7JU.jpg

اپنا کلیدی خطبہ دیتے ہوئے این سی ڈبلیو کی  چیئرپرسن محترمہ ریکھا شرما نے کہا کہ اس ورکشاپ کا انعقاد ’بااختیار خواتین کی قیادت، بااختیار جمہوریت‘ (امپاورڈ ویمن لیڈرشپ، امپاورڈ ڈیموکریسی) کے خیال کے ساتھ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کے خاکے کی تیاری اور اس کے فروغ دینے کا مقصد خواتین لیڈروں کی استعداد کار کو فروغ دینا ہے۔

’شی اِز اے چینج میکر‘ پروجیکٹ کے تحت، کمیشن نے خواتین نمائندوں کے لیے علاقہ وار تربیتی اداروں کے ساتھ مل کر صلاحیت سازی کا پروگرام ترتیب دیا ہے، جس کا مقصد ان کی فیصلہ سازی، کمیونی کیشن اسکل، مؤثر انتظام وغیرہ کو بہتر بنانا ہے۔ کمیشن نے 8 ریاستوں میں 49 تربیتی بیچوں کا اہتمام کیا ہے، جس کے تحت اب تک پنچایتی راج اداروں/شہری مقامی اداروں کی تقریباً 1700 خواتین نمائندوں کو تربیت دی گئی ہے۔

 

******

 

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO.6789

22.06.2022



(Release ID: 1836366) Visitor Counter : 151