صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

ملک کی 11 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 19 جون 2022 سے پولیو کی خوراک دینے کا ذیلی قومی دن منایا جائے گا


پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 3.9 کروڑ بچوں کو بوتھ، گھر گھر، موبائل اور ٹرانزٹ ٹیموں کے ذریعے پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

بچوں کو اضافی تحفظ فراہم کرنے کے لئے حکومت ہند نے اپنے معمول کے امیونائزیشن پروگرام میں انجیکشن ایبل غیر فعال پولیو وائرس ویکسین کا آغاز کیا ہے

Posted On: 18 JUN 2022 1:12PM by PIB Delhi

پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے ملک کی 11 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام خطوں بہار، چنڈی گڑھ، دہلی، گجرات، ہریانہ، جھارکھنڈ، مہاراشٹر، پنجاب، راجستھان، اتراکھنڈ، اور مغربی بنگال میں 19 جون 2022 سے پولیو کی خوراک دینے کا ذیلی قومی دن منایا جا رہا ہے۔

اس پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 3.9 کروڑ بچوں کو بوتھ، گھر گھر، موبائل اور ٹرانزٹ ٹیموں کے ذریعے پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ بچوں کو اضافی تحفظ فراہم کرنے کے لئے حکومت ہند نے اپنے معمول کے امیونائزیشن پروگرام میں انجیکشن ایبل غیر فعال پولیو وائرس ویکسین کا آغاز کیا ہے۔

ہندوستان کے ڈبلیو ایچ او کے جنوب مشرقی ایشیائی خطے کے 10 دیگر ممالک کے ساتھ  27 مارچ 2014 کو پولیو سے پاک ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔ ملک میں پولیو کے آخری کیس کی اطلاع  13 جنوری 2011 کو مغربی بنگال کے ہوڑہ سے سامنے آئی تھی۔

عالمی سطح پر پولیو اب بھی دو ملکوں افغانستان اور پاکستان میں وبائی مرض ہے۔ہر چند کہ ہندوستان کو "پولیو سے پاک" کا سرٹیفکیٹ دیدیا گیا ہے لیکن  پولیو وائرس کی اچانک باہر سےآمد یا ویکسین کے ذریعہ پولیو وائرس کے ابھرنے کا خطرہ اس وقت تک برقرار رہتا ہے جب تک کہ عالمی سطح پر اس کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ یہ اندیشہ ملک میں انتہائی آبادی کی قوتِ مدافعت کو برقرار رکھنے اور اس کی حساس نگرانی کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

ہندوستان ایک طرف جہاں یونیورسل امیونائزیشن پروگرام  کے تحت اضافی ویکسین شروع کرکے اپنے بچوں کو  ویکسین سے روکی جانے والی زیادہ سے زیادہ بیماریوں سے بچانے کی کوششیں کر رہا ہے وہیں دوسری جانب ضروری ہے کہ تمام ویکسین ملک کے ہر آخری بچے تک پہنچ بھی جائیں۔ معمول کی حفاظتی ٹیکوں کو مضبوط بنانے اور 90 فی صد سے زیادہ مکمل حفاظتی ٹیکوں کی کوریج حاصل کرنے کے لئے قومی پولیو پروگرام کے تحت سیکھے جانے والے اسباق اور قائم کردہ نظام سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔

ریاستی حکومتوں اور تنظیموں جیسے ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، روٹری انٹرنیشنل اور دیگر شراکت داروں نے نہ صرف پولیو کے خاتمے میں بلکہ معمول کے امیونائزیشن اقدامات کو بہتر بنانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

تمام والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے تحفظ کی خوراک پلائیں۔

****

U.No:6627

ش ح۔رف۔س ا



(Release ID: 1835062) Visitor Counter : 221