عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے مطابق پنشن اور پنشن یافتگان کی بہبود کا محکمہ جلد ہی پنشن یافتگان اور بزرگ شہریوں کے فائدے کے لئے مصنوعی ذہانت  سے چلنے والا کامن سنگل پنشن پورٹل کا آغاز کرے گا


مصنوعی ذہانت  سے چلنے والا یہ پورٹل مرکزی حکومت کے پنشن یافتگان اور معمر شہریوں کو خودکار طریقے سے باخبر رکھے گا تاکہ مرکزی حکومت کے پنشن یافتگان مکمل طور سے ’’آسان زندگی گزاریں‘‘

وزیر موصوف نے پنشن کی ادائیگی اور ٹریکنگ سسٹم کے لئے وقف پورٹل بھویشیہ کے استفادہ کرنے والوں سے بات چیت کی

ایک لاکھ 62 ہزار سے زیادہ کیسوں پر کارروائی کی گئی ہے یعنی پنشن کی ادائیگی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جن میں بھویشیہ کے ذریعے 96,000 سے زیادہ پنشن کی ادائیگی کے ای-احکامات شامل ہیں: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

بھویشیہ نے حال ہی میں جاری نیسدا-2021 جائزے میں مرکزی حکومت کے تمام ای-گورننس سروس ڈیلیوری پورٹلز میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے

Posted On: 15 JUN 2022 4:21PM by PIB Delhi

سائنس اور ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلائی امور کے مملکتی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج بتایا کہ پنشن اور پنشن یافتگان کی بہبود کا محکمہ جلد ہی پنشن پانے والوں اور بزرگ شہریوں کے فائدے کے لئے مصنوعی ذہانت  سے چلنے والا کامن سنگل پنشن پورٹل کا آغاز کرے گا جو پنشن کی بے خلل پروسیسنگ، ٹریکنگ اور تقسیم میں بھی معاون ہو گا۔

پنشن کی ادائیگی اور ٹریکنگ سسٹم کے لئے ایک پورٹل بھویشیہ سے استفادہ کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ  یہ پورٹل وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’سب کے لئے زندگی میں آسانی‘‘ کے نصب العین کے مطابق ہے اور مصنوعی ذہانت سے چلنے والا یہ پورٹل پنشن پانے والوں اور ملازمت سے سبکدوش بزرگ شہریوں کو خودکار الرٹ بھیجے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پورٹل نہ صرف ملک بھر کے پنشن پانے والوں اور ان کے متعلقین کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم کر سکے گا بلکہ ان کے ان پٹ، تجاویز اور فوری جواب کے لئے شکایات بھی باقاعدگی سے وصول کرے گا۔

نیم فوجی خدمات سے تعلق رکھنے والے اور ملازمت سے فارغ ہونے والے بیشتر بزرگ شہریوں نے بھویشیہ پلیٹ فارم کے ذریعے فوری پنشن پروسیسنگ کی ستائش کی اور مرکزی وزیر کا اس طرح کی ہموار خدمت کے لئے شکریہ ادا کیا۔ بینکنگ کی طرف سے کچھ  رکاوٹوں کو وزیر کے نوٹس میں لایا گیا تھا جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مقررہ ذمہ داری کے ساتھ مصنوعی ذہانت والے پورٹل میں خود بخود ان کا خیال رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ شفافیت، ڈیجیٹائزیشن اور خدمات کی فراہمی کے مودی حکومت کے مقصد کے مطابق بھویشیہ نے پنشن پروسیسنگ اور ادائیگی کے اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائزیشن کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے افسران کو مشورہ دیا کہ وہ باقاعدہ وقفوں سے قبل از ریٹائرمنٹ ورکشاپس منعقد کریں تاکہ ان کی مشاورت کی جاسکے اور ان کے تجربات سے سیکھیں۔ وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پنشن اصلاحات نہ صرف گورننس اصلاحات ہیں بلکہ اس کے بڑے مثبت سماجی مضمرات ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مرکزی حکومت کے تمام ای گورننس سروس ڈیلیوری پورٹلز میں حال ہی میں جاری کردہ نیشنل ای گورننس سروس ڈیلیوری اسیسمنٹ 2021 کے مطابق بھویشیہ کے  تیسرا مقام حاصل کرنے پر پنشن اور پنشن پانے والوں کی بہبود کے محکمے کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ درجہ بندی رسائی، مواد کی دستیابی، استعمال میں آسانی، انفارمیشن سیکیورٹی اور پرائیویسی، اینڈ سروس ڈیلیوری، انٹیگریٹڈ سروس ڈیلیوری، اسٹیٹس اور درخواست کی ٹریکنگ پر مبنی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ایک چھوٹا محکمہ ہونے کے ناطے یہ واقعی ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ این آئی سی کی خدمات کا استعمال کرتے ہوئے یہ کام آؤٹ سورسنگ پر بھاری رقم خرچ کئے بغیر مکمل طور پر اندرون ملک کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ 01.01.2017 سے مرکزی حکومت کے تمام محکموں کے لئے ’بھویشیہ‘ پلیٹ فارم کو لازمی قرار دیدیا گیا تھا۔ یہ نظام اب 97 وزارتوں/محکموں کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کامیابی سے لاگو کیا جا رہا ہے جس میں 815 منسلک دفاتر اور 7,852 ڈی ڈی اوز شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آج تک 1,62,000 سے زیادہ کیسز پر کارروائی ہو چکی ہے یعنی پنشن کی ادائیگی کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں جن میں 96,000 سے زیادہ ای-احکامات شامل ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھویشیہ 8.0 اس نئی خصوصیت کے ساتھ اگست 2020 میں ڈیجی لاکر میں ای پی پی او کو آگے بڑھانے کے لئے جاری کیا گیا تھا۔ بھویشیہ ڈیجی لاکر آئی ڈی پر مبنی پش ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے والی پہلی ایپلی کیشن ہے اور آج تک 3892 ای احکامات کو ڈیجی لاکر پر پش کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھویشیہ سسٹم کو اب ایک موبائل ایپ پر بھی دستیاب کرا دیا گیا ہے۔ اس طرح اسے خاص طور پر  نیم فوجی جوانوں کے لئے آسان بنا دیا گیا ہے۔ 

پنشن اور پنشنرز کی بہبود کے محکمے کے سکریٹری جناب وی سری نواس نے کہا کہ ڈیجی لاکر میں پی پی او نئے پنشن یافتگان کو پی پی او بھیجنے میں تاخیر کو ختم کرتا ہے اور ساتھ ہی ایک فزیکل کاپی حوالے کرنے کی ضرورت کو بھی ختم کرتا ہے۔

اس بات پر غور کرتے ہوئے کہ ریٹائر ہونے والوں کی ایک بہت بڑی تعداد سی اے پی ایف والوں کی ہے جو ملک کے دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دیتے ہیں۔

ریٹائر ہونے والوں کے اپنے کاغذات آن لائن داخل کرنے سے لے کر ڈیجی لاکر میں الیکٹرانک فارمیٹ میں پی پی او جاری کئے جانے تک یہ پلیٹ فارم حکومت کی طرف سے مکمل شفافیت اور موثر کارکردگی کا عزم کا مظہر ہے۔ ہر ذمہ دار کے پاس پنشن پروسیسنگ کے اپنے حصے کو مکمل کرنے کی آخری تاریخ ہوتی ہے اور پنشن پانے والے کے موبائل پر الرٹس جاری رہتے ہیں۔ ماضی کے برعکس یہ ریٹائر ہونے والے کو ریٹائرمنٹ سے کئی مہینوں پہلے اپنی فائل کا میز در میزتک تعاقب  کرنے کی ضرورت سے نجات دلاتا ہے۔ چونکہ سافٹ ویئر میں پنشن کے تازہ ترین قواعد و ضوابط موجود ہیں اس لئے پنشن کا حساب کتاب درست اور اصول کے مطابق ہے یعنی ڈیلنگ اسٹاف کے اندازے اور ترجمانی کے مطابق نہیں۔

*****

 

U.No:6526

ش ح۔رف۔س ا



(Release ID: 1834377) Visitor Counter : 124