اقلیتی امور کی وزارتت

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب مختار عباس نقوی اور اتر پردیش کے جل شکتی وزیر جناب سوتنتر دیو سنگھ  نے آج پٹوائی، رامپور (یوپی) میں ملک کے پہلے ’’امرت سروور‘‘ کا افتتاح کیا


یہ ’’امرت سروور‘‘ نہ صرف ماحولیات کی حفاظت اور پانی کے تحفظ میں مدد کرے گا، بلکہ ارد گرد کے علاقے میں رہنے والے لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بنے گا: جناب نقوی

Posted On: 13 MAY 2022 3:54PM by PIB Delhi

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب مختار عباس نقوی اور اتر پردیش کے جل شکتی وزیر جناب سوتنتر دیو سنگھ نے آج پٹوائی، رامپور (یوپی) میں ملک کے پہلے ’’امرت سروور‘‘ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر بولتے ہوئے، جناب نقوی نے کہا کہ اس شاندار ’’امرت سروور‘‘ کی تعمیر وزیر اعظم جناب نریندر مودی سے ملنے والی حوصلہ افزائی اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ کی رہنمائی میں کی گئی ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ اس شاندار ’’امرت سروور‘‘ کو بہت ہی کم وقت میں کھولنے میں عام لوگوں، گاؤں کے باشندوں کی حصہ داری اور تعاون اور گرام پنچایت اور ضلع انتظامیہ کی تیزی نے اہم رول ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے مہینے ’’من کی بات‘‘ پروگرام میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے رامپور کے پٹوائی میں واقع اس ’’امرت سروور‘‘ کا ذکر کیا تھا۔

’’من کی بات‘‘ میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کہا تھا، ’’مجھے یہ جان کر اچھا لگتا ہے کہ امرت سروور کا عہد کرنے کے بعد کئی جگہوں پر تیز رفتار سے کام شروع ہو گیا ہے۔ مجھے یو پی کے رامپور کی گرام پنچایت پٹوائی کے بارے میں پتہ چلا ہے۔ گرام سبھا کی زمین پر ایک تالاب تھا، لیکن وہ گندگی اور کوڑے کے ڈھیر سے بھرا ہوا تھا۔ کافی محنت سے، مقامی لوگوں کی مدد سے، مقامی اسکولی بچوں کی مدد سے، پچھلے کچھ ہفتوں میں اس گندے تالاب کو بدل دیا گیا ہے۔ اب اس جھیل کے کنارے رٹیننگ وال، باؤنڈری وال، فوڈ کورٹ، فوارے اور لائٹنگ جیسے کئی انتظامات کیے گئے ہیں۔ میں رامپور کی پٹوائی گرام پنچایت، گاؤں کے لوگوں، وہاں کے بچوں کو اس کوشش کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘

جناب نقوی نے کہا کہ یہ ’’امرت سروور‘‘ نہ صرف ماحولیات کی حفاظت اور آبی تحفظ میں مدد کرے گا، بلکہ ارد گرد کے علاقوں کے لوگوں کے لیے بھی توجہ کا مرکز ہوگا۔ اس ’’امرت سروور‘‘ میں فوڈ کورٹ، فوارے اور لائٹنگ اور مختلف قسم کی دیگر تفریحی سہولیات کے ساتھ ساتھ کشتی سے سیر کرنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

اس موقع پر بولتے ہوئے، جناب سوتنتر دیو سنگھ نے کہا کہ رامپور کے پٹوائی کا یہ ’’امرت سروور‘‘ اس بات کی مثال ہے کہ کیسے حکومت اور معاشرہ کے درمیان شراکت داری اور تعاون سے بڑی تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ’’امرت سروور‘‘ ماحولیات کے تحفظ میں مددگار ہونے کے ساتھ ساتھ آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی توجہ کا ایک بڑا مرکز بھی بنے گا۔ جناب سوتنتر دیو سنگھ نے کہا کہ ’’آزادی کا امرت مہوتسو‘‘ کے تحت اتر پردیش کے ہر ضلع میں 75 ’’امرت سروور‘‘ بنانے کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔

اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر مملکت جناب بلدیو سنگھ اولکھ، رامپور ضلع پنچایت کے چیئرمین جناب خیالی رام لودھی، ملک ایم ایل اے محترمہ راج بالا، ایم ایل سی جناب جے پال سنگھ ویست، پی اے سی ایف ای ڈی کے چیئرمین جناب سوریہ پرکاش پال، بی جے پی رامپور ضلع کے صدر جناب ابھے گپتا، مراد آباد کے کمشنر جناب انجنیہ کمار سنگھ، رامپور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جناب روندر کمار منڈیر، چیف ڈیولپمنٹ آفیسر محترمہ غزل بھاردواج اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔

*****

ش ح – ق ت – ت ع

U: 5336



(Release ID: 1825127) Visitor Counter : 87