نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت

وزیر اعظم کے ذریعہ شروع کی گئی فٹ انڈیا تحریک نے ہمیں یہ واضح پیغام دیا کہ ہمیں صحت بخش غذا لینی چاہئے اور چاق و چوبند رہنا چاہئے: کشمیر میں ’میٹ دی چیمپئنس‘ تقریب کے دوران اولمپئن عارف خان کا اظہار خیال

Posted On: 06 MAY 2022 5:11PM by PIB Delhi

طلبا کی جانب سے کیے گئے شاندار استقبال کے ساتھ، خوبصورت وادی کے بیٹے اور ملک کے اسٹار ونٹر اولمپئن ، عارف محمد خان نے جمعہ کے روز سری نگر، جموں و کشمیر کے گورنمنٹ ایس پی ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول میں منعقدہ منفرد مہم ’میٹ دی چیمپئنس‘ کا فعال انداز میں آغاز کیا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی منفرد پہل قدمی نے آج اپنا 17واں ایڈیشن مکمل کر لیا ہے اور خوبصورت وادی کے قدیم ترین اسکول میں منعقدہ آج کے پروگرام میں تقریباً 200 طلبا نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے، ایلپائن اسکیئر کھلاڑی نے کہا، ’’جس دن ہمارے محترم وزیر اعظم نے فٹ انڈیا مہم کا آغاز کیا تھا، اس دن ہر بھارتی کے لیے یہ بات واضح ہوگئی تھی کہ وہ یہ چاہتے ہیں کہ ہم میں سے ہر ایک شخص باقاعدگی کے ساتھ مناسب غذا لے اور فٹنس کو اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائے۔‘‘

متوازن غذا لینے پر زور دیتے ہوئے، عارف نے کہا، ’’سنتولِت آہار (متوازن غذا) کا مطلب یہ نہیں کہ آپ نزدیکی کیفے میں جانا چھوڑ دیں، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ جو بھی کھائیں اسے متوازن طریقہ سے کھائیں۔‘‘

طلبا کے ایک پرجوش مجمع  نے تقریب میں شرکت کی، اور انہوں نے جوش و خروش اور تجسس کے ساتھ غذا اور چاق و چوبند رہنے، وادی میں انہیں درپیش چنوتیوں، تعلیم اور کھیل کے درمیان توازن پیدا کرنے کے طریقہ کار ، وغیرہ سے متعلق متعدد سوالات دریافت کیے۔ ایس پی ایچ ایس ایس کے ایک طالب علم نے پوچھا، ’’آپ کس طرح کی بنیادی ڈھانچہ تبدیلیاں چاہتے ہیں جس سے کہ کشمیر میں بین الاقوامی سطح کے مزید اسکیئر س تیار ہو سکیں؟‘‘

بیجنگ ونٹر اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کرنے والے واحد کھلاڑی نے جواب دیا، ’’ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ جب مختلف مسائل اور حالات کی وجہ سے میں ہار ماننے ہی والا تھا، تاہم میں نے ایسا کبھی نہیں کیا، کیونکہ میری توجہ اس چیز پر اچھی طرح مرکوز تھی جو مجھے چاہئے تھی۔ اس لیے، آپ وہ کیجئے جو آپ کو کرنا پسند ہے اور صحت مند طرز حیات کو برقرار رکھیں ، لیکن کبھی ہمت نہ ہاریں۔‘‘

قابل غور ہے کہ  انہوں نے طلبا کو کھانے پر توجہ دینے اور یہ سمجھنے کے لیے بھی ترغیب فراہم کی کہ کشمیر نامیاتی غذا، تازہ پھلوں اور اپنے پکوان اور کھانوں کے لحاظ سے کتنی وسعت کا حامل ہے جن میں متعدد تغذیہ بخش اجزاء شامل ہیں۔عارف نے مزید کہا ، ’’ہمیں یہ سمجھنا چاہئے کہ ہم اس وادی میں کتنے خوش نصیب ہیں کہ یہاں  ہمارے گھروں میں پکنے والے عام کھانے کتنے تغذیہ بخش ہوتے ہیں، ہمارے پاس مختلف پھلوں کے باغات ہیں اور ہم اب بھی تازہ ہوا میں سانس لیتے ہیں۔ اسی لیے، ہمارے چہار جانب ایسے وسائل موجود ہیں جو چاق و چوبند رہنے کے لیے ہمیں درکار ہیں۔‘‘

اس منفرد پہل قدمی کا انعقاد نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت اور وزارت تعلیم کے ذریعہ مشترکہ طور پر کیا جا رہا ہے، اور یہ حکومت کے ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کا حصہ ہے۔

 

**********

 

 

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:5099



(Release ID: 1823317) Visitor Counter : 179