نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا
انھوں نے کہا کہ طرز زندگی میں تبدیلی اور صحت مند کھانے کی عادات اچھی صحت کے لیے ضروری ہیں
نائب صدر نے سورن بھارت ٹرسٹ اور گلوبل ہاسپٹلس، چنئی کے زیر اہتمام میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا
Posted On:
28 APR 2022 1:56PM by PIB Delhi
نائب صدرجمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج طبی برادری کو تاکید کی کہ وہ لوگوں میں احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کی اہمیت اور صحت مند طرز زندگی کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔
ایک مضبوط، صحت مند اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کے لیے ہمہ جہت کوششوں کا مطالبہ کرتے ہوئے، انھوں نے نجی اداروں، بڑے کارپوریٹس اور افراد پر زور دیا کہ وہ صحت کی دیکھ بھال میں حکومتی اقدامات کی تکمیل کے لیے اپنا وقت اور وسائل صرف کریں۔
آج نیلور میں سورن بھارت ٹرسٹ اور گلوبل ہاسپٹلس، چنئی کے زیر اہتمام ایک طبی کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ سست اور تناؤ بھری طرز زندگی کے ساتھ ساتھ غیر صحت بخش کھانے کی عادتیں ملک میں غیر متعدی بیماریوں میں اضافہ کا باعث بن رہی ہیں۔ انھوں نے ہر ایک کو، خاص طور پر نوجوانوں کو جسمانی تندرستی اور ذہنی طور پر چوکنا رہنے کے لیے یوگا جیسی باقاعدہ جسمانی سرگرمیاں کرنے کی تاکید کی۔
جناب نائیڈو نے خواہش ظاہر کی کہ پارلیمنٹ، پریس اور سیاسی پارٹیاں صحت، تعلیم اور زراعت کو اولین ترجیح دیں۔ انھوں نے تجویز پیش کی کہ حکومتیں ان اہم شعبوں کے لیے زیادہ بجٹ مختص کریں۔
نوجوانوں میں ’فاسٹ فوڈ کلچر‘ کا ذکر کرتے ہوئے، انھوں نے انھیں روایتی طور پر پکا ہوا، غذائیت سے بھر پور کھانا کھانے کا مشورہ دیا اور اپنی مجموعی صحت کو بہتر بنانے کے لیے فطرت کی گود میں کچھ وقت گزارنے کی ضرورت پر زور دیا۔
نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کے واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے انھیں منشیات کے استعمال کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے جامع کوششوں پر زور دیا۔ انھوں نے منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنے کی تاکید کی۔
کیمپ میں پلمونری، پھیپھڑوں، آرتھوپیڈک، امراض چشم، دانتوں اور صحت کی دیگر مختلف حالتوں کے لیے مفت اسکریننگ ٹیسٹ پیش کیے گئے۔ موتیا کی سرجری بھی کی گئی۔ کیمپ میں 500 سے زائد افراد کی اسکریننگ کی گئی۔ جناب نائیڈو نے کیمپ کے انعقاد کے لیے منتظمین کی ستائش کی۔ قبل ازیں جناب نائیڈو نے سورن بھارت ٹرسٹ میں بزرگوں کے گھر کا دورہ کیا، مکینوں سے بات چیت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
******
ش ح۔ ف ش ع- ج
U: 4798
(Release ID: 1821015)
Visitor Counter : 146