نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

’روایتی علمی نظاموں میں سائنسی تحقیق کی حوصلہ افزائی کریں‘: نائب صدر نے یونیورسٹیوں سے کہا


’کورسز کو متحرک اور لچکدار ہونا چاہیے، مارکیٹ کے تقاضوں کو بدلنے کے لیے ہم آہنگ ہونا چاہیے‘

نائب صدر نے یونیورسٹیوں سے مقامی روابط کو فروغ دینے، خطے کے مخصوص مسائل کے حل کے ساتھ آگے آنے کا مطالبہ کیا

نائب صدر جمہوریہ نے سکم کا دورہ کیا، کنچنجنگا ریاستی یونیورسٹی کا ورچوئل طور پر سنگ بنیاد رکھا

’شمال مشرقی ریاستیں ہماری ترقی کی کہانی میں اہم شراکت دار ہیں‘

نامیاتی کاشتکاری، این ای پی کے نفاذ میں سکم کے اقدامات کی ستائش کی

Posted On: 11 MAR 2022 3:25PM by PIB Delhi

نائب صدرجمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج یونیورسٹیوں سے کہا کہ وہ روایتی علمی نظام جیسے نامیاتی کھیتی اور دواؤں کے نظاموں میں سائنسی تحقیق کی حوصلہ افزائی کریں اور ایک منظم طریقے سے ’ہمارے فکری سرمائے کو دوبارہ دریافت کریں‘۔

جناب نائیڈو نے پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نئی پرائمری نصابی کتابیں متعارف کرانے کے علاوہ اپنے تمام ثانوی اور سینئر سیکنڈری اسکولوں میں اس موضوع پر پیشہ ورانہ تربیت شروع کرنے کے لیے نامیاتی کھیتی میں ایک رہنما کے طور پر سکم کی تعریف کی۔

نائب صدر جمہوریہ سکم میں کنچنجنگا ریاستی یونیورسٹی کا ورچوئل طور پر سنگ بنیاد رکھ رہے تھے۔ جناب نائیڈو میزورم اور سکم کے اپنے چار روزہ دورے کے دوران، آج گنگتوک پہنچے۔

 

 

ہمہ جہت ترقی کی تیز رفتاری سے باخبر رہنے میں یونیورسٹیوں کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ ’معیاری اعلیٰ تعلیم کے ساتھ، سکم تعلیم کو پائیدار ترقی کے لیے ایک اہم عامل بنانے میں مثالی ثابت ہو سکتا ہے‘۔

جناب نائیڈو نے کہا کہ خطے کی یونیورسٹیوں کو چاہیے کہ وہ صنعت اور مقامی اداروں کے ساتھ روابط استوار کریں تاکہ خطے کے لیے مخصوص مسائل کے اختراعی حل کو تلاش کیا جا سکے۔ ”دوسرے لفظوں میں، سوچ عالمی رکھیں لیکن مقامی طور پر عمل کریں“۔ انھوں نے کہا اور طلبا کو تاکید کہ وہ ماحولیاتی سیاحت، باغبانی اور دستکاری میں خطے کی قدرتی طاقتوں سے فائدہ اٹھائیں اور بہترین کارکردگی کے لیے کوشش کریں۔

ہندوستان میں تعلیم کے شعبے پر کووڈ-19 عالمی وبا کے اثرات کو بیان کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ تعلیم جامد نہیں رہ سکتی اور بدلتی ہوئی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق جدت اور موافقت پر زور دیا۔

اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ تعلیم کا ڈجیٹل جزو ایک مستقل خصوصیت ہوگا، جناب نائیڈو نے دیہی طلبا کے لیے سیکھنے کے مواقع کو مزید قابل رسائی اور سستی بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کو جمہوری بنانے پر زور دیا۔ انھوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے مقامی اور علاقائی زبانوں میں معیاری ڈجیٹل مواد کی ترقی کو فروغ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

یہ دیکھتے ہوئے کہ عالمی وبا نے علم حفظان صحت کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، جناب نائیڈو نے ماہرین تعلیم اور والدین کو مشورہ دیا کہ وہ باقاعدہ جسمانی سرگرمیوں میں طلبا کی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ طلبا کو فطرت کی گود میں کچھ وقت گزارنے کی ترغیب دینی چاہیے۔

 

 

نائب صدر نے یہ بھی تجویز کیا کہ ’تعلیمی نصاب کو مسلسل اپ ڈیٹ اور اپ گریڈ کیا جانا چاہیے اور طلبا کو نئے چیلنجوں اور بدلتی ہوئی مارکیٹ کے تقاضوں کا سامنا کرنے کے لیے ہنر مند بنایا جانا چاہیے‘۔

اعلیٰ تعلیم میں سکم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ ریاست میں اعلیٰ تعلیم میں سب سے زیادہ مجموعی اندراج کا تناسب (جی ای آر) 75.8 فیصد ہے۔ انھوں نے این ای پی 2020 کے مخلصانہ نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں سکم ایجوکیشن ریفارمز کمیشن (SERC) کے قیام کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے کہا، ”میں شمال مشرق میں سکم کو تعلیمی مرکز کے طور پر تشکیل دینے میں ریاستی حکومت کے فعال کردار کے لیے اس کی تعریف کرتا ہوں۔“

دن کے آخر میں، نائب صدر نے سکم کے طلبا کے ایک گروپ سے مختصر بات چیت کی جنھیں حال ہی میں یوکرین سے نکالا گیا تھا۔ انھوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ طلبا، جو متنازعہ علاقے میں پھنسے ہوئے تھے، حکومت ہند اور ریاستی حکومت کے درمیان فعال تال میل سے بحفاظت سکم پہنچ سکے۔

بعد ازاں جناب نائیڈو نے مختلف عہدیداروں اور معززین کی موجودگی میں سکم کے راج بھون میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ جناب نائیڈو سکم کے گورنر کی طرف سے منعقد ایک ثقافتی تقریب میں سکم کے لوک گیتوں اور رقص کی پیشکش سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

سکم کے گورنر جناب گنگا پرساد، سکم کے وزیر اعلیٰ، جناب پریم سنگھ تمانگ، وزیر، حکومت سکم، جناب کے این لیپچا، وزیر، حکومت سکم، جناب بی ایس پنتھ، عوامی نمائندوں، طلبا، پروفیسروں اور دیگر معززین نے کے ایس یو کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔

**************

 

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 2492



(Release ID: 1805122) Visitor Counter : 140