وزیراعظم کا دفتر

تریپورہ  کے 50 ویں  یوم تاسیس کے موقع پر وزیراعظم کے خطاب کا متن

Posted On: 21 JAN 2022 2:14PM by PIB Delhi

نوموشکار!

کھلم کھا!

ریاست کے قیام کے 50  سال  مکمل کرنے پر تریپورہ کے سبھی  عوام کو  بہت بہت مبارک باد! تریپورہ کی تعمیر اور اس کی ترقی کے لئے تعاون فراہم کرنے والے سبھی عظیم شخصیات  کو  خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ان کی کوششوں کو سلام کرتا ہوں!

تریپورہ کی تاریخ  ہمیشہ سے  قابل فخر رہی ہے۔ مانکیہ  خاندان کے بادشاہوں کی عظمت سے  لے کر آج تک  ایک ریاست کے طور پر تریپورہ نے اپنے کردار کو  مضبوط کیا ہے۔ آدی واسی برادری ہو  یا دوسرے فرقے کے لوگ، سبھی نے  تریپورہ کی ترقی کے لئے پوری محنت کے ساتھ  ، اتحاد  کے ساتھ کوششیں کی ہیں۔ ماں تریپورہ سندری کے آشیرواد  سے  تریپورہ  نے  ہر چیلنج کا  ہمت  کے ساتھ سامنا کیا ہے۔

تریپورہ آج ترقی کے  جس نئے دور میں ، نئی بلندی کی طرف  بڑھ رہا ہے،  اس میں تریپورہ کے لوگوں کی عقل وفہم کا  بہت بڑا رول ہے۔ مثبت تبدیلی کے تین سال  اسی  عقل وفہم کا ثبوت ہیں۔ آج تریپورہ  مواقع  کی سرزمین بن رہی ہے۔ آج تریپورہ کے عام لوگوں کی  چھوٹی چھوٹی ضرورتیں پورا کرنے کے لئے  ڈبل انجن کی سرکار   مسلسل کام کر رہی ہے، تبھی تو ترقی کے متعدد پیمانوں پر  تریپورہ  آج بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ آج بڑے کنکٹی وٹی انفرا سٹرکچر کے ذریعہ یہ ریاست  ٹریڈ کوریڈور کا  ہب بن رہا ہے۔ اتنی  دہائیوں تک تریپورہ کے پاس  بقیہ ہندوستان سے جڑنے کا  صرف  ایک ہی ذریعہ،  روڈ ہی تھا۔ مانسون میں جب  لینڈ سلائڈ سے  روڈ بند ہو جاتے تھے، تریپورہ سمیت  پورے نارتھ ایسٹ میں  ضروری سامان کی کتنی کمی ہوجاتی تھی۔  آج روڈ کے ساتھ ساتھ  ریل، ہوائی، ان لینڈ واٹر وے جیسے  متعدد ذرائع  تریپورہ کو حاصل  ہو رہے ہیں۔ ریاست بننے کے  کئی سالوں  تک  تریپورہ  بنگلہ دیش  کے  چٹگاؤں  پورٹ کے لئے  ایکسس کی ڈیمانڈ کر رہا تھا۔ ڈبل انجن کی سرکار  نے اس ڈیمانڈ کو  پورا کیا ، جب 2020  میں اکھورا  انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ پر بنگلہ دیش  سے پہلا  ٹرانزٹ کارگو پہنچا ۔ ریل کنکٹی وٹی کے معاملے میں تریپورہ ملک کی  اولین ریاستوں میں شامل ہو رہا ہے۔ کچھ دن پہلے  مہاراجہ بیر بکرم ایئر  پورٹ کی بھی توسیع کی گئی ہے۔

ساتھیو!

آج ایک طرف تریپورہ غریبوں کو  پختہ گھر  دینے میں قابل تعریف  کام کر رہا ہے، تو دوسری طرف  نئی ٹیکنالوجی کو بھی  تیزی سے اپنا رہا ہے۔ ہاؤسنگ کنسٹرکشن میں نئی ٹیکنالوجی کا استعمال ملک کی جن 6  ریاستوں میں ہو رہا ہے، ان میں تریپورہ بھی ایک ہے۔ تین سال میں جو کچھ ہوا ہے، وہ تو ابھی  شروعات بھر ہے۔ تریپورہ کی  اصلی  صلاحیت کا سامنا ، اس صلاحیت کو پوری  طاقت سے ظاہر کرنا، اس صلاحیت کا سامنے آنا ابھی تو باقی ہے۔

حکومت میں  شفافیت  سے لے کر  جدید انفراسٹرکچر تک  آج جس تریپورہ کی تعمیر ہو رہی ہے، وہ آنے والی  دہائیوں کے لئے ریاست کو تیار کرے گی۔ وپلب دیب جی اور ان کی ٹیم پوری محنت کے ساتھ مصروف عمل ہے۔ حال ہی میں تریپورہ حکومت نے ہر گاؤں تک  متعدد سہولیات  صدفیصد پہنچانے کی مہم شروع کی ہے۔ سرکار  کی یہ کوشش تریپورہ  کے لوگوں کی زندگی آسان بنانے میں بہت مدد کرے گی۔ جب  بھارت  اپنی آزادی کے 100  سال مکمل کرے گا تب تریپورہ بھی  اپنے قیام کے 75  سال پورا کرے گا۔ یہ نئے عزائم کے لئے، نئے موا قع کے لئے بہت ہی عمدہ وقت ہے۔ ہمیں  اپنے فرائض کو نبھاتے ہوئے آگے چلنا ہے۔ ہم سبھی مل کر ترقی کی رفتار کو بنائے رکھیں، اسی  اعتماد کے ساتھ  آپ سبھی  کو بہت بہت مبارک باد!

شکریہ!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

۰۰۰۰۰۰۰۰

(ش ح-ق ت - ق ر)

U-601



(Release ID: 1791474) Visitor Counter : 156