وزارت دفاع
وزیر دفاع نے چار ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بی آر او کے ذریعے تعمیر کردہ 24 پلوں اور 3 سڑکوں کو قوم کے نام وقف کیا
بی آر او نے صرف ایک ورکنگ سیزن میں بنیادی ڈھانچے کے 102 پروجیکٹوں کو مکمل کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا
جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ سکیورٹی کو مستحکم کریں گے ؛ دور دراز کے علاقوں کی سماجی – اقتصادی ترقی کو یقینی بنائیں گے اور نئے بھارت کی تعمیر میں تعاون کریں گے
آزادی کا امرت مہوتسو کے جشن کے ایک حصے کے طور پر سرحدی علاقوں میں 75 مقامات پر ’ بی آر او کیفے ‘ قائم کئے جائیں گے
Posted On:
28 DEC 2021 2:07PM by PIB Delhi
نئی دلّی ،28 دسمبر/ وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 28 دسمبر ، 2021 ء کو نئی دلّی سے ایک ورچوئل تقریب کے ذریعے منعقدہ ایک پروگرام میں چار ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او ) کے ذریعے تعمیر کردہ 24 پل اور تین سڑکیں قوم کے نام وقف کیں۔ ان 24 پلوں میں سے 9 جموں و کشمیر میں ہیں۔ لداخ اور ہماچل پردیش میں پانچ پانچ ، اتراکھنڈ میں تین اور سکم اور اروناچل پردیش میں ایک ایک پل بنایا گیا ہے۔ تین سڑکوں میں سے دو لداخ میں اور ایک مغربی بنگال میں بنائی گئی ہے۔ آج ، جن کا افتتاح کیا گیا ، اُن میں بھارت کا درجہ 70 کاملک میں بنایا گیا پہلا 140 فٹ طویل دوہرے لین والا ماڈیولر برج ہے ، جو سکم کے فلیگ ہل ڈوکلا میں 11000 فٹ کی اونچائی پر تعمیر کیا گیا ہے اور ٍٍ لداخ میں 19000 فٹ سے زیادہ کی اونچائی پر اُملنگ لا درّے پر بنائی گئی چیسوملی – ڈیمچوک سڑک ہے ، جو دنیا میں سب سے اونچائی پر واقع موٹر گاڑیوں کے چلنے کے قابل سڑک ہونے ک اگنیز ورلڈ ریکارڈ بھی رکھتی ہے ۔
یہ پروجیکٹ ، جن کا جناب راج ناتھ سنگھ نے ای-افتتاح کیا ہے ، ملک کی شمالی اور مشرقی سرحدوں کے ساتھ ساتھ اہم سڑکوں کے محوروں اور کونوں پر مکمل کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے ان پروجیکٹوں کو سرحدی علاقوں کی ترقی کے تئیں بی آر او کے عزم کا عکاس قرار دیا اور یقین ظاہر کیا کہ یہ تعمیراتی کام نئے بھارت کے فروغ میں بہت مفید ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اُملنگ لا درّے پر یہ سڑک مسلح افواج کی تیز رفتار نقل و حرکت کو یقینی بنائے گی، سیاحت کو فروغ دے گی اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنائے گی۔ جناب سنگھ نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں سڑکیں اسٹریٹجک ضروریات کو پورا کرتی ہیں اور ملک کی ترقی میں دور دراز علاقوں کی مساوی شراکت کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے صفر سے کم درجہ ٔحرارت اور اونچائی کے چیلنجوں کے باوجود ، یہ کارنامہ انجام دینے کے لئے بی آر او کی ستائش کی۔
وزیر دفاع نے دیسی ساخت کے ڈبل لین ماڈیولر پل کو ’ آتم نربھرتا ‘کی ایک تابناک مثال قرار دیا اور اس حقیقت کو سراہا کہ اسے بہت کم لاگت پر بنایا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر اسے آسانی سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ویژن کے مطابق ’ میک ان انڈیا ‘ کے حصول کے لئے یہ ایک اہم سنگ میل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرحدی علاقوں میں تیز رفتار رابطہ فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کی بھی علامت ہے۔ یہ پل ایسے علاقوں میں مزید پلوں کی تعمیر کی راہ ہموار کرے گا۔
ای-افتتاح نے ایک ہی ورکنگ سیشن میں بی آر او کی طرف سے مکمل کئے گئے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تعداد کو ریکارڈ 102 تک پہنچا دیا ہے اور یہ کارنامہ بھی بھارت کی آزادی کے 75 ویں سال میں حاصل کیا گیا ہے۔ بی آر او نے تعمیراتی کام کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے، جس میں زیادہ تر پروجیکٹس جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مکمل کئے گئے ہیں۔ اس سال جون کے شروع میں، جناب راج ناتھ سنگھ نے آزادی کے 75 ویں سال میں آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت 12 سڑکیں اور 63 پل - کل 75 پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کیاتھا ۔
ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر کے لئے سرحدی علاقوں میں سڑکوں، شاہراہوں، سرنگوں اور پلوں کی تعمیر کو اہم بتاتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جو ملک خود ترقی کرتا ہے وہ دنیا کو راستہ دکھاتا ہے۔ انہوں نے دور دراز علاقوں سے لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو مسلسل بہتر بنانے اور ملک کی سلامتی، مواصلات اور تجارتی مقاصد کے حصول میں مدد کرنے کے لئے قوم کی تعمیر میں بی آر او کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر بی آر او کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کیا ، جن میں اٹل سرنگ ، کیلاش مانسروور سڑک ، حال ہی میں 54 پلوں کا افتتاح اور ’سڑک تحفظ ‘ اور سڑکوں ، پلوں سرنگوں اور ایئر فیلڈ پر بہترین کار کردگی کے مراکز کا قیام شامل ہے ۔
ملک کی جامع ترقی کے لئے ، حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ، وزیر دفاع نے کہا کہ ملک کی سلامتی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ، حکومت نے سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ ساتھ اندرونی حصوں کو مضبوط بنانے کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے شمالی سیکٹر میں اپنے عزم اور استقلال سے اپنے مخالف کا سامنا کیا ہے اور یہ کام مناسب بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے بغیر ممکن نہیں تھا ۔ بی آر او پوری لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ آج کے غیر یقینی دور میں سرحدی علاقوں میں مضبوط انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے کیونکہ یہ اسٹریٹجک صلاحیتوں کو مضبوط اور بہتر بناتا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جیسے جیسے ہم اپنے سرحدی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی طرف بڑھیں گے، ہمیں اپنے نگرانی کا نظام کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں دراندازی، جھڑپوں، غیر قانونی تجارت اور اسمگلنگ وغیرہ کے مسائل بدستور برقرار ہیں اور اس کے پیش نظر حکومت نے کچھ عرصہ قبل ایک جامع مربوط بارڈر مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا تھا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے یقین ظاہر کیا کہ تعمیر و ترقی کی اس تیز رفتاری کے ساتھ، بی آر او آنے والے وقتوں میں اس طرح کے بہت سے پروجیکٹوں کو مکمل کرے گا اور ’ آتم نربھر بھارت ‘کے حصول میں مدد کرے گا۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی اور سابق وزیر دفاع آنجہانی ارون جیٹلی کو سرحدی علاقوں کی ترقی اور بی آر او کو ضروری انفراسٹرکچر سے لیس کرنے کے ان کے ویژن کے لیے بھی یاد کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے چھ سات سالوں میں، حکومت نے بی آر او کو مضبوط کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں، جس میں اُس کے بجٹ کو تین سے چار گنا بڑھانا بھی شامل ہے۔ وزیر دفاع نے بی آر او اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے مقصد کے لئے بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے اقدامات کی تعریف بھی کی۔ اِن میں اونچائی والے علاقوں میں اچھے معیار کی رہائش، جیکٹس اور راشن فراہم کرنے کے لئے خصوصی مہم ، تعمیراتی ورکروں کی اجرتوں میں اضافہ ، حفظانِ صحت کی بہتر سہولیات اور عملے کی ٹیکہ کاری کو یقینی بنانا شامل ہے ۔ اس سے ملک کے تئیں بی آر او کی ذمہ داری اور بی آر او کے تئیں حکومت کے تعاون کی عکاسی ہوتی ہے ۔
وزیر دفاع نے سرحدی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے اور مسلح افواج کے اہلکاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ’آزادی کا امرت مہوتسو ‘ کے جشن کے ایک حصے کے طور پر 75 مقامات پر ’ بی آر او کیفے ‘قائم کرنے کا اعلان کیا۔ یہ کیفے مقامی روایات اور سہولیات کی نمائش کو بھی اجاگر کریں گے ، جن میں کھانا ، پارکنگ ، بیٹھنے کی جگہ، سووینئر کی دکانیں ، میڈیکل جانچ کے لئے کمرے اور فوٹو گیلری وغیرہ جیسی سہولیات شامل ہیں ۔ جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ سیاحت اور علاقائی ثقافت کو فروغ دینے اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرکے ، ان کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں مدد لے گی ۔
اس موقع پر سائنس اور ٹیکنا لوجی کے وزیر مملکت ( آزادانہ چارج ) ڈاکٹر جتیندر سنگھ، فوج کے سربراہ جنرل ایم ایم نروانے ، بی آر او کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودھری ، وزارت دفاع کے سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔ ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ جناب پشکر سنگھ دھامی، اقلیتی امور کے وزیر مملکت جناب جان برلا، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا، لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر شری آر کے ماتھر، سکم حکومت میں سڑکوں اور پلوں کے وزیرجناب سامدوپ لیپچا ، ممبر پارلیمنٹ جناب تیرتھ سنگھ راوت، چنار کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ، لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے اور بی آر او کے اہلکاروں نے اس تقریب میں ورچوئل طور پر حصہ لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ) (28-12-2021)
U. No. 14899
(Release ID: 1785890)
Visitor Counter : 222