وزارت دفاع
سکریٹری دفاع نے نئی دہلی میں بی آر او کی سالانہ چیف انجینئر اور ایکوپمنٹ مینجمنٹ کانفرنس کا افتتاح کیا India@75 بی آر او موٹر سائیکل مہم اختتام پذیر
Posted On:
27 DEC 2021 2:13PM by PIB Delhi
نئی دہلی:27 دسمبر،2021۔دفاع کے سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار نے آج نئی دہلی میں سرحدی سڑک تنظیم (بی آر او) کی سالانہ چیف انجینئر اور ایکوپمنٹ مینجمنٹ کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سرحدی سڑک (ڈی جی بی آر) لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودھری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سرحدی سڑک اور 18 چیف انجینئر موجود تھے جو تین روزہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ تقریباً دو سال کے بعد منعقد ہونے والی یہ کانفرنس بی آر او کے کور گروپ کو سرحدی علاقوں میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، سڑک تعمیر میں نئی ٹیکنالوجی کا استعمال، ماحول دوست تعمیراتی آلات کو شامل کرنے، سڑک کی حفاظت کے مختلف پہلوؤں اور مزدوروں کو سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے کی کوششوں پر غور کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ کانفرنس کے دوران، بی آر او اپنے جاری منصوبوں کا ایک جامع جائزہ لے گا اور 2022 کے ورکنگ سیشن کے لیے حکمت عملی مرتب کرے گا۔
سکریٹری دفاع نے اپنے خطاب میں قوم کی تعمیر میں بی آر او کے تعاون کیلئے بی آر او کی تعریف کی۔ بی آر او نے سرحدی علاقوں میں سڑک، پل، سرنگیں اور ہوائی اڈے بنائے ہیں، جس سے کارروائی سے متعلق تیاریوں میں تیزی آئی ہے اور دور دراز علاقوں تک آلات اور اہلکاروں کی تیز نقل و حرکت میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے مشکل خطوں، ناسازگار موسم اور کووڈ- 19 وبا سے درپیش چیلنجوں کے باوجود ورکنگ سیشن میں اہم رول سے دور دراز کے سرحدی علاقوں کو جوڑنے والی والی 102 سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کرنے کیلئے بی آر او کی ستائش کی۔
ڈاکٹر اجے کمار نے املنگ لا درہ، اٹل سرنگ اور زوجیلا درہ کی تعمیر کے لیے بی آر او کے اہلکاروں کی ہمت اور استقامت کی تعریف کی۔ انہوں نے ڈی جی بی آر اور تمام افسران اور اہلکاروں کو سیلا سرنگ میں دھماکہ کرنے اور نچیفو سرنگ کی تیزی سے تعمیر کرنے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ یہ دونوں سرنگیں اروناچل پردیش میں بالی پاڑا-چاردوار-توانگ سڑک کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر او وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے آتم نربھر بھارت کے ویژن کو پورا کرنے کی سمت میں اہم رول ادا کررہا ہے۔
سکریٹری دفاع نے خواتین کی شرکت بڑھانے اور انہیں سرحدی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کرنے والی کمپنیوں کے آفیسر کمانڈنگ تعینات کرنے کے لیے بی آر او کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے خواتین کے لیے سڑک کی تعمیر کرنے والی کمپنی کے قیام اور روزانہ کے دہاڑی مزدوروں کی بحالی کیلئے ان کی تعریف کی۔
ڈاکٹر اجے کمار نے بی آر او پر زور دیا کہ وہ اپنے وژن کو آگے بڑھائے اور دوست بیرونی ممالک کے ساتھ اونچائی والے علاقوں میں تعمیراتی مہارت کو مشترک کرنے کی سمت میں تیزی لانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈیف ایکسپو 2022 کے ساتھ ساتھ منعقد کی جانے والی بین الاقوامی سیمینار کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے استعمال کریں۔
اس موقع پر سکریٹری دفاع نے بی آر او کی مختلف یونٹوں کو بہترین پروجیکٹ، بہترین افرادی قوت، بہترین سڑک اور بہترین پل کنسٹرکشن کمپنی اور بہترین ورکشاپ کی ٹرافیاں پیش کیں۔ انہوں نے بی آر او اہلکاروں کے لیے فٹنس مینوئل ‘فٹ بی آر او فٹ انڈیا’ بھی جاری کیا۔ اس کتابچے میں بی آر او کے تمام اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے جسم اور دماغ کی مجموعی نشوونما کے لیے تندرستی کے رہنما خطوط اور پروٹوکول شامل ہیں۔ انہوں نے چار سافٹ ویئر انوینٹری مینجمنٹ سسٹم،بی آر او پوسٹنگ مینجمنٹ سسٹم، بارڈر روڈز آٹومیٹڈ ایچ آر مینجمنٹ ایپلی کیشن (بی آئی ایچ ایم اے) اور بی آر او ڈاکومینٹری سسٹم بھی لانچ کیا۔
بعد ازاں ڈاکٹر اجے کمار نے وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کے ذریعے 14 اکتوبر 2021 کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیے گئے انڈیا@75 موٹر سائیکل مہم کا اختتام کیا۔ اس 75 روزہ مہم میں بی آر او کے 75 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اس ٹیم نے 24 ریاستوں اور چار مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اہم گزرگاہوں اور مقامات سے گزرتے ہوئے20,000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اس مہم کا مقصد قومی اتحاد، قوم کی تعمیر اور سڑک حفاظت کا پیغام دینا تھا۔ ان مقاصد کی تکمیل کے لیے، مہم میں شامل ٹیم کے اراکین نے لوگوں تک پہنچنے کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا، اسکولوں اور کالجوں کا دورہ کیا، بی آر او/فوج کے سابق فوجیوں کے ساتھ بات چیت کی، میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، یتیم خانوں اور اولڈ ایج ہومز کا دورہ کیا۔ اور جنگی یادگاروں پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس مہم کی کامیابی کے لیے سکریٹری دفاع نے مہم کی ٹیم کے ارکان سے بات چیت کی اور ان کی ستائش کی۔
-----------------------
ش ح۔م ع۔ ع ن
U NO:14862
(Release ID: 1785597)
Visitor Counter : 149