وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم نے ہماچل پردیش عالمی سرمایہ کاروں کے اجلاس کی دوسری اہم تقریب کی صدارت کی
وزیر اعظم نے منڈی، ہماچل پردیش میں 11,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے پن بجلی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا
”آج شروع کیے گئے ہائیڈرو پاور پروجیکٹس ماحول دوست ترقی کے لیے ہندوستان کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں“
”سال 2016 میں، ہندوستان نے 2030 تک غیر فوسل توانائی کے ذرائع سے اپنی نصب شدہ بجلی کی 40 فیصد صلاحیت کو پورا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ ہندوستان نے اس سال نومبر میں ہی یہ ہدف حاصل کر لیا ہے“
”پلاسٹک ہر جگہ پھیل چکا ہے، پلاسٹک دریاؤں میں جا رہا ہے، ہمیں اس سے ہماچل کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کے لیے مل کر کوششیں کرنی ہوں گی“
”اگر آج ہندوستان کو دنیا کی فارمیسی کہا جاتا ہے تو اس کے پیچھے ہماچل کا ہاتھ ہے“
ہماچل پردیش نے کورونا عالمی وبا کے دوران نہ صرف دوسری ریاستوں بلکہ دیگر ممالک کی بھی مدد کی ہے
”تاخیر کے تصورات نے ہماچل کے لوگوں کو دہائیوں تک انتظار کرنے پر مجبور کیا۔ جس کی وجہ سے یہاں کے پروجیکٹس میں کئی سال کی تاخیر ہوئی“
15 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں کو ویکسین حاصل کرنے اور فرنٹ لائن ورکرز، ہیلتھ کیئر ورکرز اور سنگین بیماریوں میں مبتلا بزرگوں کے لیے
Posted On:
27 DEC 2021 2:39PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج منڈی، ہماچل پردیش میں ہماچل پردیش عالمی سرمایہ کاروں کے اجلاس کی دوسری اہم تقریب کی صدارت کی۔ توقع ہے کہ اس میٹنگ سے تقریباً 28,000 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کے ذریعے خطے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ انھوں نے 11,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے پن بجلی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ہائیڈرو پاور پروجیکٹس میں سے کچھ رینوکاجی ڈیم پروجیکٹ، لوہری اسٹیج 1 ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور دھولسیدھ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ہیں۔ انھوں نے سورا کدو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر گورنر ہماچل پردیش، جناب راجندر وشوناتھ آرلیکر، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب جے رام ٹھاکر، مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر بھی موجود تھے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہماچل پردیش کے ساتھ اپنے جذباتی تعلق کو یاد کیا اور کہا کہ ریاست اور اس کے پہاڑوں نے ان کی زندگی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ہماچل پردیش کے عوام کو ڈبل انجن حکومت کے چار سال کی مبارکباد بھی دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان چار سالوں میں ریاست نے وبائی چیلنج کا سامنا کیا اور ترقی کی بلندیوں کو بھی سر کیا۔ ”جے رام جی اور ان کی محنتی ٹیم نے ہماچل پردیش کے لوگوں کے خوابوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے“، وزیر اعظم نے کہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے لوگوں کی ’آسان زندگی‘ اولین ترجیحات میں سے ایک ہے اور اس میں بجلی کا بہت بڑا کردار ہے۔ آج شروع کیے گئے ہائیڈرو پاور پروجیکٹس ماحول دوست ترقی کے لیے ہندوستان کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ”جب گری ندی پر شری رینوکاجی ڈیم پروجیکٹ مکمل ہو جائے گا، تو ایک بڑے علاقے کو اس سے براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ اس منصوبے سے جو بھی آمدنی ہوگی، اس کا بڑا حصہ یہاں کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا“، وزیر اعظم نے تبصرہ کیا۔
وزیر اعظم نے نئے ہندوستان کے بدلے ہوئے کام کرنے کے انداز کو دہرایا۔ انھوں نے اس رفتار کے بارے میں بات کی جس کے ساتھ ہندوستان اپنے ماحولیات سے متعلق اہداف کو پورا کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے ذکر کیا کہ ”2016 میں، ہندوستان نے 2030 تک غیر فوسل توانائی کے ذرائع سے اپنی نصب شدہ بجلی کی 40 فیصد صلاحیت کو پورا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ آج ہر ہندوستانی کو اس بات پر فخر ہوگا کہ ہندوستان نے اس سال نومبر میں ہی یہ ہدف حاصل کر لیا ہے۔“
وزیر اعظم ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے خاتمے کے اپنے موضوع پر واپس آئے۔ انھوں نے کہا کہ پلاسٹک کی وجہ سے پہاڑوں کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں حکومت چوکنا ہے۔ سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف ملک گیر مہم کے ساتھ ساتھ حکومت پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ پر بھی کام کر رہی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ہماچل کو صاف ستھرا، پلاسٹک اور دیگر کچرے سے پاک رکھنے میں سیاحوں کی بھی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ پلاسٹک ہر جگہ پھیل چکا ہے، پلاسٹک دریاؤں میں جا رہا ہے، ہمیں اس سے ہماچل کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کے لیے مل کر کوششیں کرنی ہوں گی۔‘
وزیر اعظم نے ہماچل پردیش میں دوا سازی کے شعبے کی ترقی کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ اگر آج ہندوستان کو دنیا کی فارمیسی کہا جاتا ہے تو اس کے پیچھے ہماچل کا ہاتھ ہے۔ ہماچل پردیش نے کورونا عالمی وبا کے دوران نہ صرف دوسری ریاستوں بلکہ دیگر ممالک کی بھی مدد کی ہے۔
ریاست کی شاندار کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ”ہماچل اپنی پوری بالغ آبادی کو ویکسین فراہم کرنے میں باقیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جو لوگ یہاں کی حکومت میں ہیں، وہ سیاسی خود غرضی میں ڈوبے ہوئے نہیں ہیں، بلکہ انھوں نے اپنی پوری توجہ اس بات پر لگا رکھی ہے کہ ہماچل کے ہر شہری کو ویکسین کیسے لگائی جائے“۔
وزیراعظم نے لڑکیوں کی شادی کی عمر میں تبدیلی کے حکومت کے حالیہ فیصلے کا اعادہ کیا۔ ”ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بیٹیوں کی شادی کی عمر بھی وہی ہونی چاہیے جس عمر میں بیٹوں کی شادی کی اجازت ہے۔ بیٹیوں کی شادی کی عمر بڑھا کر 21 سال کرنے سے انہیں تعلیم حاصل کرنے کا پورا وقت ملے گا اور وہ اپنا کیرئیر بھی بنا سکیں گی“، وزیر اعظم نے کہا۔
وزیر اعظم نے ویکسینیشن کے نئے زمروں کے بارے میں حالیہ اعلانات کے بارے میں بات کی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ہر ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی حساسیت اور احتیاط کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 3 جنوری سے 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے صحت کے شعبے کے لوگ، فرنٹ لائن ورکرز، پچھلے دو سالوں سے کورونا کے خلاف جنگ میں ملک کی طاقت بنے ہوئے ہیں۔ انہیں احتیاطی خوراک دینے کا کام بھی 10 جنوری سے شروع ہو جائے گا۔ 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ جو پہلے ہی سنگین امراض میں مبتلا ہیں، انہیں بھی ڈاکٹروں کے مشورے پر احتیاطی خوراک دی جائے گی۔
وزیر اعظم نے ذکر کیا کہ حکومت سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کے منتر کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ”ہر ملک کے الگ الگ نظریات ہوتے ہیں، لیکن آج ہمارے ملک کے لوگوں کو دو نظریے واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ ایک نظریہ تاخیر کا ہے اور دوسرا ترقی کا۔ تاخیر کا نظریہ رکھنے والوں نے پہاڑیوں پر رہنے والے لوگوں کی کبھی پرواہ نہیں کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تاخیری نظریات نے ہماچل کے لوگوں کو دہائیوں تک انتظار کرنے پر مجبور کیا۔ جس کی وجہ سے اٹل ٹنل کے کام میں کئی سال کی تاخیر ہوئی۔ رینوکا پروجیکٹ میں بھی تین دہائیوں کی تاخیر ہوئی۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کا عزم صرف ترقی کے لیے ہے۔ انھوں نے کہا کہ اٹل ٹنل کا کام مکمل ہو گیا ہے اور چنڈی گڑھ کو منالی اور شملہ سے جوڑنے والی سڑک کو بھی چوڑا کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے دفاعی اہلکاروں اور سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم نے اپنی بات کے اختتام پر کہا، ”ہماچل پردیش کے ہر گھر میں بہادر بیٹے اور بیٹیاں ہیں جو ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔ ہماری حکومت کے ذریعہ پچھلے سات سالوں میں ملک کی سلامتی کو بڑھانے کے لئے کیے جانے والے کاموں، فوجیوں، سابق فوجیوں کے لیے کیے گئے فیصلوں سے ہماچل کے لوگوں کو بھی بہت فائدہ ہوا ہے“۔
**************
ش ح۔ ف ش ع- س ا
U: 14856
(Release ID: 1785568)
Visitor Counter : 270
Read this release in:
Telugu
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Manipuri
,
Assamese
,
Bengali
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Kannada
,
Malayalam