وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وزیر دفاع نے لکھنؤ میں ڈی آر ڈی او کے ڈیفنس ٹیکنالوجی و ٹیسٹ سینٹر اور برہموس مینوفیکچرنگ سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا


یہ قومی سلامتی، دفاعی پیداوار اور معیشت کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے

دونوں یونٹ آمدنی پیدا کریں گے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے اور‘خود انحصارہندوستان’ کے حصول میں معاون ہوں گے: وزیر دفاع

Posted On: 26 DEC 2021 3:16PM by PIB Delhi

نئی دہلی۔ 26  دسمبر       وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے 26 دسمبر 2021 کو اتر پردیش کے لکھنؤمیں دفاعی تحقیق اور ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کے ذریعہ قائم کیے گئے دفاعی ٹیکنالوجی و ٹیسٹ سینٹر اور برہموس مینوفیکچرنگ سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ دونوں یونٹوں کا سنگ بنیاد اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں رکھا گیا ۔ اتر پردیش دفاعی صنعتی راہداری (یوپی  ڈی آئی سی) میں دفاعی اور ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ کلسٹر کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا دفاعی ٹکنالوجی و ٹیسٹ سینٹر (دی ٹی ٹی سی) تقریباً 22 ایکڑ اراضی پر قائم کیا جا رہا ہے۔ یہ مندرجہ ذیل چھ ذیلی مراکز پر مشتمل ہوگا:

. 1ڈیپ ٹیک انوویشن اینڈ اسٹارٹ اپ انکیوبیشن سینٹر

. 2ڈیزائن اینڈ سیمولیشن سنیٹر

. 3ٹیسٹنگ اینڈ ایولیوشن سینٹر

. 4سینٹر فار انڈسٹری 4.0/ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ

. 5اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر

. 6بزنس ڈیولپمنٹ سینٹر

برہموس مینوفیکچرنگ سینٹر، جس کا اعلان برہموس ایرو اسپیس نے کیا ہے، یو پی ڈی آئی سی کے لکھنؤ نوڈ میں ایک جدید ترین سہولت ہے۔ یہ 200 ایکڑ سے زیادہ اراضی پر محیط ہوگا اور نئے قسم کے برہموس-این جی (نیکسٹ جنریشن) تیار کرے گا، جو برہموس ہتھیاروں کے نظام کے سلسلے کو آگے بڑھاتا ہے۔ یہ نیا مرکز اگلے دو سے تین سالوں میں تیار ہو جائے گا اور ہر سال 80-100  برہموس – این جی  میزائلوں کی پیداوار شروع کر دے گا۔

ڈی آر ڈی او اور برہموس ایرو اسپیس کے سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دیتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ دونوں یونٹ قومی سلامتی، دفاعی پیداوار کے ساتھ ساتھ اتر پردیش کی معیشت کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ترین سہولیات دفاعی شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان یونٹوں کے قیام سے آمدنی پیدا ہوں گی ،  نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن‘خود انحصار ہندوستان’  کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میک ان انڈیا، میک فار انڈیا اور میک فار ورلڈ کا پیغام عالمی سطح پرپہنچایا گیا ہے۔

'ڈیفنس ٹکنالوجی اور ٹیسٹ سینٹر' کے بارے میں، وزیر دفاع نے کہا کہ مرکز اتر پردیش کے اموسی علاقے میں نوجوان اختراع کاروں اور اسٹارٹ اپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے دفاعی مصنوعات تیار کرنے کے لیے تکنیکی بنیاد فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز اتر پردیش کے نوجوانوں کی تخلیقی توانائی، صلاحیتوں اور امنگوں کو پورا کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتر پردیش کے ایم ایس ایم ای  کو ایک ساتھ لانے اور ریاست کو دفاعی اور ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ کےشعبہ کو صف اول میں لانے میں معاون ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز، ہنر مندی کی ترقی کے ذریعہ، دفاعی اور ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ کے میدان میں براہ راست اور بالواسطہ روزگار پیدا کرے گا۔

ہندوستان کی تاریخ کو یاد کرتے ہوئے، جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ "ہم کبھی بھی جارح نہیں رہے، لیکن دشمنانہ عزائم کے ساتھ کسی بھی قوم کے خلاف اپنے لوگوں کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا کہ برہموس سپرسونک کروز میزائل سسٹم کا مقصدحوصلہ شکن کے طور پر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام نہ صرف ہندوستان اور روس کے درمیان تکنیکی تعاون کی عکاسی کرتا ہے بلکہ دیرینہ ثقافتی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے برہموس کو دنیا کا بہترین اور تیز ترین درستگی سے چلنے والا ہتھیار قرار دیا جس نے 21ویں صدی میں ہندوستان کی قابل اعتماددفاعی صلاحیت کو مضبوط کیا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ برہموس نے مسلح افواج کو بااختیار بنایا ہے اور بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے فوجی اعزاز کو بلند کیا ہے۔ برہموس-این جی کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ یہ جدید ترین میزائل سسٹم ہے ، جس نے زمین، پانی اور ہوا میں حملہ کرنے کی اپنی صلاحیت ثابت کی ہے نیز آنے والے سالوں میں ہندوستانی فوج کی جدید جنگی صلاحیت کو بہت مضبوط کرے گا۔ انہوں نے اس بات کی ستائش کی کہ یوپی ڈی آئی سی کے قیام نے خطے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ ریاست کی ہمہ جہت تکنیکی ترقی کی نئی راہیں ہموار کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ "اس کے افتتاح کے وقت، ہم نے 3,732 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا تھا۔اس میں 1,400 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری پہلے ہی موصول ہو چکی ہے اور یہ عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔"

جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان نے گزشتہ چند سالوں میں جدید ترین میزائل سسٹم کی ترقی سمیت دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک قابل احترام مقام حاصل کیا ہے اور اپنے دفاعی صنعتی اڈے کی تعمیر میں قابل ستائش پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں کو مسلح افواج کو مضبوط بنانے اور جدید میزائل سسٹم کی ترقی نیز پیداوار میں 'خود انحصار ہندوستان' کے حصول ذریعہ ہندوستان کے فوجی قد کو بڑھانے میں ان کے اہم رول کے لیے ستائش کی ۔ جناب راجناتھ سنگھ نے تمام حاضرین سے ریاست اتر پردیش کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عزم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے  اپنے خطاب کا اختتام کیا۔

راجناتھ سنگھ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں یونٹوں کا سنگ بنیاد رکھنا ملک کی دفاع کے ساتھ ساتھ دفاعی مینوفیکچرنگ اور ریاست اتر پردیش اور لکھنؤ شہر کی معیشت میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی جناب یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں ریاستی حکومت کی ستائش کی جس نے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور سماج کے تمام طبقوں کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے مختلف اقدامات کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے ڈیف ایکسپو – 2020 اور جھانسی میں بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ کے قیام جیسےوزارت دفاع کے اقدامات کے لیے وزیر دفاع جناب راجناتھ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوپی ڈی آئی سی کے تمام چھ نوڈس میں کام شروع ہو چکا ہے اور دونوں یونٹوں کا سنگ بنیاد رکھنا دفاعی شعبے میں 'خود انحصار ہندوستان' کے وژن کی تکمیل ہے۔وزیر اعلی نے مزید کہا کہ ان یونٹوں سے ریاست کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ یونٹ ریاست اور قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں بڑی تعداد میں متوسط ، چھوٹی، بہت چھوٹی صنعتی اکائیوں کی وجہ سے دفاعی شعبے میں ترقی کے لیے اتر پردیش کی صلاحیتوں کی نشاندہی کی۔ انہوں نے ریاست میں آنے والی دفاعی شعبے کی صنعتوں کو ریاستی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنے افتتاحی خطاب میں، محکمہ برائے دفاعی تحقیق و ترقی  کے سکریٹری اور ڈی آر ڈی او کے چیئرمین ڈاکٹر جی ستیش ریڈی نے لکھنؤ میں ڈی ٹی ٹی سی کے لیے زمین دستیاب کرانے پر وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے برہموس مینوفیکچرنگ سینٹر کے لیے 200 ایکڑ اراضی فراہم کرنے پر یوپی کے وزیر اعلیٰ کابھی  شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے علاقے میں آنے والی صنعتوں کو ڈی آر ڈی او کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

وزیر دفاع اور اتر پردیش کے وزیر اعلی کی موجودگی میں لکھنؤ میں ڈیف ایکسپو – 2020 کے دوران اتر پردیش ایکسپریس وے صنعتی ترقی اتھارٹی (یو پی ای آئی ڈی اے) اور ڈی آر ڈی او کے درمیان مفاہمت نامے کو نافذ کرنے کے لیے جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی اور ٹیسٹ سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ لکھنؤ کے  ڈی ٹی ٹی سی، ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اپس اور صنعتوں کی تکنیکی مشاورت نیز ابتدائی تعاون کے لیے ڈیزائن-بلڈ-ٹیسٹ-لرن سائیکل پر عمل کرے گا۔

یہ جدید ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کی مرکزی حالت کے قیام کے ذریعہ صنعتوں کو سہولت فراہم کرے گا جو مصنوعات کی ترقی کو تیز کرے گا اور اس کے 6 ذیلی مراکز کے ذریعہ مستقبل کے نظام کی ترقی کے لیے انڈکشن ٹائم اور ٹرن اراؤنڈ ٹائم کو کم کرے گا۔ یہ منفرد سیٹ اپ ڈی آر ڈی او کے آئی پی آر،  پیٹنٹ اور ٹی او ٹی کو سمجھنے کے لیے صنعتوں، سٹارٹ اپس کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا۔ یہ یو پی ڈی آئی سی میں صنعتوں اور اسٹارٹ اپس کی ترقی نیز کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دے گا اور ایک خود انحصار ہندوستان کی تعمیر تعاون کرے گا۔

برہموس سپرسونک کروز میزائل سسٹم دنیا کے کامیاب ترین میزائل پروگراموں میں سے ایک ہے۔ ہندوستان نے اپنے قریبی اسٹریٹجک اتحادی روس کے ساتھ شراکت داری میں مشترکہ طور پر کام شروع کیا ہے۔ دنیا کے بہترین اور تیز ترین درستگی سے چلنے والے ہتھیار کے طور پر، برہموس نے 21ویں صدی میں ہندوستان کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط کیا ہے۔ ہند – روس مشترکہ تجارتی ادارے برہموس ایرو اسپیس کے ذریعہ ڈیزائن اور تیار کیا گیا، سپرسونک کروز میزائل برہموس اپنی  نوعیت میں سب سے زیادہ ہمہ جہت کے طور پر تیار ہوچکا ہے۔ اس شاندار سلسلہ کو آگے بڑھانے کے لیے، برہموس ایرو اسپیس نے میزائل کے ایک نئے، زیادہ جدید قسم کے برہموس این جی پر کام شروع کیا ہے۔ چھوٹے، ہلکے اور زیادہ سمارٹ پہلوؤں  پر مشتمل یہ نیا میزائل زمین، سمندر، زیر آب اور ہوا سمیت جدید فوجی پلیٹ فارم کی وسیع تعداد پر تعیناتی کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔ یہ اگلے چند سالوں میں ہندوستانی فوج کی جدید جنگی صلاحیت اور لچک کو بہت زیادہ تقویت  بخشے گا۔

اس موقع پر امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت جناب کوشل کشور، اتر پردیش کی صنعتی ترقی کے وزیر جناب ستیش مہانا، ریاستی حکومت کے دیگر وزراء ، ارکان پارلیامنٹ ، ممبران اسمبلی  اور ریاست کے دیگر عوامی نمائندے ، وزارت دفاع ، ڈی آر ڈی او اور ریاستی حکومت کے افسران بھی موجود تھے۔  

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔ رض  ۔ ج ا  (

U-14826


(Release ID: 1785361) Visitor Counter : 246