وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم نے گرودوارہ لکھپت صاحب، گجرات میں گرو نانک دیو جی کے گروپرب تقریبات کے موقع پر خطاب کیا
”عظیم گرو صاحب کی مہربانی سے حکومت گرو گوبند سنگھ جی کے 350 سال اور گرو نانک دیو جی کے 550 سال کے پرکاش پرب اور گرو تیگ بہادر جی کے 400 سالہ پرکاش اتسو جیسے مبارک مواقع کو منانے کی پوزیشن میں ہے“
”ہمارے گروؤں کا تعاون صرف معاشرے اور روحانیت تک محدود نہیں ہے۔ اگر آج ہمارا ملک، ملک کی فکر، ملک کا ایمان اور سالمیت محفوظ ہے تو اس کی بنیاد سکھ گروؤں کی عظیم ’تپسیا‘ ہے“
”گرو نانک دیو جی اس خطرے کو سمجھتے تھے جو بابر کے حملے سے ہندوستان کو لاحق تھا“
”گرو تیغ بہادر کی پوری زندگی ’نیشن فرسٹ‘ کی مثال ہے“
”گرو تیغ بہادر کی بہادری اور اورنگ زیب کے خلاف ان کی قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ ملک کس طرح دہشت گردی اور مذہبی جنونیت کے خلاف لڑتا ہے“
”آج ملک کا منتر ہے - ایک بھارت، شریشٹھ بھارت۔ آج ملک کا مقصد ہے - ایک نئے قابل ہندوستان کا احیا۔ آج ملک کی پالیسی ہے – ”ہر غریب کی خدمت، ہر محروم کو ترجیح“
Posted On:
25 DEC 2021 2:43PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے گرودوارہ لکھپت صاحب، گجرات میں گرو نانک دیو جی کے گروپرب تقریبات کے موقع پر خطاب کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گردوارہ لکھپت صاحب وقت کے ہر بہاؤ کا گواہ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انہیں یاد دلایا گیا ہے کہ لکھپت صاحب نے ماضی میں کس طرح کی ہلچل دیکھی ہے۔ انھوں نے یاد دلایا کہ ایک زمانے میں یہ جگہ دوسرے ممالک کو جانے والی تجارت کا بڑا مرکز تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 2001 کے زلزلے کے بعد، انھیں گرو کی مہربانی سے اس مقدس مقام کی خدمت کرنے کا شرف حاصل ہوا تھا۔ انھوں نے یاد کیا کہ اس وقت ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے کاریگروں نے اس جگہ کی اصل شان کو بحال کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہاں کی دیواروں پر قدیم طرز تحریر کا استعمال کرتے ہوئے گرووانی کندہ کی گئی تھی۔ اس منصوبے کو اس وقت یونیسکو نے بھی اعزاز سے نوازا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عظیم گرو صاحب کی مہربانی سے حکومت گرو گوبند سنگھ جی کے 350 سالہ پرکاش پرب اور گرو نانک دیو جی کے 550 سالہ پرکاش پرب جیسے مبارک مواقع کو منانے کی پوزیشن میں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ برسوں میں گرو نانک دیو جی کے پیغام کو نئی توانائی کے ساتھ پوری دنیا تک پہنچانے کے لیے ہر سطح پر کوششیں کی گئیں۔ کرتار پور صاحب کوریڈور جس کا کئی دہائیوں سے انتظار تھا، حکومت نے 2019 میں مکمل کر لیا۔ اس وقت گرو تیگ بہادر جی کا 400 سالہ پرکاش اتسو منایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا، دیر سے ہی سہی، ہم قابل احترام گرو گرنتھ صاحب کے ’سوروپ‘ کو افغانستان سے ہندوستان لانے میں کامیاب رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے بڑا گرو کی مہربانی کا تجربہ اور کیا ہو سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب وہ چند ماہ قبل امریکہ گئے تھے تو امریکہ نے وہاں کی 150 سے زائد تاریخی اشیا ہندوستان کو واپس کی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ یہاں ایک پیش قبض یا چھوٹی تلوار بھی ہے جس پر فارسی میں گرو ہر گوبند جی کا نام لکھا ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ”یہ سب کرنے کے قابل ہونا اس حکومت کی بڑی خوش قسمتی ہے“۔
وزیر اعظم نے تبصرہ کیا کہ گجرات کے لیے یہ ہمیشہ سے فخر کی بات رہی ہے کہ پنچ پیارے کے چوتھے گرسکھ، بھائی موکھم سنگھ جی کا تعلق گجرات سے تھا، جنھوں نے خالصہ پنتھ کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ گرودوارہ بیٹ دوارکا بھائی محکم سنگھ نے دیو بھومی دوارکا میں ان کی یاد میں تعمیر کیا تھا۔
وزیر اعظم نے حملہ آوروں کے تسلط اور حملوں کے زمانے میں ہندوستانی سماج میں عظیم گرو روایت کے تعاون کو احترام کے ساتھ یاد کیا۔ انھوں نے کہا کہ گرو نانک دیو جی اس وقت بھائی چارے کا پیغام لے کر آئے تھے جب معاشرہ عصبیت اور تقسیم سے دوچار تھا۔ اسی طرح گرو ارجن دیو جی نے پورے ملک کے سنتوں کی آواز کو یکجا کرکے قوم میں اتحاد کا احساس دلایا۔ گرو ہرکشن جی نے انسانیت کی خدمت کا وہ راستہ دکھایا جو آج بھی سکھوں اور باقی انسانیت کی رہنمائی کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے یاد کیا کہ گرو نانک دیو جی اور ان کے بعد ہمارے مختلف گروؤں نے نہ صرف ہندوستان کے شعور کو روشن رکھا بلکہ ہندوستان کو محفوظ رکھنے کا راستہ بھی بنایا۔ ہمارے گروؤں کا تعاون صرف معاشرے اور روحانیت تک محدود نہیں ہے۔ بلکہ اگر آج ہماری قوم، قوم کی فکر، قوم کا ایمان اور سالمیت محفوظ ہے تو اس کی بنیاد سکھ گروؤں کی عظیم ”تپسیا“ ہے۔
اسی طرح گرو تیغ بہادر کی پوری زندگی ’نیشن فرسٹ‘ کی مثال ہے، وزیر اعظم نے زور دے کر کہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جس طرح گرو تیغ بہادر جی ہمیشہ انسانیت کے لیے اپنی فکر کے لیے ثابت قدم رہے، وہ ہمیں ہندوستان کی روح کا وژن دیتے ہیں۔ ملک نے جس طرح انھیں ’ہند کی چادر‘ کا خطاب دیا، اس سے ہر ہندوستانی کی سکھ روایت سے لگاؤ کا اظہار ہوتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گرو تیغ بہادر کی بہادری اور اورنگ زیب کے خلاف ان کی قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ ملک کس طرح دہشت گردی اور مذہبی جنونیت کے خلاف لڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسی طرح دسویں گرو گرو گوبند سنگھ صاحب کی زندگی بھی ہر قدم پر استقامت اور قربانی کی زندہ مثال ہے۔
وزیر اعظم نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس بہادری کے ساتھ ہمارے سکھ بھائیوں اور بہنوں نے برطانوی دور حکومت میں بھی ملک کی آزادی کی جنگ لڑی، ہماری آزادی کی جد و جہد اور جلیانوالہ باغ کی سر زمین ان قربانیوں کی گواہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ روایت اب بھی زندہ ہے اور ’امرت مہوتسو‘ کے ان اوقات میں اور زیادہ اہم ہو جاتی ہے جب ہم اپنے ماضی کو یاد کر رہے ہیں اور اس سے تحریک حاصل کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک، کچھ سے کوہیما تک، پورا ملک مل کر خواب دیکھ رہا ہے، اور ان خوابوں کی تکمیل کے لیے مل کر کوشش کر رہا ہے۔ انھوں نے یاد دلایا کہ آج ملک کا منتر ہے – ایک بھارت، شریشٹھ بھارت۔ آج ملک کا مقصد ہے - ایک نئے قابل ہندوستان کا احیا۔ آج ملک کی پالیسی ہے - ہر غریب کی خدمت، ہر محروم کو ترجیح۔
وزیر اعظم نے عقیدت مندوں سے کچھ کے رن فیسٹیول میں جانے کی بھی درخواست کی۔ انھوں نے کہا کہ کچھ کی تبدیلی کچھ کے لوگوں کے وژن اور محنت کی گواہی دیتی ہے۔ جناب اٹل بہاری واجپئی کو آج ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کچھ کے لیے جناب واجپئی کے پیار کو یاد کیا۔ وزیر اعظم نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ، ”اٹل جی اور ان کی حکومت یہاں زلزلے کے بعد کیے جانے والے ترقیاتی کاموں میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے تھے۔“
ہر سال 23 دسمبر سے 25 دسمبر تک گجرات کی سکھ سنگت گرو دوارہ لکھپت صاحب میں گرو نانک دیو جی کا گرو پرب مناتی ہے۔ گرو نانک دیو جی اپنے سفر کے دوران لکھپت میں ٹھہرے تھے۔ گرو دوارہ لکھپت صاحب میں لکڑی کے جوتے اور پالکی (جھولا) کے ساتھ ساتھ گورمکھی کے مخطوطات اور نشانات کے اسکرپٹ سمیت ان کے آثار موجود ہیں۔
گرودوارہ کو 2001 کے زلزلے کے دوران نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس وقت کے گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی نے نقصانات کی مرمت کو یقینی بنانے کے لیے فوری کوششیں کی تھیں۔ یہ اقدام سکھ مت کے لیے وزیر اعظم کی گہری عقیدت کی عکاسی کرتا ہے، جیسا کہ کئی حالیہ کوششوں میں ہوا ہے جس میں گرو نانک دیو جی کے 550 ویں پرکاش پرب، گرو گوبند سنگھ کے 350 ویں پرکاش پرب اور گرو تیغ بہادر کے 400 ویں پرکاش پرب شامل ہیں۔
ش ح۔ ف ش ع- س ا
U: 14799
(Release ID: 1785162)
Visitor Counter : 172
Read this release in:
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Manipuri
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam