بھارتی چناؤ کمیشن

چیف الیکشن کمشنر نے ‘‘دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے الیکشن کی کہانی ’’ موضوع پر ورچوئل سمینار سے خطاب کیا

Posted On: 01 DEC 2021 11:15AM by PIB Delhi

نئی دہلی، یکم دسمبر/ ہندستانی الیکشن کمیشن نے پریٹوریا میں ہندستان کےہائی کمیشن ،جوہانسبرگ کے ہندستانی  قونصل جنرل  اور جنوبی افریقہ کے الیکٹورل کمیشن کے ساتھ 30 نومبر 2021 کو ‘‘دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے الیکشن کی کہانی’’ موضوع پر  ایک بین الاقوامی  ورچوئل سمینار میں شرکت کی۔  اس ویبنار میں جنوبی افریقہ کی مختلف یونیورسٹیوں میں موجود ہندستانی نژاد لوگوں، درس و تدریس سے وابستہ افراد اور طلبا نے  شرکت کی۔

اپنے کلیدی خطبے میں ہندستان کے چیف الیکشن کمشنر جناب سشیل چندرا نے کہا کہ ہندستان میں انتخابات کرانا ایک بہت بڑا کام ہے کیونکہ اس وقت ملک میں  937 ملین سے زیادہ  رجسٹرڈ ووٹرس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا  کہ  ہندستانی الیکشن کمیشن  اس مقصد کے تحت  کہ‘کوئی بھی ووٹر چھوٹ نہ جائے’ ہر گاؤں ،بستی اور رہائش گاہ سے پیدل قدم کی دوری پر پولنگ بوتھ بناتا ہے۔ کووڈ وبائی مرض کے دوران 6 ریاستوں میں انتخابات کرانے سے متعلق اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے جناب چندرا نے کہا کہ اس وبائی مرض کی وجہ سے درپیش چیلنجز  کے باوجود آسانی سے انتخابات منعقد کرانے کے لئے  مختلف اقدامات کئے گئے تھے۔ مثال کے طو رپر کسی پولنگ اسٹیشن پر لوگوں کی زیادہ بھیڑ جمع نہ ہوجائے ، اس کے لئے وہاں پر ووٹ دینے والوں کی حد 1500 سے گھٹا کر 1 ہزار کردی گئی تھی اور ووٹ ڈالنے کے وقت میں  بھی ایک گھنٹے کی توسیع کی گئی۔  اس کےعلاوہ  80 سال سے زیادہ کی عمر کے بزرگ شہریوں ، جسمانی طور سے معذور افراد اور کووڈ سے متاثر افراد کے لئے پوسٹل بیلٹ کا انتظام کیا گیا تھا جس کے تحت  ہندستانی الیکشن کمیشن نے ان کے   دروازہ تک پولنگ اسٹیشن  پہنچایا۔  جناب سشیل چندرا نے ہندستانی انتخابات میں خواتین کی شرکت پر بھی تفصیل سے گفتگو کی اور کہا کہ  گزشتہ برسوں میں خواتین ووٹروں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے۔

جناب چند را نے یہ بھی  کہا کہ  ہندستانی الیکشن کمیشن نے  ڈیجیٹائزیشن  اور ٹکنالوجی  کا استعمال بھی  بھرپور طریقے سے کیا ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین ، وی وی پیٹ اور  رہنما ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی رپورٹ کرنے کے لئے   شہریوں کو فراہم کی گئی  سی-ویجل  جیسی موبائل ایپس ، سرکاری ملازمین  اور بیرونی ممالک کے  مشن میں موجود  ووٹرس کے لئے ٹرانسمیٹڈ پوسٹل بیلٹ سسٹم  کی سہولیات  کا ذکر کیا۔

ہندستانی الیکشن کمیشن   کے سکریٹری جنرل جناب اومیش سنہا نے ہندستان میں  انتخابات کرانے سے متعلق  ویبنار کی تھیم پر   تفصیل  سے  بات کی ۔ انہوں نے شمولیتی ،شراکتی اور قابل رساانتخابات کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کے  مختلف گوشوں کا  مجموعی خاکہ    پیش کیا۔  انہوں نے اتنے بڑے پیمانے پر انتخابات منعقد کرانے کے سلسلہ میں  ووٹروں اور دیگر متعلقین تک پہنچنے کے طور طریقوں پر روشنی ڈالی۔

جنوبی افریقہ میں ہندستانی ہائی کمشنر جناب جے دیپ سرکار نے اپنے ابتدائی خطبے میں گزشتہ برسوں میں ہندستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تعاون اور دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ  پر روشنی ڈالی۔ جنوبی افریقہ کے  الیکشن کمیشن  کے چیرمین  جناب وی جی ماشی نینی  نے  جمہوریت  کو مضبوط کرنے کی اہمیت اور اطلاعات کے  ساتھ ساتھ   ہندستان اور جنوبی افریقہ کے دونوں ممالک کے    الیکشن کمیشن  کے ذریعہ  ادا کئے گئے رول  کے بارے میں بات کی۔

ہندستانی الیکشن کمیشن  اس وقت  عالمی انتخابی اداروں کی تنظیم  کا صدر ہے، جبکہ  جنوبی افریقہ  کا الیکشن کمیشن  اس کا نائب صدر ہے۔ ہندستانی الیکشن کمشن اور جنوبی افریقہ کے   الیکٹورل  کمیشن کے درمیان گرمجوشی  پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں۔دونوں اداروں نے  انتخاب کے مینجمنٹ  اور انتظامات کے شعبےمیں باہمی تعاون کے لئے اکتوبر 2011 میں  ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے تھے۔  اس فریم ورک کے تحت دونوں الیکشن کمیشن  انتخابی مینجمنٹ کے  مختلف شعبوں میں وقتاً فوقتاً بہترین طور طریقوں کا لین دین کرتے رہتے ہیں۔  

ویبنار میں  یوم آئین کی یاد میں ‘ہندستان کی آئین سازی  ’ نام کی ایک مختصر فلم بھی دکھائی گئی۔  

 

ش ح۔ق ت- ج

Uno13543

 



(Release ID: 1776724) Visitor Counter : 214