وزارت اطلاعات ونشریات
52ویں آئی ایف ایف آئی کا کل گوا میں افتتاح ہوگا
مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ سنگھ ٹھاکر، افتتاحی تقریب کا افتتاح کریں گے
ملک بھر سے 75 نوجوان تخلیقی ذہن فیسٹیول کا حصہ بنیں گے
پہلی بار برکس فلم فیسٹیول آئی ایف ایف آئی کے موقع پر منعقد کیا جائے گا
بڑے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پہلی بار میلے کا حصہ بنیں گے
فیسٹیول میں 73 سے زائد ممالک کی فلموں کی نمائندگی کی جائے گی
معروف اداکارہ ہیما مالنی کو تقریب میں انڈین فلم پرسنالٹی آف دی ایئر 2021 کا ایوارڈ دیا جائے گا
تمام پر جوش اور آرزو مند فلم سے محبت کرنے والوں کے لیے دعوت نامہ۔ یہ فلموں سے آپ کی محبت کو دوبارہ زندہ کرنے اور ہمارے مشترکہ انسانی تجربے کی زرخیزی اور تنوع سے بھرپور جشن میں خود کو غرق کرنے کا موقع ہے۔
جی ہاں، ایشیا کے سب سے قدیم اور ہندوستان کے سب سے بڑے فلمی میلے کا 52واں ایڈیشن، انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) کل (20 نومبر، 2021) کا گوا کے سنہری ساحلوں پر رنگا رنگ آغاز ہو رہا ہے۔
اطلاعات و نشریات اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر اور گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت اس موقع پر شرکت کریں گے۔ اطلاعات و نشریات اور ماہی پروری کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن بھی افتتاحی تقریب میں موجود رہیں گے۔
20 سے 28 نومبر 2021 تک منعقد ہونے والا IFFI مختلف قوموں کی فلمی ثقافتوں کو ان کی سماجی اور ثقافتی اقدار کے تناظر میں سمجھنے اور سراہنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس میلے کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف فلم فیسٹیولز (وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت) اور گوا کی تفریحی سوسائٹی، حکومت گوا نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔
فیسٹیول کا آغاز ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی انڈور اسٹیڈیم، پنجی، گوا میں ستاروں سے سجی افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگا، جس میں فلمی شخصیات سلمان خان، رنویر سنگھ، رتیش دیش مکھ، جینیلیا دیش مکھ، شردھا کپور، اور دیگر شامل ہیں۔ IFFI اس سال دنیا بھر سے 300 سے زیادہ فلموں کی نمائش کرے گا۔ مشہور فلم ساز کرن جوہر اور ٹیلی ویژن شخصیت منیش پال اس تقریب کی میزبانی کریں گے۔
جاری کووڈ-19 عالمی وبا کی وجہ سے، IFFI اس سال ہائبرڈ ہوگا اور میلے کے مندوبین کو اپنے گھروں میں آرام سے بیٹھ کر ورچوئل طور پر فلموں اور دیگر تقریبات میں شرکت کرنے اور دیکھنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
آئی ایف ایف آئی میں فلمیں
آئی ایف ایف آئی بین الاقوامی سیکشن میں تقریباً 73 ممالک کی 148 فلمیں پیش کرے گا جس میں تقریباً 12 عالمی پریمیئرز، تقریباً 7 بین الاقوامی پریمیئرز، 26 ایشیا پریمیئرز اور تقریباً 64 ہندوستانی پریمیئرز ہوں گے۔ فیسٹیول میں اس بار 95 ممالک سے 624 فلمیں موصول ہوئی ہیں۔
'دی کنگ آف آل دی ورلڈ' (ایل رے ڈی ٹوڈو ایل منڈو) جس کی ہدایت کاری کارلوس سورا نے کی ہے اس میلے کی افتتاحی فلم ہوگی۔ یہ فلم کا انٹرنیشنل پریمیئر بھی ہوگا۔ وینس فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار ایوارڈ یافتہ جین کیمپین کی ہدایت کاری میں دی پاور آف دی ڈاگ کو وسط فیسٹیول فلم کے طور پر چنا گیا ہے۔ ڈائریکٹر اصغر فرہادی کی گرانڈ پرکس ایوارڈ یافتہ فلم، اے ہیرو فیسٹیول کی اختتامی فلم ہوگی۔
آئی ایف ایف آئی کا ورلڈ پینورما سیکشن دنیا بھر میں 55 سنیما کے جواہرات کی نمائش کرے گا۔ فیسٹیول کیلیڈوسکوپ کے لیے 11 فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں ٹائٹین (فرانسیسی) اور سواد (عربی) جیسی فلمیں شامل ہیں۔
سال 2021 کی ہندوستانی فلمی شخصیت:
محترمہ ہیما مالنی، معروف اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ کو افتتاحی تقریب میں سال 2021 کی بہترین فلمی شخصیت کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ معروف گیت کار اور چیئرپرسن، سی بی ایف سی جناب پرسون جوشی کو اختتامی دن ایوارڈ دیا جائے گا۔ ہندوستانی سنیما کے میدان میں ان کی شراکت کئی دہائیوں پر محیط ہے اور ان کے کام نے نسل در نسل سامعین کو متاثر کیا ہے۔
کھوئے ہوئے ستاروں کو خراج عقیدت:
ہندوستان کے بین الاقوامی فلم فیسٹیول کا ہر ایڈیشن فلمی صنعت سے جدا ہو جانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ 52ویں IFFI کے ہومیج سیکشن میں کھوئے ہوئے ستاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے برٹرینڈ ٹورنیئر، کرسٹوفر پلمر، ژاں کلاڈ کیریر اور ژاں پال بیلمونڈو کی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ آئی ایف ایف آئی ہندوستانی فلمی ستاروں بدھادیب داس گپتا (ڈائریکٹر)، دلیپ کمار (اداکار)، نیڈومودی وینو (اداکار)، پونیتھ راجکمار (اداکار)، سنچاری وجے (اداکار)، سمترا بھاوے (ڈائریکٹر)، سریکھا سیکری (اداکارہ) اور ومن بھونسلے (فلم ایڈیٹر) کو بھی خراج عقیدت پیش کرے گا۔
75 تخلیقی ذہن:
پہلی بار آئی ایف ایف آئی 75 نوجوان فلم سازوں، اداکاروں، گلوکاروں، اسکرپٹ رائٹرز اور دیگر کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ فیسٹیول میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ ہندوستان بھر سے 75 تخلیقی ذہنوں کو IFFI میں مدعو کیا گیا تاکہ وہ مشہور فلم سازوں اور صنعت کے ماہرین سے جڑیں اور فیسٹیول میں ماسٹر کلاسز میں شرکت کریں۔ آزادی کا امرت مہوتسو کے جذبے کو منانے کے لیے ملک بھر کے نوجوان فلم سازوں کے مقابلے کے ذریعے 75 نوجوانوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
برکس فلم فیسٹیول:
پہلی بار پانچ برکس ممالک کی فلمیں برکس فلم فیسٹیول کے ذریعے IFFI کے ساتھ دکھائی جائیں گی۔ یہ برکس فلم فیسٹیول کا چھٹا ایڈیشن ہے۔ پانچ ممالک یعنی۔ برازیل، روس، جنوبی افریقہ، چین اور بھارت بھی 52ویں IFFI کے فوکس ممالک ہیں اور اس سیکشن کے تحت کل 8 فلمیں دکھائی جائیں گی۔
او ٹی ٹی کے ساتھ شراکت:
ایک اور پہل میں، آئی ایف ایف آئی نے بڑے OTT پلیئرز کو فیسٹیول میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔ بڑے او ٹی ٹی پلیئرز نیٹ فلکس، امیزن پرائم، زی5، ووٹ اور سونی لائیو فلم فیسٹیول میں خصوصی ماسٹر کلاسز، مواد کے اجرا اور پیش نظارہ، فلم پیکج کی اسکریننگ، اور دیگر مختلف آن گراؤنڈ اور ورچوئل ایونٹس کے ذریعے شرکت کریں گے۔
ستیہ جیت رے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ:
مسٹر استوان سابو اور مسٹر مارٹن سکورسی کو گوا میں 52ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں پہلی بار ستیہ جیت رے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ استوان سابو ایک تنقیدی طور پر سراہے جانے والے ہنگری کے فلم ڈائریکٹر ہیں جنھیں میفسٹو (1981) اور فادر (1966) جیسے شاہکاروں کے لیے جانا جاتا ہے۔ مارٹن سکورسی ہالی وڈ کے نئے دور کی ایک بڑی شخصیت ہیں، جنھیں فلمی تاریخ کے سب سے بڑے اور با اثر ہدایت کاروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
آئی ایف ایف آئی 52 اصغر فرہادی کی A Hero کی نمائش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا، جس نے کانز فلم فیسٹیول میں گرانڈ پرکس ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
آزادی کا امرت مہوتسو کے جاری جشن کے ایک حصے کے طور پر تقریباً 18 خصوصی طور پر تیار کردہ فلمیں بھی پیش کی جائیں گی۔
**************
ش ح۔ ف ش ع- ف ک
U: 13049
(Release ID: 1773403)
Visitor Counter : 196