نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
یونیورسٹیوں کو اپنے نصاب کا جائزہ لینا چاہئے اور انھیں ابھرتے عالمی میلانات کے مطابق بنانا چاہئے – نائب صدر
نائب صدر نے تکنیکی اداروں سے طلباء کو 5جی، اے آئی اور روبوٹکس جیسے نئے شعبوں میں ٹریننگ دینے کو کہا
بھارت میں گلوبل ڈرون ہب بننے کی صلاحیت موجود – نائب صدر
نائب صدر نے بھارتی مصنّفین اور بھارتی زبانوں میں اور زیادہ تکنیکی کتابوں کی اشاعت کی اپیل کی
نائب صدر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ تکنیکی ادارے شہروں میں آلودگی جیسے سنگین مسائل کے حل کے لئے آگے آئیں
نائب صدر نے بنگلورو میں پی ای ایس یونیورسٹی کے چھٹے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کیا
Posted On:
15 NOV 2021 3:58PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 15/نومبر 2021 ۔ نائب صدر جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج اعلیٰ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں سے اپنے موجودہ نصاب کا جائزہ لینے اور انھیں ابھرتے عالمی میلانات سے ہم آہنگ کرنے یا قومی ضرورتوں کے مطابق نئے کورسیز شروع کرنے کی اپیل کی۔
آج بنگلورو میں پی ای ایس یونیورسٹی کے چھٹے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ چوتھا صنعتی انقلاب ہمارے دروازے پر دستک دے رہا ہے اور اس کا بہترین فائدہ اٹھانے کے لئے ہماری یونیورسٹیوں کو طلباء کو 5جی ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور بایوٹیکنالوجی جیسے ابھرتے شعبوں میں تربیت دینی چاہئے۔
انھوں نے تعلیم کے شعبے میں بھارت کے قابل فخر ماضی کا ذکر کیا اور بھارت کو ایک علمی قوت میں تبدیل کرنے کے لئے تکنیکی یونیورسٹیوں کے خصوصی رول پر زور دیا۔ نجی کمپنیوں کے لئے خلائی شعبے کو کھولنے کے حکومت کے فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے نائب صدر نے ڈی آر ڈی او اور اِسرو کے تعاون سے دو سیارچوں کی تعمیر اور تجربے کے لئے پی ای ایس یونیورسٹی کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں اپنے نجی اداروں اور یونیورسٹیوں سے اس موقع کا بہترین استعمال کرنے اور خلائی شعبے میں بھارت کو خودکفیل بنانے اور تکنیکی اعتبار سے اسے ایڈوانس بنانے کی سمت میں کام کرنے کی درخواست کروں گا۔‘‘
اس موقع پر جناب نائیڈو نے ڈاکٹر وی سمباسیوا راؤ کی بھی عزت افزائی کی جنھوں نے دو سیارچوں کو لانچ کرنے کے کام میں طلباء کی رہنمائی کی ہے۔
معیشت کے مختلف شعبوں میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے دستیاب کرائے جانے والے زبردست فوائد کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ بھارت، اختراعات، آئی ٹی اور کم لاگت والی انجینئرنگ میں اپنی روایتی طاقت کے ساتھ، عالمی ڈرون مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے اس شعبے کے لئے باصلاحیت افرادی قوت تیار کرنے کی اپیل کی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پی ای ایس یونیورسٹی سرگرم طریقے سے ڈرون ٹیکنالوجی سے متعلق کورس شروع کرنے پر غور کررہی ہے۔
نائب صدر نے آر اینڈ ڈی کے لئے ایک کثیر موضوعاتی نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور یونیورسٹیوں سے کہا کہ وہ معیشت اور صنعت کو فروغ دینے کے لئے اکیڈمک پیٹنٹ کے بجائے دانشورانہ املاک حقوق (آئی پی آر) کے تحت قابل نفاذ پیٹنٹ پر زیادہ زور دیں۔
یہ دیکھتے ہوئے کہ غیر ملکی مصنفین کے ذریعے لکھی گئی تکنیکی کتابیں بھارتی انجینئرنگ کورسیز میں استعمال کی جاتی ہیں، انھوں نے بھارت کے ماہرین تعلیم سے معاصر موضوعات پر عالمی معیار کے مطابق کتابیں تحریر کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کے مصنفین بھارت کے سماجی – اقتصادی حالات کے سلسلے میں انجینئرنگ کے نصاب کے مواد کو بہتر ڈھنگ سے پیش کرسکتے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے نوجوان طلباء کو دیہی بھارت، کسانوں اور دیگر محروم طبقات کو درپیش متعدد مسائل کو بہتر ڈھنگ سے سمجھنے اور اس کا حل نکالنے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے بھارتی زبانوں میں تعلیمی مواد تیار کرنے اور اکیڈمک جرنلس کی ملکی اشاعت کی بھی اپیل کی۔
سماجی اعتبار سے موزوں تحقیق اور ٹیکنالوجیز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نائب صدر نے یونیورسٹیوں کو آب و ہوا کی تبدیلی اور پائیدار ترقی جیسے عالمی ترجیحی امور پر کام کرنے کی تلقین کی۔ انھوں نے کہا کہ ہم اکثر بھارت کے شہروں میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے بارے میں خبریں پڑھتے ہیں۔ میں اپنے تعلیمی اداروں سے سماج کو درپیش ایسے سنگین مسائل بالخصوص زراعت کے شعبے سے متعلق تکنیکی حل کے ساتھ آگے آنے کی اپیل کروں گا۔
قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مؤثر نفاذ کی اپیل کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے یونیورسٹیوں کو طلبہ کی مادری زبان میں زیادہ تکنیکی کورسیز شروع کرنے کی صلاح دی۔
گریجویشن کرنے والے طلباء کو مبارک باد دیتے ہوئے نائب صدر نے انھیں اپنے پیشہ ور کیریئر میں ’خدمت کے جذبے‘ کو جاں گزیں کرنے اور ’لوکہ سمستہ سکھینو بھونتو‘ یعنی آئیے پوری دنیا کو خوش و خرم بنائیں، کے قدیم بھارتی اقدار پر عمل کرنے کے لئے کہا۔ اپنی فٹنس کے تئیں بیدار جناب نائیڈو نے طلباء کو غلط عادتوں سے بچنے اور مستقل طریقے پر کھیل یا یوگ میں حصہ لے کر صحت مند طرز زندگی اپنانے کی صلاح دی۔ انھوں نے طلباء کو زندگی میں ترقی کے لئے نظم و ضبط، خودسپردگی اور عزم مصمم جیسی خوبیوں کو فروغ دینے کی تلقین کی۔
پی ای ایس یونیورسٹی کے ذریعے اپنے چھوٹے سے سفر میں حاصل کی گئی اہم حصول یابیوں کی ستائش کرتے ہوئے نائب صدر نے طلباء کو امتیازی مقام حاصل کرنے کے لئے مشورہ دینے کی خاطر چانسلر پروفیسر ایم آر دورے سوامی کی ستائش کی۔
اس پروگرام میں کرناٹک کے گورنر جناب تھاور چند گہلوت، کرناٹک حکومت کے شہری ترقیات کے وزیر جناب بی اے بسوراج، چانسلر پی ای ایس یونیورسٹی ڈاکٹر ایم آر ڈورے سوامی، وائس چانسلر ڈاکٹر جے سوریہ پرساد، یونیورسٹی کے طلباء، ملازمین اور فیکلٹی نے حصہ لیا۔
نائب صدر کی تقریر کا پورا متن پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں:
https://pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=1772061
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO.12883
(Release ID: 1772117)
Visitor Counter : 224