قبائیلی امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم آزادی کا امرت مہوتسو کے حصہ کے طور پر15 نومبر کو "جن جاتیہ گورو دیوس" کی تقریبات کی قیادت کریں گے: جناب ارجن منڈا


وزیر اعظم بھوپال میں ایک خصوصی پروگرام میں شرکت کریں گے اور اس موقع پر رانچی کے برسا منڈا میوزیم کا ورچوئل افتتاح کریں گے

آزادی کا امرت مہوتسو کے  تحت 15 سے 22 نومبر تک قومی اور ریاستی سطح کے اہم  پروگرام منعقد کیے جائیں گے: جناب ارجن منڈا

Posted On: 12 NOV 2021 7:36PM by PIB Delhi

نئی دہلی۔ 12  نومبر        وزیر اعظم جناب نریندر مودی آزادی کا امرت مہوتسو کے حصہ کے طور پر15 نومبر کو "جن جاتیہ گورو دیوس" کی تقریبات کی قیادت کریں گے۔ مرکزی قبائلی امور کےمرکزی  وزیر جناب ارجن منڈا نے آج نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ وزیر اعظم بھوپال میں "جن جاتیہ گورو دیوس"کے موقع پر منعقد ہونے والے ایک بڑے پروگرام میں شرکت کریں گے جس میں دو لاکھ سے زیادہ قبائلی شامل ہوں گے۔ جناب منڈا نے کہا کہ جناب وزیر اعظم ورچوئل طریقے سے رانچی میں برسا منڈا مجاہد آزادی میوزیم کا  افتتاح بھی کریں گے۔

15 نومبر کو "جن جاتیہ گورو دیوس"کے طور پرمنانے کا اعلان کرنے کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ اس نے قبائلیوں میں ایک نیا جوش اور اعتماد کا عظیم احساس پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوگا کہ ایسے قبائلی مجاہدین آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر پروگرام منعقد کیے جائیں گے جو اب تک جدوجہد آزادی کے گمنام ہیرو رہے ہیں۔

جناب ارجن منڈا نے کہا کہ قدیم زمانے سے ہی  قبائلی باشندے جموں و کشمیر، منی پور، ناگالینڈ سمیت سرحدی علاقوں میں آباد ہیں اور انہوں نے ملک کے تحفظ میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ آزادی سے قبل بھی، قبائلی ہیروز نے ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ برسا منڈا اس سلسلے کا ایک بہت ہی نمایاں نام ہے اور اس طرح وزیر اعظم کی قیادت میں کابینہ نے ان کی سالگرہ کو "جن جاتیہ گورو دیوس"کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس  جذبے کے ذریعہ پورا ملک مختلف قبائلی ہیروز اور جدوجہد آزادی میں ان کے کردار کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001RO8S.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002ADK6.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0037II1.jpg

آزادی کا امرت مہوتسو کے لیے منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 15 سے 22 نومبر تک پروگرام کے انعقاد کے منصوبے بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آزادی کا امرت مہوتسو دور دراز علاقوں سمیت پورے ملک میں منایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جشن قبائلیوں کے لیے تعلیم، صحت اور قبائلی ثقافت اور فن کے تحفظ کے لیے بھی سب کو کام کرنے کی تحریک دے گا۔

جناب ارجن منڈا نے کہا کہ 15 نومبر کو، وزیر اعظم سب سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس، نئی دہلی میں برسا منڈا کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے اور رانچی میں برسا منڈا مجاہد آزادی میوزیم کا ورچوئل طریقے سے افتتاح کریں گے۔ اس سلسلے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میوزیم رانچی جیل میں بنایا گیا ہے جہاں برسا منڈا کی قید کے دوران موت ہوئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم بھوپال میں ایک تقریب کے ذریعہ سرکاری طور پر برسا منڈا "جن جاتیہ گورو دیوس"کا افتتاح کریں گے جس میں 2 لاکھ سے زیادہ قبائلی لوگ شامل ہوں گے۔

16 نومبر سے، نئی دہلی میں قومی آدی مہوتسو کا انعقاد کیا جائے گا جو قبائلی مصنوعات اور قبائلی فن اور ان کی ثقافت کی نمائش کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے قبائلی ہیروز ہیں جنہوں نے آزادی کی جدوجہد میں اپنے آپ کو قربان کر دیا ، ان میں رانی درگاوتی، رانی گید نلے اور بابا تلکا مانجھی شامل ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ آزادی سے پہلے کی 85 سے زیادہ قبائلی تحریکوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور انہیں مرتب کیا جا رہا ہے۔ جناب منڈا نے کہا کہ 200 سے زیادہ قبائلی آزادی پسندوں کی شناخت مختلف ریاستوں کے ذریعہ کی گئی ہے۔

قبائلی امور کی وزارت آزادی کا امرت مہوتسو منا رہی ہے اور اس نے 10 قبائلی آزادی پسندوں کے عجائب گھروں کو منظوری دی ہے جس میں رانچی کا برسا منڈامجاہد آزادی میوزیم بھی شامل ہے۔ رانچی میوزیم میں رانچی میں برسا منڈا جیل کے تحفظ اور تزئین و آرائش کے کاموں کی تکمیل، 13 قبائلی مجاہدین آزادی کے مجسموں کی تنصیب، لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو شامل ہیں۔ وزیر موصوف نے آخر میں کہا کہ یہ تمام اقدامات اور آنے والے بہت سے اقدامات اب ملک میں قبائلی لوگوں کی حقیقی شراکت کو سامنے لائیں گے اور ان کی ہمہ گیر ترقی کے لیے ایک روڈ میپ بھی  پیش کریں گے۔

پروگراموں کے بارے میں مزید تفصیلات کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔ رض  ۔ ج ا  (

U-12810

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 


(Release ID: 1771431) Visitor Counter : 199