بھارتی چناؤ کمیشن
بھارت کے قابل احترام اعلیٰ انتخابی کمشنر جناب سشیل چندرا نے صدارتی انتخابات کے لئے بین الاقوامی مشاہد کی حیثیت سے اُزبیکستان کا دورہ کیا (21 سے 25 اکتوبر 2021)
Posted On:
28 OCT 2021 11:16AM by PIB Delhi
سینٹرل الیکشن کمیشن آف اُزبیکستان (سی ای سی- یو) کے چیئر مین کی دعوت پر بھارت کے اعلیٰ انتخابی کمشنر جناب سشیل چندرا نے ازبیکستان میں 3 رکنی وفد کی قیادت کی۔ اس دورے کا مقصد 24 اکتوبر 2021 کو ہوئے صدارتی انتخابات کے انعقاد کا مشاہدہ کرنا تھا۔ یہ انتخاب ، نئے انتخابی ضابطوں کے تحت کرائے گئے ہیں اور اس پر بین الاقوامی برادری کی گہری نظر تھی۔
بھارت کے اعلیٰ انتخابی افسر اور سینٹرل الیکشن کمیشن آف اُزبیکستان کے چیئر مین جناب زین الدین ایم نظام کھودجیو نے 21 اکتوبر 2021 کو انتخابی تعاون کے سلسلے میں ایک دو فریقی میٹنگ کی تھی۔ سی ای سی - یو کے چیئر مین نے اُن کی دعوت قبول کرنے کے لئے جناب چندرا کا شکریہ ادا کیا اور اس الیکشن کے انعقاد کے لئے کئے گئے متعدد اقدامات کی جانکاری دی۔ ان اقدامات میں سنگل الیکٹرانک ووٹر لسٹ ، پولنگ کے روز اِن-پرسن ووٹنگ کے لئے انتظامات ، ابتدائی اوقات میں ووٹنگ اور کووڈ سے تحفظ سے متعلق انتظامات شامل ہیں۔ جناب چندرا نے بھارت اور متعدد مقامات پر حالیہ انتخابات کے انعقاد کے بارے میں بھی گفت و شنید کی تاکہ انتخابی تعاون و تربیت اور صلاحیت سازی سے متعلق پروگراموں کے تعلق سے مفاہمت نامہ پر دستخط کے توسط سے دونوں ملکوں کے درمیان انتخابی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔ بھارت کے انتخابی کمیشن کو ازبیکستان کے انتخابی اہلکاروں کے لئے ایسے تربیتی اور صلاحیت سازی سے متعلق پروگراموں کا انعقاد کرکے خوشی ہوگی۔
بھارت کے الیکشن کمیشن کے ذریعے انتخابات کے دوران منعقد کئے جانے والے انٹرنیشنل الیکشن ویزیٹرس پروگرامس (آئی ای وی پی) میں ازبیکستان کے مندوبین شرکت کرتے رہے ہیں اور آئی ٹی ای سی پروگرام کے تحت الیکشن کمیشن آف انڈیا کے تربیتی پروگراموں میں ازبیکستان کے اہلکار شرکت کرتے رہے ہیں۔
ازبیکستان کے انتخابی قانون کے تحت صدر کا انتخاب 5 سال کی مدت کے لئے ہوتا ہے اور اس کے لئے حلقہ انتخاب پورا ملک ہوتا ہے۔ انتخابی انتظامیہ اس کے لئے ایک سہ سطحی ڈھانچے پر عمل کرتی ہے، جو سینٹرل الیکشن کمیشن، 14 ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشنز اور 10760 پری سنکٹ الیکشن کمیشنز پر مشتمل ہے۔ ازبیکستان میں تقریباً 20 ملین رائے دہندگان ہیں۔ ایک پولنگ اسٹیشن پر زیادہ سے زیادہ 3000 رائے دہندگان کے ووٹ ڈالنے کے لئے انتظامات کئے جاتے ہیں۔ ابتدائی ووٹنگ نظام 14 سے 20 اکتوبر 2021 نافذ تھا اور 421،618 لوگوں نے اس دوران اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، جن میں 120524 رائے دہندگان نے بیرون ملک سے ووٹ ڈالے۔
صرف رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں ہی انتخابات میں کھڑے ہونے کے لئے اپنے امیدوار نامزد کرسکتی ہیں۔5 امیدوار، ازبیکستان کے صدارتی انتخاب کے لئے میدان میں تھے، جن میں سے 4 مرد ایک خاتون تھیں۔ انتخابات کے لئے ہونے والی انتخابی مہم کے لئے مالی اعانت ریاست کرتی ہے۔ پانچوں امیدواروں کے بارے میں تصاویر اور اطلاعات پر مشتمل متعدد انفو گرافکس ازبیکستان میں نمایاں جگہوں پر لگائے گئے تھے۔
بھارتی وفد نے انتخابی انتظامیہ ، طریقہ کار اور ازبیکستان کے سینٹرل الیکشن کمیشن کے ذریعے کئے گئے اقدامات کے بارے میں ایک مجموعی صورت حال سے واقفیت کے لئے ساتویں اور چودھویں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کا دورہ کیا۔ اس کے بعد تفصیل میں انتخابی طریقہ کار کا مشاہدہ کرنے کے لئے انہوں نے ازبیکستان میں پولنگ بوتھوں کا دورہ کیا۔ متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابات کے انعقاد سے متعلق مختلف پہلوؤں کا مشاہدہ کیا گیا۔ ان پہلوؤں میں ووٹر لسٹ ، رائے دہندگان کی شناخت ، شروعاتی ووٹنگ کا نظام، بزرگوں اور معذوروں کی سہولت کے لئے کئے گئے انتظامات، کووڈ سے تحفظ کے ضابطوں، پولنگ بوتھوں کی تیاری اور بیلٹ پیپر کے ذریعے ووٹ ڈالے جانے کا عمل شامل ہے۔
پولنگ بوتھوں پر سیاسی جماعتوں / امیدواروں اور محلہ کمیٹیوں کے نمائندو کی موجودگی دیکھی گئی۔ رائے دہندگان کی شناخت پاسپورٹ یا ڈرائیونگ لائسنس دستاویز کے ذریعے کی جارہی تھی۔ پہلی مرتبہ ووٹ دینے والوں اور گھر سے ووٹ دینے والوں کی تعداد درج کی جارہی تھی۔ سی ای سی کو ہر گھنٹے پڑنے والے ووٹروں کی تعداد سے متعلق معلومات الیکٹرانک طریقے سے بھیجی جارہی تھی۔
جناب سشیل چندرا نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ازبیکستان میں بھارت کے سفیر جناب منیش پربھات کی زیر قیادت بھارتی سفارت خانے کے اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں سروس ووٹرس کی سہولت کے لئے الیکٹرانک ٹرانسفر آف پوسٹل بیلٹ سسٹم ( ای ٹی پی بی ایس) کے بارے میں جانکاری دی۔ اس کے بعد تاشقند میں واقع غیر مقیم بھارتی برادری کے نمائندوں کے ساتھ بھارتی انتخابات کے بارے میں ایک بہت ہی عمدہ اور شاندار تبادلہ خیال کے عمل کی انجام دہی ہوئی۔
اعلیٰ انتخابی افسر نے تاشقند میں واقع بھارت کے دوسرے وزیراعظم جناب لال بہادر شا ستری کی یادگار میں نصب ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت بھی نذر کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح- م م- ق ر)
U-12278
(Release ID: 1767133)
Visitor Counter : 183