نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ کا نوجوانوں کو بھارت کی شناخت و روایت سے واقف کرانے پر زور


ہمارے عظیم لیڈروں کی وراثت کا احترام کریں، ان کی زندگیوں سے ترغیب حاصل کریں: نائب صدر جمہوریہ

جناب نائیڈو نے حیدرآباد میں ’’الائے بلائے‘‘ ثقافتی تقریب میں شرکت کی

Posted On: 17 OCT 2021 5:40PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  17/اکتوبر2021 ۔ نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ وہ بھارت کی قدیم ثقافت و روایت کی واقفیت حاصل کریں اور کثرت میں وحدت کی قومی اہمیت کو برقرار رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی متنوع ثقافت میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ عوام کو متحد کرسکے۔

جناب نائیڈو حیدرآباد میں ایک ثقافتی پروگرام ’الائے بلائے‘ میں خطاب کررہے تھے، جس کا اہتمام ہریانہ کے گورنر بنڈارو دتاتریہ نے دسہرہ تقریبات کے ایک حصے کے طور پر کیا تھا۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی اور سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں اور عہدیداروں نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ نائب صدر جمہوریہ نے عوام کے درمیان تاریخ سے واقفیت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی غرض سے گزشتہ کئی برسوں سے الائے بلائے کے انعقاد کے لئے پہل کرنے پر جناب دتاتریہ کی تعریف کی۔

اس موقع پر جناب نائیڈو نے عظیم مجاہد آزادی بال گنگا دھر تلک کے عظیم ورثے کو یاد کیا، جنھوں نے سوراج تحریک کے درمیان عوام کو متحد کرنے کے لئے اسی طرح گنیش چترتھی تقریبات شروع کی تھیں۔ جناب نائیڈو نے بھارت کی متنوع ثقافت کے تحفظ کے لئے اپنے عظیم لیڈروں کی وراثت کا احترام کرنے اور ان سے ترغیب حاصل کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر ہریانہ کے گورنر جناب بنڈارو دتاتریہ، ہماچل پردیش کے گورنر جناب راجندر وشوناتھ آرلیکر، سیاحت و ثقافت کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی، تلنگانہ کے وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی، فلمی اداکار جناب پون کلیان اور جناب منچو وشنو، ڈاکٹر ریڈی لیبس کے ڈائریکٹر جناب جی وی پرساد، بھارت بایوٹیک کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب کرشن ایلا، ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو انٹیرولوجی کے بانی چیئرمین ڈاکٹر ناگیشور ریڈی، بایولاجیکل ای کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ مہیما ڈاٹلا سمیت دیگر ہستیاں موجود تھیں۔

 

******

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO.11055



(Release ID: 1764557) Visitor Counter : 139