وزارت آیوش

آیوش کے وزیر جناب سربانند سونووال نے شمال مشرق میں آیوش سے متعلق اقدامات کو فروغ دینے کے لئے اہم منصوبوں کا اعلان کیا

Posted On: 28 AUG 2021 4:42PM by PIB Delhi

شمالی مشرقی (این ای) ریاستوں کے لئے 1000 ہیلتھ اینڈ ویلنیس سینٹرس (ایچ ڈبلیو سی) اور 100 نئی آیوش ڈسپنسریاں

  • گولپارہ کے دودھنوئی میں نئے آیورویدک کالج کے لئے 70 کروڑ روپئے کا مالی التزام
  • سینٹر آف ایکسیلنس کی شکل میں ڈیولپ کرنے کے مقصد سے آیورویدک کالج، گوہاٹی کے لئے 10 کروڑ روپئے کی مالی مدد

شمال مشرق میں روایتی طبی طور طریقوں کو فروغ دینے کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کے لئے آیوش اور بندرگاہوں، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال نے آج گوہاٹی میں منعقدہ ایک کانفرنس میں بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں روایتی طبی طور طریقوں کو فروغ دینے سے متعلق متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ آیوش طریقہ علاج کو فروغ دینے کے لئے منعقدہ شمال مشرقی ریاستوں کی آیوش اور وزرائے صحت کی اس کانفرنس میں آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنتا بسوا سرما نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ کانفرنس میں آیوش اور خواتین و اطفال بہبود کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر منج پارا مہندرا بھائی کالوبھائی، آسام، ناگالینڈ اور سکم کے وزرائے صحت کے ساتھ ساتھ شمال مشرقی ریاستوں کے سینئر افسران اور صنعت کار بھی موجود تھے۔

مرکزی وزیر نے اعلان کیا کہ آیوش نظامات کی ترقی اور فروغ کے لئے شمال مشرقی ریاستوں میں قومی آیوش مشن (این اے ایم) اسکیم کے تحت 1000 نئے ہیلتھ اینڈ ویلنیس سینٹرس (ایچ ڈبلیو سی) کھولے جائیں گے۔ ان مراکز  کا مقصد آیوش طریقہ علاج کے اصولوں پر مبنی جامع صحت ماڈل دستیاب کرانا ہے۔ آیوش کی وزارت ملک میں مجموعی طور پر 12500 ایچ ڈبلیو سی کا آغاز کرے گی۔ آیوش کے ذریعے فراہم کی جانے والی روایتی ادویات کی مقبولیت کو فروغ دینے کے لئے وزیر موصوف نے شمال مشرقی خطے میں قومی آیوش مشن کے تحت 100 آیوش ڈسپنسریوں کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

مرکزی وزیر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آیوش ادویاتی ماہرین کی تعلیم اور تربیت کو فروغ دینے کے لئے گولپارہ کے دودھنوئی میں ایک نئے آیورویدک کالج کے قیام کے لئے این اے ایم کی مدد کے تحت 70 کروڑ روپئے کی مالی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ آیوش کی وزارت نے گوہاٹی میں واقع گورنمنٹ آیورویدک کالج کو اَپ گریڈ کرنے اور اسے سینٹر آف ایکسیلنس کی شکل میں فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں مالی مدد کے طور پر 10 کروڑ روپئے کی رقم فراہم کی جائے گی۔ شمال مشرق کی سبھی ریاستوں سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ نئے آیوش تعلیمی ادارے کھولنے کے لئے وزارت کے پاس خصوصی تجاویز ارسال کریں۔

شمال مشرق میں خام مال کی نیم ڈبہ بندی کے لئے ایک سہولت کار مرکز کھولا جارہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بایو ٹیکنالوجی محکمہ کے تحت منی پور کے امپھال میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بایو- ریسورسیز اینڈ سسٹینبل ڈیولپمنٹ کے تعاون سے شمال مشرقی ریاستوں میں ریجنل  را ڈرگ ریپوزیٹوری (آر آر ڈی آر) یعنی علاقائی خام ادویات مخزن کا قیام بھی اس میں شامل ہے۔ یہ پہل آیوش کی وزارت کے نیشنل میڈیسینل پلانٹس بورڈ کے ذریعے چلائی جانے والی مرکزی زمرے کی اسکیم کے تحت کی جائے گی۔ وزارت دواسازی میں کام آنے والے پودوں کے تحفظ، فروغ اور پائیدار بندوبست سے متعلق مرکزی زمرے کی اسکیم کا نفاذ کررہی ہے۔ اس اسکیم میں ویلیو ایڈیشن، ڈرائنگ (خشک کرنے)، ویئر ہاؤسنگ اور مارکیٹنگ سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ جنگلاتی بندوبست کمیٹیاں (جے ایف ایم سی) کی مدد کرنے کا التزام ہے۔

شمال مشرقی ریاستوں کی حکومتوں، مرکزی حکومت کے ماتحت آیوش طبی سہولتوں اور آیوش کالجوں کے ٹیچنگ اسپتالوں کو آیوش ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (اے ایچ ایم آئی ایس) کے تحت لایا جائے گا، تاکہ مختلف امراض کے بندوبست میں آیوش کی مدد کا ڈیجیٹل ڈیٹابیس تیار کیا جاسکے۔ اے ایچ ایم آئی ایس، آیوش مراکز میں صحت خدمات نظام تقسیم اور مریضوں کی خدمت سے متعلق سبھی کاموں کا مؤثر طریقے سے بندوبست کرنے کے لئے بنایا گیا ایک جامع اطلاعاتی ٹیکنالوجی (آئی ٹی) پلیٹ فارم ہے۔ اسے مریضوں کی خدمت، حسن کارکردگی، مؤثر بندوبست اور آیوش کی سائنسی دستاویز سازی اور ریسرچ میں بہتری کے مقصد سے فروغ دیا گیا ہے۔

آیوش کی وزارت کے زیر سایہ انویسٹ انڈیا کے تحت اسٹریٹیجک پالیسی اور فیسیلٹیشن بیورو مینوفیکچرنگ اور خدمات سمیت شمال مشرقی ریاستوں میں آیوش اور ویلنیس سینٹرس میں ممکنہ سرمایہ کاروں کے ساتھ تال میل قائم کرے گا اور ان کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ ٹیم کے لئے شمال مشرقی ریاستوں میں میڈیکل ویلیو ٹراویل پرموشن، ترجیح والا شعبہ ہوگا۔

 

******

 

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO.8414



(Release ID: 1750066) Visitor Counter : 134


Read this release in: English , Hindi , Manipuri , Tamil