وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

محکمہ انکم ٹیکس کے ای-فائلنگ پورٹل میں خامیوں کے تعلق سے انفوسس کے ساتھ وزارت خزانہ کی میٹنگ

Posted On: 23 AUG 2021 6:48PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  23/اگست2021 ۔ خزانہ اور کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیر محترمہ نرملا سیتا رمن نے آج یہاں دوپہر میں انفوسس کے ایم ڈی اور سی ای او جناب سلیل پاریکھ کے ساتھ میٹنگ کی اور لانچ کے ڈھائی مہینے بعد بھی محکمہ انکم ٹیکس کے ای-فائلنگ پورٹل میں موجود خامیوں اور حکومت و ٹیکس دہندگان کی گہری مایوسی اور تشاویش سے انھیں واقف کرایا۔ اس سے قبل اس کی لانچنگ میں بھی تاخیر ہوئی تھی۔ محترمہ سیتا رمن نے ٹیکس دہندگان کو بار بار ہورہی ان دقتوں کے لئے انفوسس سے وضاحت طلب کی۔

وزارت خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ انفوسس کی جانب سے اور زیادہ وسائل لگانے اور کوشش کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ جن خدمات کے تعلق سے اتفاق ہوا تھا ان کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے، جس میں کافی تاخیر ہوئی۔ جناب پاریکھ کو ٹیکس دہندگان کو ہونے والی دشواریوں اور پورٹل کے کام کاج میں تاخیر کے سبب پیدا ہونے والے مسائل سے بھی واقف کرایا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس پورٹل کے موجودہ طریقہ کار کو لے کر ٹیکس دہندگان جن دقتوں کا سامنا کررہے ہیں انھیں 15 ستمبر 2021 تک ان کی ٹیم کے ذریعے دور کیا جانا چاہئے، تاکہ ٹیکس دہندگان اور پیشہ ور افراد اس پورٹل پر بغیر کسی رخنہ اندازی کے کام کرسکیں۔

جناب پاریکھ نے واضح کیا کہ وہ اور ان کی ٹیم اس پورٹل کے بحسن و خوبی کام کرنے کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ جناب پاریکھ نے کہا کہ 750 سے زیادہ لوگوں کی ٹیم اس پروجیکٹ پر کام کررہی ہے اور انفوسس کے سی او او جناب پروین راؤ ذاتی طور پر اس پروجیکٹ کی نگرانی کررہے ہیں۔ جناب پاریکھ نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ اس پورٹل پر ٹیکس دہندگان کو خامیوں سے پاک احساس کو یقینی بنانے کے لئے انفوسس پوری تندہی کے ساتھ کام کررہی ہے۔

 

******

 

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO. 8089


(Release ID: 1748453) Visitor Counter : 201