وزارت دفاع

وزیر دفاع نے بھارتی فوج کی اسکینگ  مہم ، آرمیکس – 21 کا نئی دلّی میں خیر مقدم کیا  

Posted On: 23 JUL 2021 4:17PM by PIB Delhi
  • فوج کی اسکینگ مہم ہمالیہ  کے پہاڑی علاقے میں  منعقد کی گئی ۔
  • لداخ کے قراقرم  درے سے اترا کھنڈ  کے ملاری تک 1660 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا ۔
  • بین الاقوامی سرحد اور دور دراز کے علاقوں  کے بارے میں ٹیم نے معلومات   یکجا کیں ۔
  • وزیر دفاع نے مسلح افواج کی جرات مندی ، حوصلے اور  جذبے کی ستائش کی ۔

 

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 23 جولائی  ، 2021 ء کو نئی دلّی میں بھارتی فوج کی اسکینگ  مہم ، آرمیکس  - 21 کا خیر مقدم کیا ۔  آرمیکس  - 21 ملک میں اور بھارتی فوج میں مہم  جوئی کو فروغ دینے کی خاطر ہمالیہ  کے خطے میں منعقد کی گئی ۔ یہ مہم  10 مارچ ، 2021 ء کو لداخ کے قراقرم  سے روانہ ہوئی تھی اور 119 دن میں 1660 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے 6 جولائی ، 2021 ء کو اترا کھنڈ  کے ملاری پہنچی ہے ۔ مہم کے دوران ٹیم نے  5000 – 6500 میٹر تک کی اونچائی  کے کئی دروں ، وادیوں اور دریاؤں کو پار کیا ۔  ٹیم نے دور دراز کے علاقوں کے مقامی  لوگوں کے ساتھ  بھی  گفتگو کی ۔ اس نے بین الاقوامی  سرحد  کے آس پاس  اور دور دراز کے علاقوں  کے بارے میں معلومات  حاصل کیں ۔

 

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ  23 جولائی ، 2021 ء کو نئی دلّی میں فوج کی اسکینگ  مہم ، آرمیکس  - 21 کے خیر مقدم کے دوران

 

          اس موقع پر  اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے چیلنج بھری  مہم کو کامیابی  کے ساتھ  مکمل کرنے پر ٹیم کو مبارکباد دی اور ان کی ہمت  اور جرات مندی کی ستائش کی ۔ مہم کو غیر معمولی  قرار دیتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ ٹیم  نے نہ صرف چیلنج بھرا سفر  طے کیا  ہے بلکہ  خطے کا عملی  معائنہ بھی کیا ہے ۔

         

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھارتی فوج  کی اسکینگ مہم ، آرمیکس  - 21 کے خیر مقدم کے موقع پر 23 جولائی ، 2021 ء کو نئی دلّی  میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے

وزیر دفاع نے مسلح افواج کی جرا ت مندی ، حوصلے اور جذبے کی ستائش کی اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک کا تحفظ  اور سلامتی محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔  انہوں نے اس یقین  کا اظہار کیا کہ آرمیکس – 21 پورے ملک میں  نئی نسل  میں مہم جوئی  کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔

          ٹیم کے لیڈر میجر اے کے سنگھ نے سفر کے دوران  ٹیم کے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کئی  ایسے موقع بھی آئے ، جب ان کے حوصلے کی آزمائش ہوئی ۔  انہوں نے کہا کہ  سب سے زیادہ مشکل  گڑھوال  کے کالندی  کھل سے گزرتے ہوئے ہوئی ، جہاں انہیں  5500 میٹر کی بلندی  پر کیمپ  لگانا تھا ۔ ٹیم لیڈر نے دور دراز کے علاقوں  میں رہنے والے  لوگوں کے ساتھ  بات چیت  کو یادگار تجربہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی سادگی  اور مدد کرنے کا جذبہ  دلوں  کو چھو لینے والا  ہے ۔

 

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ  کو 23 جولائی ، 2021 ء کو نئی دلّی میں میجر اے کے سنگھ اپنے فر کی تفصیل  بتاتے ہوئے

 

ٹیم کے  ارکان نے بتایا کہ اونچے  پہاڑی  علاقوں میں سفر کرتے اور پہاڑ سر کرنے میں کس طرح بہت بڑا فرق ہے ۔ انہوں نے  کہا کہ  اس طرح  کا سفر آپ  کی قوت برداشت کو آزماتا ہے ۔ ٹیم کے ارکان کو اکثر خود اپنا 30 – 30 کلو گرام سے زیادہ  سامان اٹھاکر  بھی چلنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ  ٹیم کا جذبہ  ہی اصل جذبہ ہے ۔

جناب  راج ناتھ سنگھ نے اس موقع پر آرمیکس  - 21 کے ٹیم ارکان کی عزت افزائی بھی کی ۔

 

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ  23 جولائی ، 2021 ء کو فوج کی اسکینگ  مہم آرمیکس – 21 کی عزت افزائی کرتے ہوئے

 

ٹیم کے خیر مقدم کے موقع پر فوج کے سربراہ جنرل ایم ایم نرونے اور بھارتی فوج کے دیگر سینئر عہدیدار بھی موجود تھے ۔

 

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ  23 جولائی ، 2021 ء کو آرمیکس  - 21 کے خیر مقدم کی تقریب  میں  ٹیم کے ساتھ  ، ان کے ساتھ فوج کے سربراہ   ایم ایم نرونے  کو بھی دیکھا  جا سکتا ہے ۔

***********

 

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا  ۔   23.07.2021 )

U.No. 6910



(Release ID: 1738446) Visitor Counter : 224