نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدرِ جمہوریہ نے علاقائی زبانوں میں کورس کرانے کے لئے 14 انجینئرنگ کالجوں کی ستائش کی


تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ علاقائی زبانوں میں کورس کرائیں

علاقائی زبان میں کورس طلباء کے لئے نعمت ثابت ہوں گے : نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ نے ہندوستانی زبانوں کے تحفظ میں عوام کی شرکت پر زور دیا

مادری زبان سے ہمارا پیدائشی رشتہ ہوتا ہے : نائب صدر جمہوریہ

ہمیں اپنی مادری زبان بولنے میں فخر کرنا چاہیئے : نائب صدر جمہوریہ

زبانیں اسی وقت بر قرار رہتی ہیں اور فروغ پاتی ہیں ، جب ان کا زیادہ استعمال کیا جائے : نائب صدر جمہوریہ

Posted On: 21 JUL 2021 12:39PM by PIB Delhi

نئی  دلّی ، 21 جولائی/علاقائی زبانوں  میں انجینئرنگ  کورس کرانے کے لئے 8 ریاستوں  کے 14 انجینئرنگ  کالجوں کے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے نائب  صدرِ جمہوریہ   ایم وینکیا  نائیڈو نے مزید تعلیمی اداروں ، خاص طور پر  تکنیکی اور پیشہ ورانہ  تعلیم فراہم کرنے والے اداروں  پر زور دیا ہے کہ وہ اس  طرح کے اقدامات کریں ۔

انہوں نے  زور دیا کہ علاقائی  زبانوں میں کورس کرانا  طلباء  کے لئے نعمت  ثابت  ہوگا ۔ اپنی شدید خواہش  کا اظہار کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ یہ میری خواہش  ہے کہ میں  وہ دن دیکھ سکوں ، جب تمام پیشہ  ورانہ کورس جیسے انجینئرنگ  ، میڈیسن اور قانون  کی تعلیم مادری  زبان میں دی  جائے ۔

‘‘ مادری زبان  میں انجینئرنگ  کورس – درست سمت میں ایک قدم ’’ کے عنوان سے ایک فیس بک پوسٹ  میں ، جسے آج گیارہ   زبانوں میں پوسٹ کیا گیا ہے ، نائب صدر نے  بی ٹیک پروگرام کو ہندی ، مراٹھی ، تمل ، تیلگو ، کنڑ ، گجراتی ، ملیالم ، بنگالی  ، اسامی ، پنجابی اور اوڈیہ  سمیت  گیارہ ہندوستانی زبانوں میں کرانے کے لئے تکنیکی تعلیم کی کل ہند کونسل ، اے آئی سی ٹی ای کے فیصلے پر اپنی خوشی  کا اظہار کیا  ۔ انہوں نے نئے تعلیمی سال سے 8 ریاستوں کے 14 انجینئرنگ  کالجوں کے ذریعہ  علاقائی زبانوں میں کورس کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ پختہ  یقین ہے کہ یہ درست  سمت میں ایک قدم ہے ۔

مادری زبان میں پڑھنے  کے فوائد کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ اس سے طالب علم کے سمجھنے   اور یاد رکھنے کی صلاحیت  میں اضافہ  ہوتا ہے ۔  انہوں نے کہا کہ کسی دوسری  زبان میں مضمون کو سمجھنے کے لئے  طالب علم کو پہلے اس زبان پر  عبور حاصل کرنا ہوگا ،جس کے لئے بہت  محنت  کی ضرورت ہے  لیکن اگر وہ  اپنی مادری زبان میں پڑھتا ہے تو اس  میں  ایسا نہیں ہو گا ۔

ملک کی مالا مال  لسانی اور ثقافتی  وراثت  کو اجاگر کرتے ہوئے  نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان سینکڑوں  زبانوں اور ہزاروں  لہجوں کا گہوارہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  ہمارا لسانی تنوع ، ہماری مالا مال ثقافتی  وراثت  کا لازمی جزو ہے ۔ جناب نائیڈو نے کہا کہ ہماری مادری زبان  یا ہماری علاقائی  زبان ہمارے لئے  بہت خاص ہوتی ہے کیونکہ اس کے ساتھ ہمارا پیدائشی  رشتہ ہوتا ہے ۔

اقوامِ متحدہ کی ایک رپورٹ  کا حوالہ دیتے ہوئے  کہ ہر دو ہفتے  میں ایک زبان معدوم ہو جاتی ہے ، جناب نائیڈو نے اس بات  پر تشویش  کا اظہار کیا کہ ہندوستان میں 196 زبانیں  خطرے میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مقامی زبانوں کے  تحفظ کے لئے ہمیں کثیر جہتی  طریقۂ کار  اپنانے کی ضرورت ہے ۔ جناب نائیڈو نے عوام پر  زور دیا کہ وہ جتنی زیادہ  زبانیں سیکھ سکتے ہیں ، سیکھیں  کیونکہ ہم جو بھی زبان   سیکھتے ہیں  تو اس کے ساتھ ہمارا دوسرے کلچر کے ساتھ  تعلق بھی مضبوط ہوتا ہے ۔

زبانوں  کے تحفظ کے لئے  حکومت کے ذریعہ   کئے گئے   اقدامات  کی ستائش کرتے ہوئے  نائب صدر جمہوریہ نے   یہ اجاگر  کیا کہ نئی تعلیمی پالیسی ، جہاں کہیں بھی ممکن  ہو ، مادری زبان  / مقامی زبان / علاقائی زبان میں تعلیم فراہم کرنے پر زور دیتی ہے ، خاص طور پر  5 ویں  کلاس تک یا آٹھویں  جماعت اور اس سے آگے بھی ۔

جناب نائیڈو نے تعلیم کی وزارت  کے تحت  معدوم ہونے کے خطرے  سے دو چار زبانوں  کے تحفظ  اور ان کو  بر قرار رکھنے کی اسکیم ( ایس پی پی ای ایل )  کے تحت  زبانوں کو دستاویزی  شکل دینے کی ستائش کی ۔

نائب صدر جمہوریہ  نے کہا کہ حکومت تنہا ہی  ضروری تبدیلی  پیدا نہیں کر سکتی  ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خوبصورت زبانوں  کے تحفظ  میں عوام کی شرکت  بہت اہم ہے ۔ جناب نائیڈو نے عوام پر زور  دیا کہ وہ   نہ صرف اپنے  گھروں میں  بلکہ  جہاں بھی  ممکن ہو ، اپنی  مادری زبان  میں گفتگو کریں ۔  انہوں نے کہا کہ  زبانیں اسی  وقت فروغ  پاتی ہیں  اور بر قرار رہتی ہیں ،  جب ان کا زیادہ سے زیادہ  استعمال کیا جائے ۔ ’’

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔

U.No. 6805


(Release ID: 1737599) Visitor Counter : 383