صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

ہماری حقیقی کامیابی بابا صاحب کی اقدار اور نظریے کے مطابق سماج اور ملک کی تعمیر میں پوشیدہ ہے : صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند


صدرِ جمہوریۂ ہند نے لکھنؤ میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر یادگاری اور ثقافتی مرکز کا سنگِ بنیاد رکھا

Posted On: 29 JUN 2021 3:47PM by PIB Delhi

 

نئی  دلّی ، 29 جون / صدرِ جمہوریۂ ہند جناب رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ ہماری حقیقی کامیابی بابا صاحب کے نظریات اور اُن کی اقدار کے مطابق سماج اور ملک کی تعمیر میں  پوشیدہ ہے ۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے ، اِس سمت میں پیش رفت کی ہے لیکن ابھی بہت  کچھ کیا جانا باقی ہے ۔ وہ آج  ( 29 جون ، 2021 ء ) کو لکھنؤ میں  ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر یاد گاری اور ثقافتی مرکز   کا سنگِ بنیاد  رکھنے کے بعد اظہارِ خیال کر رہے تھے ۔

          صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ  کثیر جہتی شخصیت  اور  ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی ملک کی تعمیر میں  گراں قدر تعاون ، اُن کی غیر معمولی  صلاحیتوں  اور  اہلیت کا عکاس ہے ۔ وہ نہ صرف  ایک  ماہرِ تعلیم  ، ماہرِ معاشیات  ، منصف سیاست داں ، صحافی ، سماجیات کے ماہر اور سماجی اصلاح کار تھے ، بلکہ انہوں نے ثقافت ، مذہب اور روحانیت کے شعبوں میں بھی  گراں قدر تعاون کیا ۔

          صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ اخلاقیات  ، برابری ، عزتِ نفس  اور ہندوستانیت   ، بابا صاحب کے چار سب سے اہم نظریے تھے ۔ ان چار نظریات   کی عکاسی ، اُن کے خیالات اور عمل  سے ہوتی ہے ۔  ڈاکٹر امبیڈکر نے مہاتما بدھ کے خیالات  کو پھیلایا  ۔ اُن کی  ، اِن کوششوں کا مقصد  ہمدردی  ، بھائی چارے ، عدم تشدد ، برابری   اور احترام   کی ہندوستانی اقدار  کو  عوام  تک پہنچانا اور  سماجی انصاف کے نظریے  کو حقیقت میں تبدیل کرنا تھا ۔  بھگوان بدھ کا ہمدردی اور ہم آہنگی کا پیغام ، اُن کی زندگی اور سیاست کی بنیاد تھا ۔  بابا صاحب نے   اخلاقیات اور ہم آہنگی  کی ثقافتی اقدار  پر مبنی سیاست کی ضرورت پر زور دیا ۔ وہ کہا کرتے تھے کہ وہ پہلے ایک ہندوستانی ہیں اور  بعد میں بھی ہندوستانی ہیں اور آخر میں بھی ہندوستانی ہیں ۔

          صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ باباب صاحب نے ہمیشہ  خواتین کو برابری کے حقوق فراہم کرنے کی وکالت کی ۔ اُن کے ذریعے مرتب کردہ آئین میں  خواتین کو بھی مردوں کے برابر  بنیادی حقوق فراہم کئے گئے ہیں ۔ ڈاکٹر امبیڈکر چاہتے تھے کہ  برابری  کا بنیادی حق   ، اِس معاملے پر ایک علیحدہ بل کے ذریعے واضح طور پر دیا جانا چاہیئے ، جس میں  جائیدار کی وراثت اور شادی  اور زندگی کے دوسرے  پہلوؤں کا احاطہ کیا جائے ۔ آج ہمارا قانونی نظام  خواتین کے لئے جائیداد کے حقوق جیسے کئی معاملات میں ، اُن کے تجویز کردہ  راستے پر  پیش رفت کر رہا ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بابا صاحب  کی دور اندیشی اپنے وقت سے کافی آگے تھی ۔

          صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ  لکھنؤ میں بابا صاحب کی یاد گار کے طور پر ایک ثقافتی مرکز  تعمیر کرنے  کا حکومتِ اتر پردیش کا کام قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے اِس یقین کا اظہار کیا کہ  تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہ ثقافتی مرکز تمام شہریوں  ، خاص طور سے نوجوان نسل کے لوگوں کو  ، ڈاکٹر امبیڈکر کے خیالات و نظریات اور اُن کے مقاصد  کی تعلیم دینے میں  موثر رول ادا کرے گا ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔

( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا  ۔ 29-06-2021 )

U.No. 6004

 



(Release ID: 1731227) Visitor Counter : 524