وزارت دفاع

وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے ’پروجیکٹ سی برڈ‘ کے تحت کروار بحری اڈے میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا


وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ یہ ایشیا کا سب سے بڑا بحری اڈہ بنے گا اور مسلح افواج کی فوجی تیاریوں کو مزید قوت فراہم کرے گا

Posted On: 24 JUN 2021 5:44PM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے ’پروجیکٹ سی برڈ‘ کے تحت جاری بنیادی ڈھانچہ ترقیاتی کاموں  کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے 24 جون 2021 کو کرناٹک میں کروار بحری اڈے کا دورہ کیا۔ آئی این ایس کدمبا ہیلی پیڈ پر پہنچنے سے قبل جناب راجناتھ سنگھ نے چیف آف دی نول اسٹاف ایڈمرل کرم بیر سنگھ کے ساتھ پروجیکٹ کے علاقے اور مقام کا ہوائی جائزہ لیا۔ فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، مغربی بحری کمانڈ  کے وائس ایڈمرل آر ہری کمار اور فلیگ آفیسر کمانڈنگ کرناٹک نول ایریا، ریئر ایڈمرل مہیش سنگھ کے ذریعہ ، دورے پر آئے عہدیداران کا استقبال کیا گیا۔

وزیر دفاع نے بحری اڈے پر جاری کاموں کا معائنہ کیا اور شپ لفٹ ٹاور پر اہلیت کے مظاہرے سمیت ترقیاتی کاموں سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے بحری بندرگاہ کا بھی دورہ کیا اور پروجیکٹ سی برڈ مرحلہ II کے تحت کیے جا رہے بحری کاموں / بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا، ساتھ ہی گھاٹوں کا بھی معائنہ کیا۔ جناب راجناتھ سنگھ نے حال ہی میں تعمیر شدہ سیلرس میرِڈ سکونت گاہ کا دورہ کیا جس میں آبی سہولت، گھر کے فضلے کی انتظام کاری، توانائی صلاحیت جیسی سہولتیں موجود ہیں اور جو ماحولیات دوست رہائش گاہیں فراہم کرتا ہے۔

جناب راجناتھ سنگھ نے پروجیکٹ سی برڈ کے کروار بحری اڈے کے ٹھیکیداروں ، انجینئروں اور افسران، ملاحوں اور شہریوں سے بات چیت کی۔ اپنے خطاب میں، انہوں نے ’پروجیکٹ سی برڈ‘ کے تحت انجام دیے گئے کاموں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد کروار بحری اڈہ ایشیاکا سب سے بڑا بحری اڈہ بن جائے گا اور یہ مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کو تقویت بہم پہنچانے کے ساتھ ساتھ تجارت، معیشت اور انسانی امداد کے آپریشنوں کو بڑھاوا د ے گا۔

وزیر دفاع نے مسلح افواج کے مضبوط حصہ ہونے کے لئے بھارتی بحریہ کی ستائش کی جو کلیدی ، سفارتی اور تجارتی سطحوں پر بھارت کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ بحری اور قومی سلامتی کے تئیں بیش بہا تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ ملک کی حفاظت کے لئے کامیابی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہے، جو 7500 کلو میٹر سے زائد طویل ساحلی خطے ، تقریباً 1300 جزائر اور 2.5 ملین مربع کلومیٹر طویل خصوصی اقتصادی زون پر احاطہ کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ جناب راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ بحریہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ذریعہ تصور کردہ ’ساگر‘(خطے میں سب کے لئے سلامتی اور ترقی)پر مرتکز اپنے بحری ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھارت کے تعلقات کو مضبوطی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے 1961 کی گوا جنگ آزادی اور 1971 کی بھارت ۔ پاک جنگ کے دوران بھارتی بحریہ کے کردار کی بھی ستائش کی۔

جناب راجناتھ سنگھ نےنہ صرف ملک بلکہ دنیا کو، خصوصاً کووِڈ۔19 وبائی مرض کے دوران، انسانی امداد فراہم کرانے کے لئے بھارتی بحریہ کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا، ’’غیر ممالک میں پھنسے بھارتی شہریوں کو صحیح سلامت ملک واپس لانے سے لے کر بیرونی ممالک سے آکسیجن سلینڈروں سمیت ضروری سامان لانے تک، بھارتی بحریہ نے کووِڈ۔19 کے خلاف جنگ میں بغیر تھکے کام کیا ہے۔ بحریہ نے متعدد ممالک کےلئے بھی مدد کا ہاتھ بڑھایا۔‘‘

وزیر دفاع نے مسلح افواج کی فوجی تیاریوں کو مزید قوت فراہم کرنے کی غرض سے حکومت کے ذریعہ  کی گئیں چند پہل قدمیوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں چیف آف ڈفینس اسٹاف کی تقرری اور وزارت دفاع میں عسکری امور کے شعبے کا قیام جیسے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں خودکفالت کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے ذریعہ کیے گئے متعدد اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ ان پہل قدمیوں میں گھریلو خریداری کے لئے 2021۔22 کے لئے سرمایہ حصولیابی بجٹ کے تحت سرمایہ تجدید کاری کی 64 فیصد تخصیص ؛ دفاعی حصولیابی طریقہ کار2020 میں تبدیلی اور دفاعی شعبے میں ایف ڈی آئی حد کو 74 فیصد تک بڑھانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

بھارتی بحریہ میں خودکفالت کو فروغ دینے کے لئے کی گئیں کوششوں کے بارے میں جناب راجناتھ سنگھ نے بتایا کہ بحریہ کی تجدید کاری کے بجٹ کا دوتہائی حصہ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران گھریلو خریداری پر صرف کیا گیا۔ ’آتم نربھر بھارت‘ کے تئیں بحریہ کی عہدبستگی کی ستائش کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ 48 بحری جہازوں اور پن ڈبیوں میں سے 46 کو اندرونِ ملک تیاری کے ذریعہ بحریہ میں شامل کیا جا رہا ہے۔وزیر دفاع نے دیسی ایئرکرافٹ کیرئیر وکرانت کو بحریہ کی خودکفالت کی کوششوں کا بین ثبوت بتایا۔ انہوں نے کہا کہ دیسی ایئر کرافٹ کیریئر وکرانت کی بحریہ میں شمولیت بھارتی دفاع کی تاریخ میں ایک اہم واقعہ ہوگا کیونکہ یہ بھارت کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہونا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارتی بحریہ آنے والے برسوں میں دنیا کی سرکردہ تین بحری افواج میں سے ایک بن جائے گی اور ملک کی سلامتی میں ایک اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

 


*****

ش ح ۔اب ن

U:5865


(Release ID: 1730176) Visitor Counter : 249