صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

کوویڈ-19 ٹیکہ کاری: غلط تصورات بنام حقائق


ان لوگوں  کے لیے ٹیکہ کاری سیشن منعقد کرنے کے لیے خصوصی التزامات کیے گئے ہیں  جن کے پاس 9متعینہ شناختی کارڈوں میں  سے ایک بھی نہیں  ہے یا جن کے پاس موبائل فون نہیں  ہیں

بزرگوں اور معذور افراد کے لیے گھر کے قریب ٹیکہ کاری خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں

 کوویڈ-19 ٹیکہ کاری کوریج قبائلی/دیہی اضلاع میں قومی اوسط سے بہتر ہے

Posted On: 23 JUN 2021 2:22PM by PIB Delhi

دہلی، 23 جون 2021: کچھ میڈیا رپورٹوں میں  الزام لگایا گیا ہے کہ تکنیکی تقاضوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے بے گھر افراد کو کوویڈ-19 ٹیکہ کاری کے لیے اندراج کرنے سے "روک دیا گیا اور واضح طور پر محروم کر دیا گیا ہے"۔ رپورٹوں  میں  مزید کہا گیا کہ 'ڈیجیٹل طور پر اندراج کرنے کی ضرورت'، 'انگریزی کا علم اور کمپیوٹر یا انٹرنیٹ سے منسلک سمارٹ فونز کی رسائی' کچھ عوامل ہیں  جو لوگوں  کو ٹیکہ کاری سے محروم کرتے ہیں۔

یہ دعوے بے بنیاد ہیں  اور حقائق پر مبنی نہیں  ہیں۔ یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ:

  1. موبائل فون ہونا کوویڈ ٹیکہ کاری کے لیے کوئی بنیاد نہیں  ہے۔
  2. ٹیکہ کاری سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایڈریس کا ثبوت پیش کرنا بھی لازمی نہیں  ہے۔
  3. ٹیکہ کاری سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے سے کووِن پر آن لائن اندراج کرنا لازمی نہیں  ہے۔
  4. صارفین کو سمجھنے میں  آسانی پیدا کرنے کے لیے کو ون اب 12 زبانوں  میں  دستیاب ہے۔ ان میں  ہندی، ملیالم، تمل، تیلگو، کناڈا، مراٹھی، گجراتی، اوڈیا، بنگالی، آسامی، گرمکھی (پنجابی) اور انگریزی شامل ہیں۔

کو ون پلیٹ فارم ایک جامع آئی ٹی نظام ہے جو ملک کے انتہائی دور دراز علاقوں  کے ساتھ ساتھ انتہائی کمزور لوگوں  کے لیے کوریج کو آسان بنانے کے لیے تمام ضروری سہولیات والا ایک لچک دار فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ اگرچہ ٹیکہ کاری کے حصول کے لیے آدھار، ووٹر فوٹو شناختی کارڈ، تصویر کے ساتھ راشن کارڈ اور معذوری شناختی کارڈ وغیرہ سمیت نو شناختی کارڈوں  میں  سے کسی ایک کی ضرورت ہے، تاہم  بھارت سرکار نے ان لوگوں  کے لیے ٹیکہ کاری سیشن منعقد کرنے کے لیے خصوصی التزامات کیے ہیں  جن کے پاس نو مخصوص شناختی کارڈوں میں سے کوئی بھی نہیں ہے یا جن کے پاس موبائل فون نہیں  ہیں۔

ان التزامات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اب تک ایسے 2 لاکھ سے زائد مستفیدین کو ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔ معمر اور مختلف اہل افراد کے لیے ان کے گھروں  کے قریب ٹیکہ کاری کی خدمات بھی فراہم کی گئیں۔ بھارت سرکار نے 27 مئی 2021 کو عمر رسیدہ افراد اور معذور افراد کے لیے گھر کے قریب ٹیکہ کاری مرکز کی خدمات کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔

ان لوگوں  کے لیے تمام سرکاری ٹیکہ کاری مراکز میں  مفت آن سائٹ رجسٹریشن (جسے واک ان بھی کہا جاتا ہے) اور ٹیکہ کاری دستیاب ہے جن کی انٹرنیٹ یا سمارٹ فون یا یہاں  تک کہ موبائل فون تک رسائی نہیں  ہے۔ اب تک دی گئی ویکسین کی 80 فیصد خوراک آن سائٹ ٹیکہ کاری موڈ میں  دی گئی ہے۔ آن سائٹ (یا واک ان) ٹیکہ کاری رجسٹریشن، ٹیکہ کاری اور ٹیکہ کاری سرٹیفکیٹ بنانے کے تمام امور ٹیکہ لگانے والوں  کے ذریعے انجام دیے جاتے ہیں، نیز مستفید ہونے والے کو صرف بنیادی کم از کم ضروری معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

مزید برآں  قومی اوسط کے مقابلے میں  قبائلی اضلاع میں  کوویڈ-19 ٹیکہ کاری کوریج بہتر پائی گئی ہے۔ اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ 70 فیصد سے زائد ٹیکہ کاری مراکز دیہی علاقوں  میں  واقع ہیں  جن میں  26 ہزار سے زائد بنیادی صحت مراکز اور 26 ہزار سے زائد ذیلی صحت مراکز شامل ہیں۔

***

U. No. 5821

(ش ح - ع ا - ع ر)

 



(Release ID: 1729938) Visitor Counter : 341