اقلیتی امور کی وزارتت

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب مختار عباس نقوی نے ملک کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں کورونا ٹیکہ کاری کے تعلق سے شعور بیدار کرنے کے لئے ملک بھر میں "جان ہے توجہان ہے"مہم کا آغاز کیا


"ٹیکہ لینے میں ہچکچاہٹ کورونا کو دعوت دینے کے مترادف": جناب نقوی

وزارت اقلیتی امور کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی و تعلیمی اداروں ، این جی اوز اور خواتین سیلف ہیلپ گروپوں نے اس مہم کا آغاز کیا ہے جو آنے والے دنوں میں ملک بھر میں منعقد کی جائے گی

Posted On: 21 JUN 2021 2:35PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی ،21 جون : اقلیتی امور کے مرکزی وزیرجناب  مختار عباس نقوی نے آج ملک کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں کورونا کی ٹیکہ کاری کے سلسلے میں شعور بیدار کرنے کے لئے ایک ملک گیر "جان ہے توجہان ہے"کے عنوان سے بیداری مہم کا آغاز کیا ۔ مزید یہ کہ کچھ مفاد پرست عناصر کے ذریعہ ٹیکہ کاری  کی جاری مہم کو بدنام کرنے کے لیے افواہوں اور خدشات کا سہارا لینے والوں کا"قلع قمع کرنے اور اسے روکنے" کے لیے  بھی مہم چھیڑی ہے۔

اترپردیش کےرام پور میں واقع پرائمری ہیلتھ سنٹر، چامراؤ سے مہم کا آغاز کرتے ہوئے، جناب  نقوی نے کہا کہ "ٹیکہ کاری سے انحراف  کرنا اور اس میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرنا  کورونا کو دعوت  دینے  کے مترادف ہے۔"

جناب  نقوی نے  اس موقع پر مزید کہا کہ کچھ مفاد پسند عناصر ملک کے کچھ علاقوں میں کورونا ویکسین کے حوالے سے افواہیں اور خدشات پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر لوگوں کی صحت اور  ان کی فلاح و بہبود کے دشمن ہیں۔

وزیر موصوف نے کہا کہ وزارت اقلیتی امور کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی و تعلیمی اداروں ، این جی اوز اور خواتین سیلف ہیلپ گروپوں کو ساتھ لے کربیداری  مہم کا آغاز کیا گیا ہے جو آنے والے دنوں میں ملک بھر میں منعقد کیا جائے گا۔ اس مہم کے تحت مختلف مذہبی رہنماؤں ، سماجی ، تعلیمی ، ثقافتی ، طبی ، سائنس اور دیگر شعبوں کی ممتاز شخصیات عام لوگوں کو ٹیکہ لگوانے کے لئے موثر پیغامات دیں گی اور ملک بھر میں نکڑ ناٹکوں  کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا  کہ کورونا کی  دو "میڈ اِن انڈیا" ویکسین ہمارے سائنسدانوں کی  انتھک محنت کا ثمرہ  ہیں اور سائنسی طور پر یہ ثابت ہوچکا ہے کہ یہ ویکسین کورونا کے خلاف جنگ میں بالکل محفوظ اور موثر ہتھیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے ہر ذی فہم شخص کو  کورونا کی اس  وباسے محفوظ رہنے کے لیے ٹیکہ لینا ہوگا اور اسی سے ہمارا ملک اس مہلک مرض سے پاک ہوگا۔

جناب نقوی نے بتایا کہ ریاستی حج کمیٹیاں، وقف بورڈ ، ان سے وابستہ تنظیمیں ، مرکزی وقف کونسل ، مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن ، مختلف سماجی اور تعلیمی اداروں ، این جی اوز ، وزارت اقلیتی امور کی "نئی روشنی" اسکیم کے تحت کام کرنے والی خواتین سیلف ہیلپ گروپوں  کو بھی   اس اہم ترین بیداری مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ تنظیمیں کورونا کی وبائی بیماری سے نمٹنے کے لئے لوگوں کوٹیکے لگوانے کی ترغیب دیں گی۔

دلی کی جامع مسجد کے شاہی امام ، سید احمد بخاری،  فتح پوری مسجد، دہلی کے امام ڈاکٹر مفتی مکرم احمد، جین گرو اچاریہ لوکیش منی، دہلی کے آرچڈیوسیس ، آرچ بشپ انیل جوزف تھامس کوٹو، پارسی مذہب کے سرکردہ رہنما دستورجی داداچنجی، ممتاز شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد، دہلی سکھ گرودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے صدر جناب  منجیندر سنگھ سرسا، اجمیر شریف درگاہ  کے سجادہ نشین سید زین العابدین، انجمن سید جدگان ، درگاہ اجمیر شریف  کے چیئرمین حاجی سید معین حسین، درگاہ اجمیر شریف کے خادم جناب سید غلام کبریہ دستگیر، آل انڈیا صوفی سجادہ نشین چیئرمین سید ناصرالدین چشتی، درگاہ نظام الدین ، ​​دہلی سجادہ نشین سید حماد نظامی، شیعہ مسجد ، دہلی کے امام مولانا محمد علی محسن تقوی، بین مذاہب ہم آہنگی فاؤنڈیشن آف انڈیا کے بانی ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طارق منصور، آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے سربراہ و امام ڈاکٹر عمر احمد الیاسی، معروف نیورو سرجن ڈاکٹر مازدہ تریل، ڈائریکٹر یونیسکو پارزور اور جیو پارسی ڈاکٹر شیرناز کاما ، بودھ مذہب کے سرکردہ راہب کاچیان سرمان، مشہور مزاحیہ  اداکار راجو شریواستو،بالی ووڈ کی ممتاز گلوکارہ محترمہ نیلم چوہان، محترمہ رانی اندرانی اورجناب ویویک مشرا سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے کورونا کے تعلق سے اپنے موثرپیغامات لوگوں تک پہنچائی ہیں  اور عوام الناس سے  اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کی ٹیکہ کاری کے تعلق سے  شعور بیدار کریں۔

کورونا کی ویکسین کے سلسلے میں شعور بیدار کرنے کے لئے ان سرکردہ شخصیات کے ویڈیو پیغامات سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور دوسرے میڈیم کے ذریعے لوگوں تک پہنچائے  جائیں گے۔ نیز آنے والے دنوں میں ملک کی مزید متعدد دیگر اعلی  شخصیات بھی اس مہم میں شامل ہوں گی۔

جناب نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت پورے ملک  (ہندوستان) میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم چلا رہی ہے۔ ملک میں اب تک کروڑوں لوگوں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ بھارت ان ممالک کے مقابلے میں کورونا ویکسینیشن میں بہت آگے ہے جن کے پاس پہلے سے بہتر وسائل اور سہولیات موجود ہیں۔

جناب نقوی نے کہا کہ حکومت اور معاشرے نے  عزم واستقلال اور پوری خود اعتمادی کے ساتھ کورونا کو شکست دینے کے لئے متحد ہوکر کام کیا ہے اور ملک اب اس سنگین بحران سے نکل رہا ہے۔

 

ش ح - س ک

U NO. 5722



(Release ID: 1729066) Visitor Counter : 205