اقلیتی امور کی وزارتت

اقلیتی اُمور کے وزیرجناب مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں کورونا ٹیکہ کاری کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے 21 جون 2021 کو ملک بھر میں ’’جان ہے تو جہان ہے‘‘ بیداری مہم شروع کی جائے گی


اقلیتی اُمور کی وزارت مختلف سماجی وتعلیمی اداروں، غیرسرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور خواتین خود امدادی گروپوں کے ساتھ ملکراس مہم کاآغاز کرے گی

اس مہم کا آغاز اقلیتی آبادی کی اکثریت والے ضلع رام پور (اترپردیش) سے کیا جائیگا اور اس کا اہتمام ملک کے مختلف حصوں میں بھی کیاجائیگا

Posted On: 19 JUN 2021 2:59PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی:19جون،2021۔اقلیتی اُمور کے مرکزی وزیر جناب مختار عباس نقوی نےآج یہاں کہا کہ ملک کے دیہی اور دوردراز علاقوں میں کوروناٹیکہ کار ی سے متعلق بیداری پیدا کرنے اور جاری ٹیکہ کاری مہم کے سلسلے میں کچھ مفاد پرستوں کے ذریعے پھیلائی جارہی افواہوں اور تشویشات پر قدغن لگانے اور اس کاخاتمہ کرنے کیلئے 21جون 2021 کو ایک ملک گیر بیداری مہم’جان ہے تو جہان ہے‘ شروع کی جائے گی۔

جناب نقوی نے کہا کہ اقلیتی اُمور کی وزارت مختلف سماجی وتعلیمی تنظیموں ،غیرسرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور خواتین خود امدادی گروپوں کے ساتھ ملکر بیداری مہم کاآغاز کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک گیر بیداری مہم کا آغاز اقلیتی آبادی کی اکثریت والے ضلع رام پور (اترپردیش) سے کیا جائیگا  اور اس کا اہتمام ملک کے مختلف حصوں میں بھی کیاجائیگا۔

مختلف مذہبی رہنما، سماجی، تعلیمی، ثقافتی، طبی، سائنس اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد ٹیکہ لگوانے کیلئے عوام کو مؤثر پیغام دیں گے۔ اس مہم کے تحت ملک بھر میں نکڑ ناٹکوں کا بھی انعقاد کیا جائیگا۔

جناب نقوی نے کہا کہ کچھ مفادپرست عناصر ملک کے کچھ علاقوں میں کورونا ٹیکہ کاری کے بارے میں افواہیں اور تشویشات  پیدا کرنے  کی کوشش کررہے ہیں، ایسے عناصر لوگوں کی صحت اور عوامی فلاح وبہبود کے دشمن ہیں۔

وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت میں تیار کردہ کورونا کے دو ٹیکے ہمارے  سائنسدانوں کی سخت محنت کانتیجہ  ہیں اور سائنسی طور پر یہ ثابت ہوچکا ہے کہ یہ ٹیکے کورونا کے خلاف جنگ میں بالکل محفوظ اور مؤثر ہتھیار ہیں۔

جناب نقوی نے کہا کہ ریاستی حج کمیٹیاں، وقف بورڈس،  ان سے وابستہ تنظیمیں، مرکزی وقف کونسل، مولاناآزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن ، متعدد سماجی اور تعلیمی ادارے، غیرسرکار ی تنظیمیں (این جی اوز)، اقلیتی اُمور کی وزارت کی اسکیم  ’’نئی روشنی‘‘ کے تحت کام کرنے والے خواتین خود امدادی گروپس، ’’جان ہے تو جہان ہے‘‘ بیداری  مہم کاحصہ ہوں گے۔ یہ تنظیمیں کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے لوگوں کو ٹیکہ لگوانے کیلئے راضی کریں گی  اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گی۔

مذہبی رہنما اور متعدد شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد بشمول دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام  سید احمد بخاری، فتح پوری مسجد دہلی کے امام ڈاکٹر مفتی مکرم احمد،  جین گرو آچاریہ لوکیش مونی، دہلی سکھ گرودوارہ  مینجمنٹ کمیٹی کے صد جناب منجندر سنگھ سرسا، اجمیر شریف درگاہ کے سجادہ نشیں سید زین العابدین ، انجمن سید زادگان ، درگاہ اجمیر شریف کے چیئرمین حاجی سید معین حسین، درگاہ اجمیر شریف کے خادم جناب سید غلام کبریا دستگیر، آل انڈیا صوفی سجادہ نشیں کے چیئرمین سید نصیرالدین چشتی، حضرت نظام الدین دہلی کے سجادہ نشیں سید حماد نظامی، شیعہ مسجد دہلی کے امام مولانا محمد علی محسن تقوی، بھارت کے بین مذاہب اتحاد فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طارق منصور، آل انڈیا   امام آرگنائزیشن  کے چیف امام ڈاکٹر عمیر احمد الیاسی، معروف نیروسرجن  ڈاکٹر ماجدہ توریل، یونیسیکوپرزور اور جیوپارسی کی ڈائرکٹر ڈاکٹر شیرناز کاما، عیسائی اور بودھ مذہب کے متعدد مذہبی رہنما، فلم، ٹیلی ویژن اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد مؤثر پیغامات دیں گے  اور کورونا ٹیکہ کاری سے متعلق بیداری پیدا کرنے کی  اپیل کریں گے۔

جناب نقوی نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ،بھارت میں دنیا کی سب  سے بڑی کورونا ٹیکہ کاری مہم  چلارہی ہے، ملک میں اب تک کروڑوں افراد کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں، بھارت ان ملکوں کے مقابلے میں کورونا ٹیکہ کاری میں بہت آگے ہے جن کے پاس پہلے سے بہتر وسائل اور سہولیات موجود ہیں۔

جناب نقوی نے کہا کہ حکومت اور معاشرے نے پورے عہد ، عزم اور جذبے کے ساتھ کورونا کو شکست دینے کیلئے متحد ہوکر کام کیا ہے  اور ملک اب بحران سے نکل رہا ہے۔

 

-----------------------

ش ح۔م ع۔ ع ن

U NO5660



(Release ID: 1728548) Visitor Counter : 156