وزارت دفاع

ہلدیہ جانے والے پرتگالی فلیگ کنٹینر شپ سےتیل کے بہنے کی اطلاع پر انڈین کوسٹ گارڈ الرٹ

Posted On: 18 JUN 2021 9:34AM by PIB Delhi

نئی دہلی،18/جو ن ۔   انڈین کوسٹ گارڈ(آئی سی جی ) کو سمندری بچاؤ سے متعلق تال میل کے مرکز( ایم آر سی سی)  کولمبو سے 16 جون 2021 کو دیررات میں چنئی سے تقریبا 450 کلو میٹر جنوب مشرق میں سمندر کے بیچ میں تیل کے بہنے کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی۔مزید جانچ کرنے پر پتہ چلا کہ کولمبو سے ہلدیہ مغربی بنگال جانے والے پرتگالی فلیگ کنٹینر شپ ایم وی دیوان کے فیول ٹینک میں پانی کے اندر ایک شگاف ہوگیا ہے۔ اس ٹینک میں بہت کم  سلفر والا تقریباً 120 کلو لیٹر فیول آئل  بھرا ہے۔

شگاف کی وجہ سے بچاؤ کی کارروائی کئے جانے سے قبل ہی تقریباً 10 کلو لیٹر تیل سمندر میں بہہ گیا تھا اور ٹینک میں بچے ہوئے تیل کو جہاز کے عملے نے  دوسرے ٹینک میں منتقل کردیا تھا۔ یہ جہاز 382 کنٹینروں میں10795 ٹن جنرل کارگو لے جارہا ہے ۔جہاز کا ہلدیہ کی جانب سفر جاری ہے اور 18 جون 2021 کو اس کے پہنچنے کی توقع ہے۔

انڈین کوسٹ گارڈ ایم وی دیوان سے مسلسل رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہے  اور ماسٹر نے اطلاع دی ہے کہ جہاز اب بلا کسی پریشانی کے چل رہا ہے۔ آئی سی جی نے چنئی میں آلودگی کے سلسلے میں کارروائی کرنے والی ٹیم کو ہوشیار کردیا ہے اور انہیں تیار رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آئی سی جی کے جہاز اور سمندر میں  تعینات طیاروں کو بھی آلودگی کے سلسلے میں کارروائی کرنے کے لئے ہوشیار کردیا گیا ہے ۔

******

 

( ش ح ۔ا گ ۔رض)

U- 6001


(Release ID: 1728118) Visitor Counter : 230