بھارتی چناؤ کمیشن
جناب انوپ چندر پانڈے نے نئے الیکشن کمشنر کے طور پر عہدہ سنبھالا
Posted On:
09 JUN 2021 5:17PM by PIB Delhi
جناب انوپ چندر پانڈے نے آج ہندوستان کے نئے الیکشن کمشنر (ای سی) کے طور پر عہدہ سنبھالا۔ چیف الیکشن کمشنر جناب سشیل چندرا کی صدارت والے ہندوستانی الیکشن کمیشن میں الیکشن کمشنر جناب راجیو کمار کے ساتھ جناب پانڈے تین رکنی ادارہ میں دوسرے الیکشن کمشنر کے طور پر شامل ہوئے۔
جناب انوپ چندر پانڈے 1984 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر رہ چکے ہیں۔ جناب پانڈے کی پیدائش 15 فروری، 1959 کو ہوئی تھی۔ حکومت ہند کی تقریباً 37 برسوں کی پر وقار سروس کی مدت کے دوران، جناب پانڈے نے متعدد مرکزی وزارتوں اور محکموں اور اتر پردیش کے اپنے ریاستی کیڈر میں کام کیا ہے۔
پیشہ سے نوکر شاہ جناب انوپ چندر پانڈے نے پنجاب انجینئرنگ کالج سے میکینکل انجینئرنگ میں گریجویشن کی ڈگری اور پنجاب یونیورسٹی سے میٹریلس مینجمنٹ میں ماسٹرس ڈگری حاصل کی ہے۔ تاریخ کے مطالعہ میں گہری دلچسپی رکھنے والے جناب انوپ چندر پانڈے نے مگدھ یونیورسٹی سے قدیم ہندوستان کی تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔
جناب پانڈے اگست 2019 میں اتر پردیش حکومت کے چیف سکریٹری کے طور پر ریٹائر ہوئے۔ ہندوستانی الیکشن کمیشن میں شامل ہونے سے پہلے، جناب پانڈے نے اتر پردیش کے نیشنل گرین ٹربیونل اوورسائٹ کمیٹی کے ممبر کے طور پر کام کیا ہے۔
اتر پردیش کے چیف سکریٹری کے طور پر ان کی انتظامی قیادت میں، ریاست نے 2019 میں پریاگ راج میں کمبھ میلہ اور وارانسی دیوس میں غیر مقیم ہندوستانیوں کی تقریب کا کامیابی سے انعقاد کیا۔
اس سے پہلے، اتر پردیش میں جناب انوپ چندر نے ریاست کے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کمشنر کے طور پر کام کیا اور 2018 میں لکھنؤ میں سرمایہ کاروں کی ایک عظیم کانفرنس کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا۔ انہوں نے سنگل ونڈو نیویش متر پورٹل سمیت صنعتوں اور تجارتی شعبہ میں مختلف پالیسی ساز اصلاحات کی شروعات کی۔
اتر پردیش حکومت میں ایڈیشنل چیف سکریٹری (فائننس) کے طور پر جناب پانڈے کی کوششوں سے اتر پردیش زرعی قرض معافی اسکیم کی کامیاب ڈیزائننگ، منصوبہ بندی اور نفاذ کو مکمل کیا گیا۔
جناب پانڈے نے مرکزی حکومت میں اپنے ڈپیوٹیشن کے دوران مختلف محکموں میں عہدہ سنبھالا ہے۔ انہوں نے حکومت ہند کی وزارت دفاع میں ایڈیشنل سکریٹری اور محنت اور روزگار کی وزارت میں جوائنٹ سکریٹری کے طور پر کام کیا، جہاں انہوں نے جی-20 اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن جیسے مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر ملک کی نمائندگی کی۔ وہ صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت اور امور صارفین کے محکمہ میں ڈائرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔
جناب پانڈے کی تصنیف و تالیف میں گہری دلچسپی ہے۔ انہوں نے ’’قدیم ہندوستان میں حکومت‘‘ نام کی ایک کتاب لکھی ہے، جو رِگ وید کے دور سے 650 عیسوی تک قدیم انڈین سول سروس کے ارتقا، نوعیت، دائرہ کار، کام کاج اور تمام متعلقہ پہلوؤں کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر جناب سشیل چندرا اور الیکشن کمشنر جناب راجیو کمار نے روایتی طور پر نئے الیکشن کمشنر جناب انوپ چندر پانڈے کا استقبال کیا
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 5285
(Release ID: 1726065)
Visitor Counter : 216