عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ان سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو فوری طور پر پنشن جاری کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جن کی موت کووڈ – 19 انفیکشن کی وجہ سے ہوئی ہے
Posted On:
08 JUN 2021 5:46PM by PIB Delhi
نئی دہلی۔ 08 جون حکومت نے کووڈ – 19 کے باعث اپنی جان گنوانے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو فوری طور پر پنشن جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی وزارت عملہ کے محکمہ پنشن اور پنشنر ویلفیئر (ڈی او پی پی ڈبلیو) نے ایک اہم حکم کے تحت ، تمام وزارتوں، محکموں ، کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ پنشن تقسیم کرنے والے بینکوں کے سی ایم ڈی کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کی جانب سے دعوی وصول ہونے کے ایک ماہ کے اندر فیملی پنشن کی شروعات کی جائے ، جو کووڈ – 19 کی وجہ سے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
شمال مشرقی خطے کی ترقی (ڈونر) کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ،وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت، عملہ ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلا کی ترقی کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ نئے آفس آرڈر کے مطابق ، تمام سیکرٹریوں کو ذاتی طور پر کہا گیا ہے حاضر سروس ملازمین کی اموات کے معاملات کی نگرانی کریں اوردعوے اور اموات کے سرٹیفکیٹ کی وصول کے ایک ماہ کے اندر فیملی پنشن کی شروعات کو یقینی بنائیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے سیکریٹری کے ذریعہ متعلقہ وزارت / محکمہ میں ایک افسر بھی نامزد کیے جائیں ، جن کے نام اور رابطے کی تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہوں تاکہ تاخیر کی صورت میں کنبہ کا کوئی بھی فرد اس سے رابطہ کرسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ہی ، ہر وزارت /محکمہ ایسے معاملات کی تفصیلات ماہانہ بنیاد پر پنشن اور پنشن حاصل کرنے والوں کی فلاح و بہبود کے محکمے کو بھیجے گی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ، آفس آرڈر کو حساسیت اور تشویش کے جذبے کے ساتھ جاری کیا گیا ہے جس کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی روزانہ کی بنیاد پر کووڈ وبائی امراض کے ہر پہلو کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت وبائی مرض سے متاثرہ ہر طبقے کے شہریوں اور کنبوں کی مدد اور تعاون کے لئے پرعزم ہے۔
محکمہ پنشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کووڈ – 19 وبائی مرض میں ہوئے حالیہ اضافے کے دوران متعدد سرکاری ملازمین کی اموات ہوئی ہیں۔ بہت سارے معاملات میں ، جاں بحق ملازمین اپنے خاندان کے واحد روزگار حاصل کرنے والے تھے اور ان کی موت سے اہل خانہ کو روزگار کے لئے فوری طور پر فنڈز کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔ لہذا ، یہ یقینی بنانا لازمی ہے کہ ان کے اہل خانہ کو فیملی پنشن اور دیگر حقوق جلد از جلد فراہم کیے جائیں۔
نئے آفس آرڈرکا مطلب یہ بھی ہے کہ سرکاری ملازمین کی موت پر ان کے اہل خانہ کو بینک کے ذریعہ باقاعدہ فیملی پنشن فراہم کرنے اور دیگر حقوق کی ادائیگی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے ۔ یہ یقینی بنایا جانا چاہیے کہ فیملی پنشن کے لئے پنشن ادائیگی کے آرڈر (پی پی او) جاری کیا جا چکا ہے اور بینک کے ذریعہ باقاعدہ طور پر فیملی پنشن کے دعوے کی وصولی کے ایک ماہ کے اندر ہی پنشن کی فراہمی شروع کردی جائے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے امید ظاہر کی کہ حکومت کے تمام محکمےان ہدایات پر پوری طرح سے عمل کریں گے ، اور متعلقہ محکموں کے سربراہان مستقل بنیادوں پر اس کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ مختلف ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام خطوں کی حکومتیں بھی اپنے اس غیر معمولی وبائی مرض کو دھیان میں رکھتے ہوئے اپنی اپنی ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام خطوں کے سرکاری ملازمین کے لئے ان اقدامات پر عمل کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
(08.06.2021)
U-5249
(Release ID: 1725492)
Visitor Counter : 258