وزارت دفاع

اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں ڈی آر ڈی او کے ذریعے قائم کردہ 500 بستروں والے کووڈ کیئر اسپتال کا افتتاح

Posted On: 02 JUN 2021 1:18PM by PIB Delhi

دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کے ذریعے ہلدوانی میں قائم کردہ 500 بیڈ کے کووڈ کیئر اسپتال کا افتتاح اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ جناب تیرتھ سنگھ راوت نے 02 جون، 2021 کو کیا۔ اس مرکز میں 375 آکسیجن بیڈ اور وینٹی لیٹر کی سہولت والے 125 آئی سی یو بیڈ شامل ہیں۔ 100 فیصد پاور بیک اپ کے ساتھ تمام موسمیاتی حالات کے لیے اس مرکز میں مرکزی طور پر ایئرکنڈیشن کی سہولت دستیاب ہے۔ پیتھالوجی تجربہ گاہ، فارمیسی، ایکس رے اور ای سی جی وغیرہ اس مرکز کا اندرونی حصہ ہیں۔ یہ مرکز 3 جون، 2021 سے پوری طرح سے کام کرنا شروع کر دے گا۔

ماڈرن سسٹم سافٹ ویئر کے توسط سے مناسب نگرانی اور اسپتال کے انتظام کے لیے وائی فائی، سی سی ٹی وی اور ہیلپ لائن نمبر کے ساتھ ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس مرکز کو چلانے کے لیے ڈاکٹر اور نرسنگ اسٹاف کا بندوبست یہیں واقع گورنمنٹ میڈیکل کالج، ہلدوانی کے ذریعے کیا جائے گا۔

21 دن میں بنا یہ اسپتال ناموافق موسمیاتی حالات کے درمیان چوبیسوں گھنٹے لگاتار کام کرنے والے 350 افراد کے عملہ کے ذریعے کی گئی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ یہ محدود وقت کے اندر چنوتی بھرا کام مختلف سرکاری ایجنسیوں کے درمیان باہمی تال میل اور ملک گیر لاک ڈاؤن کے درمیان بڑی مقدار میں سازو سامان کے بندوبست کا نتیجہ ہے۔ مستقبل میں کسی بھی غیر متوقع چنوتی کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کے لیے اسپتال کے ڈیزائن اور کام کاج میں مناسب قدم اٹھائے گئے ہیں۔ فائر ڈٹیکشن الارم سسٹم، فائر ہائیڈرینٹ اور آگ بجھانے والے آلات کے ساتھ لازمی طور پر فائر سیفٹی کے ضابطوں کو یقینی بنایا گیا ہے۔

کووڈ کی موجودہ صورتحال میں یہ کووڈ کیئر سنٹر اتراکھنڈ کے لوگوں کے لیے ایک بیش قیمتی اثاثہ ہوگا جو وبائی مرض کے دوران وقت پر ضروری طبی نگہداشت فراہم کرے گا۔ اس کووڈ کیئر سنٹر کو  آنجہانی جنرل بپن چندر جوشی کے نام پر رکھا اور وقف کیا گیا ہے جو اتراکھنڈ سے تعلق رکھتے تھے اور ہندوستانی فوج کے 17ویں سربراہ تھے۔

اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر اجے بھٹ، اتراکھنڈ سرکار میں وزیر جناب بنسی دھر بھگت، اتراکھنڈ کی لیڈر ڈاکٹر اندرا ہردیش اور ڈی آر ڈی او اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران موجود تھے۔

وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے اس وبائی مرض کے دوران لگاتار وقت پر مدد کے لیے دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کی تعریف کی ہے۔ دفاعی تحقیق و ترقی کے محکمہ کے سکریٹری اور ڈی آر ڈی او کے چیئرمین ڈاکٹر جی ستیش ریڈی نے اس کام میں شامل ٹیم کی بے پناہ کوششوں کی تعریف کی اور ساتھ دینے کے لیے اتراکھنڈ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/PIC1(3)CUOQ.jpg

*****

ش  ح –  ق ت –  ت  ع

U: 5077

 


(Release ID: 1723945) Visitor Counter : 208