عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے لوک سبھا حلقے ادھم پور کٹھوعہ ڈوڈا میں کوویڈ سے متعلق کمیونٹی سروس پروگراموں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اجلاس طلب کیا۔


وزیر موصوف نے 30 مئی کو مودی حکومت کی 7 ویں سالگرہ کے موقع پر کمیونٹی "سیوا"/خدمت پروگراموں کی اسکیم پر بھی تبادلہ خیال کیا

Posted On: 27 MAY 2021 6:05PM by PIB Delhi

27 مئی 2021، نئی دہلی: مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج اپنے لوک سبھا حلقہ ادھم پور کٹھوعہ ڈوڈا کی ایک میٹنگ کی جس میں انھوں نے شرکا اور ممتاز رہ نماؤں سے بات چیت کی اور کوویڈ سے متعلق اب تک کیے گئے کمیونٹی سروس پروگراموں کا جائزہ لیا اور اس وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں ماہ کی 30 تاریخ کو مودی حکومت کے سات سال مکمل ہونے کے موقع پر کمیونٹی "سیوا"/سروس پروگراموں کے انعقاد کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بتایا گیا کہ 28 ویں سے لوک سبھا حلقہ میں بوتھ سطح کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں خون عطیہ کیمپ بھی شامل ہیں۔ 30 مئی کو لوک سبھا حلقے کے تمام چھ اضلاع میں مختلف پنچایت مقامات پر "سیوا" یا کمیونٹی سروس پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ پروگرام کوویڈ سے متعلق مواد جیسے فیس ماسک، سینیٹائزر، فوڈ راشن کے ساتھ ساتھ آکسی میٹر وغیرہ بھی تقسیم کریں گے۔

image0017VJF.jpg

وبا کی دوسری لہر کے دوران حلقے میں جاری انتظامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ تمام کوویڈ-19 انتظامات، چاہے وہ اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی ہو یا وینٹی لیٹرز کی دستیابی، اپ ٹو ڈیٹ رہے ہیں اور انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ مریضوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انھوں نے کہا کہ حلقے کے تقریباً تمام اضلاع میں وقت پر آکسیجن پلانٹ لگائے گئے ہیں اور تمام اضلاع میں کارکنوں کی جانب سے کوویڈ سے متعلق مواد تقسیم کیا جارہا ہے۔

وزیر موصوف نے تمام اسٹیک ہولڈروں کو یہ بھی بتایا کہ کوویڈ-19 وبا کے پھیلاؤ کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقے کے دیہاتوں میں ٹیلی مشاورت کی سہولیات قائم کی جارہی ہیں جس کے لیے تسلیم شدہ ڈاکٹروں کے پینل کے لیے رہ نما خطوط پہلے ہی سے موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سے اندھا دھند ریفرل کا عمل رکے گا  اور ضلعی اسپتالوں میں مریضوں کا بوجھ کم ہوگا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ دست یاب اعداد و شمار کے مطابق مرکز کے زیر انتظام علاقے میں 66 فیصد سے زائد افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں جو قومی اوسط سے زیادہ ہیں اور یہ ایک حوصلہ افزا علامت ہے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لوگ اب ٹیکہ لگوانے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔

اس وقت جموں و کشمیر میں کوویڈ کی مثبتیت اور اموات کی شرح کے بارے میں وزیر موصوف نے بتایا کہ گذشتہ کئی دنوں کے دوران کوویڈ-19 سے متعلق اموات اور مثبتیت کی شرح میں کافی کمی آئی ہے جو وبا کے دوران ایک اچھی علامت ہے اور جموں و کشمیر میں صحت کی نئی ترقی یافتہ سہولیات لوگوں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔

وزیر موصوف نے بتایا کہ 30 مئی کو مرکزی حکومت کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر کوویڈ-19 کے لیے امدادی سامان تقسیم کرنے کے علاوہ خون کے عطیہ کیمپوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

میٹنگ کے دوران اسٹیک ہولڈروں نے ادھم پور لوک سبھا حلقے کو کوویڈ سے متعلق امدادی سامان بھیجنے اور حسب ضرورت آکسیجن پلانٹ لگانے پر مرکزی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

بات چیت کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یہ بھی کہا کہ کوویڈ-19 وبا سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے باوجود ان کے حلقے کے دور دراز علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں جو ہر حال میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

***

U. No. 4893

(ش ح - ع ا - را)


(Release ID: 1722531) Visitor Counter : 158