عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ منتخب نمائندے عوام دوست طریقے سے جموں و کشمیر میں ٹیکہ کاری مہم میں تیزی لانے کا کام کریں


کمیونٹی شراکت داری کے توسط سے ٹیکہ کاری پروگرام کو ’’عوامی تحریک‘‘ کی شکل دینے کی اپیل کی

Posted On: 19 MAY 2021 4:53PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  19/مئی2021 ۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ عوامی نمائندے مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر میں عوام دوست طریقے سے ٹیکہ کاری مہم میں تیزی لائیں۔ میئروں، ڈپٹی میئروں اور سوچھ بھارت مشن اور جموں و سری نگر میونسپل کارپوریشنوں کے صحت اور صفائی و ستھرائی محکموں کے چیئرپرسن کے ساتھ ایک تفصیلی تبادلہ خیال میں انھوں نے کہا کہ دونوں میونسپل کارپوریشنوں کو زیادہ سے زیادہ کمیونٹی شراکت داری کے ٹیکہ کاری مہم کو آگے بڑھانے کے لئے سرگرم رول نبھانا چاہئے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کل ریاست اور ضلع افسران کے ساتھ اپنے تبادلہ خیال کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ایک بڑے پیمانے پر کووڈ-19 کے ٹیکوں کی سپلائی میں اضافہ کرنے کے لئے پیہم کوششیں کی جارہی ہیں اور صحت کی وزارت اس کام کو بحسن و خوبی انجام دیے جانے میں معاونت کررہی ہے۔ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو آئندہ 15 دنوں کا شیڈیول دیا جائے گا، تاکہ وہ ہر ضلع میں ٹیکہ کاری مہم کو ترجیح دے سکیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/specificdocs/photo/2021/may/ph202151901.jpg

ٹیکہ کاری پروگرام کو ایک عوامی تحریک کی شکل دینے کی منتخب نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے میونسپل کارپوریشنوں کے اشتراک سے خصوصی کیمپوں کے انعقاد کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ طبی اور انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ کووڈ کا کمیونٹی بندوبست یکساں طور پر اہم ہے۔ انھوں نے کمیونٹی لیڈروں سے درخواست کی کہ وہ ضروری ادویات اور آکسیجن کی غیرضروری ذخیرہ اندوزی کے تعلق سے بیداری پیدا کریں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے منتخب نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ عام لوگوں کے درمیان اعتماد سازی سے متعلق اقدامات کریں اور اس بات کو دہرایا کہ ’’احتیاط، نہ کہ اضطراب‘‘ اس وبا سے لڑنے کا اصل اصول ہے۔ انھوں نے ان سے اپیل کی کہ وہ کووڈ -19 کو شکست دینے کے لئے کووڈ پروٹوکول اور جلد از جلد ٹیکہ لگوانے کے بارے میں بالخصوص دور دراز کے علاقوں میں خصوصی بیداری مہم چلائیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ لوگوں کو اس بات سے بھی آگاہ کیا جائے کہ مرکز کے آیوشمان بھارت منصوبے کے تحت کووڈ کا علاج بھی شامل ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وہ مرکزی وزارت صحت، ایل جی اور جموں و کشمیر ے سینئر افسروں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ میں کووڈ انفرااسٹرکچر اور سپورٹ میں اضافہ کے لئے سبھی اقدامات کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جموں و سری نگر ڈی آر ڈی او کووڈ کیئر مراکز کے علاوہ چینانی، راجوری اور دیگر علاقوں میں ایسے مراکز کے قیام کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ دو دنوں کے اندر نجی اسپتالوں کو بھی اس کام میں لگایا جائے گا، تاکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے مطابق یہاں بھی کووڈ کیئر کے لئے کچھ بیڈ مختص کئے جاسکیں۔

ٹیلی میڈیسن مرکز کے قیام کی ضرورت بتاتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اس مرکز کا گھر سے مفت صلاح و مشورے کے لئے بڑے پیمانے پر احیا کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شفٹ کی بنیاد پر مریضوں کے ٹیلی کنسلٹیشن کے لئے ملک بھر میں تسلیم شدہ ڈاکٹروں کا پینل بنانے کے لئے رہنما ہدایات پہلے سے موجود ہیں۔ انھوں نے جی ایم سی، جموں اور سری نگر میں بغیر کسی امتیاز کے مریضوں کو ریفر کرنے کے طریقے کی بھی حوصلہ شکنی کی اور زور دیا کہ ہلکے اور بغیر علامات والے مریض پروٹوکول پرسکرپشن (نسخہ جات) پر عمل کریں اور ہوم آئیسولیشن میں اپنا علاج کریں۔

قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کل جموں اور سری نگر کی راجدھانیوں کے لئے کووڈ سے متعلق ساز و سامان کی الگ الگ کھیپ روانہ کی تھی، جن میں فیس ماسک، سینیٹائزر اور دیگر ساز و سامان پر مشتمل الگ الگ کٹ شامل تھیں۔ اس سے قبل کووڈ سے متعلق جس ساز و سامان کا انھوں نے انتظام کیا تھا ان کے لوک سبھا حلقہ اودھم- کٹھوا- ڈوڈا میں آنے والے سبھی 6 اضلاع کے لئے روانہ کیا گیا تھا۔

 

******

شح۔ م م۔ م ر

U-NO.4633



(Release ID: 1720041) Visitor Counter : 133