وزارت اطلاعات ونشریات
جناب ستیہ جیت رے کی پیدائش کی صدی منائی جائے گی (2مئی 1921 سے 23 اپریل 1992)
ملک و بیرون ملک میں سال بھر تقریبات منعقد کی جائیں گی
سنیما میں شاندار کارکردگی کے لئے ستیہ جیت رے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کی شروعات
Posted On:
30 APR 2021 6:41PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 30/اپریل2021 ۔ عظیم فلمساز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ضمن میں اطلاعات و نشریات کی وزارت ملک و بیرون ملک میں آنجہانی جناب ستیہ جیت رے کی سال بھر چلنے والی صدی تقریبات کا انعقاد کرے گی۔
جناب ستیہ جیت رے ایک معروف فلمساز، مصنف، اِلسٹریٹر، گرافک ڈیزائنر اور موسیقار تھے۔ انھوں نے ایڈوائزنگ سے اپنے کریئر کی شروعات کی اور اپنی پہلی فلم ’پاتھیر پنچالی‘ کے لئے انھیں اس وقت تحریک ملی جب وہ ببھوتی بھوشن بندوپادھیائے کے ناول کے اطفال ایڈیشن کا السٹریشن کررہے تھے۔ اس فلم نے انھیں بین الاقوامی شہرت دلائی۔ جناب رے نے اس کے بعد چارولتا، اگنتک اور نایک جیسی دیگر بہترین فلمیں بنائیں۔ وہ ایک زود نویس مصنف تھے، جنھوں نے مشہور جاسوس فیلودا اور سائنسداں پروفیسر شونکو کا کردار پیش کیا، جو بنگالی ادب کا ایک مقبول حصہ ہے۔ بھارت سرکار نے انھیں 1992 میں اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا۔
تقریب کے جزو کے طور پر اطلاعات و نشریات کی وزارت کی میڈیا اکائیاں اور ڈائریکٹوریٹ آف فلم فیسٹولس، فلمس ڈویژن، این ایف ڈی سی، این ایف اے آئی اور ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایس آر ایف ٹی آئی)، کولکاتہ متعدد سرگرمیوں کے ایک سلسلے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ وزارت خارجہ اور وزارت ثقافت سمیت دیگر وزارتیں / محکمے بھی اس میں سرگرم رول ادا کریں گے۔ حالانکہ وبا کی صورت حال کے پیش نظر یہ تقریبات پورے سال ہائی برڈ موڈ یعنی ڈیجیٹل اور فزیکل دونوں ہی طریقے سے منعقد کی جائیں گی۔
اس عظیم شخصیت کی وراثت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ’سنیما میں شاندار کارکردگی کے لئے ستیہ جیت رے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ کی شروعات اس سال سے کی گئی ہے، جسے انٹرنیشنل فلم فیسٹول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں ہر سال دیا جائے گا اور اس کی شروعات اسی سال سے ہوگی۔ ایوارڈ کے طور پر 10 لاکھ روپئے نقد، ایک سرٹیفکیٹ، شال، ایک سلور پیکاک میڈل اور ایک اسکرول شامل ہوں گے۔
تقریبات اور سرگرمیاں
- ڈائریکٹوریٹ آف فلم فیسٹولس، فلمس ڈویژن اور وزارت خارجہ، بھارت میں اور بیرون ملک واقع بھارتی مشنوں کے توسط سے ستیہ جیت رے فلم فیسٹول کا انعقاد کریں گے، جہاں جناب ستیہ جیت رے کی فلموں اور ان پر بنی فلموں اور دستاویزی فلموں کو دکھایا جائے گا۔ 74ویں کانس فلم فیسٹول میں جناب رے کی فلموں پر خصوصی ریٹرواسپیکٹو پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں دکھانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
- ڈائریکٹوریٹ آف فلمس فیسٹول، انٹرنیشنل فلم فیسٹول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی)، 2021 میں ایک خصوصی ریٹرواسپیکٹو کا انعقاد کرے گا۔ اس ریٹرواسپیکٹو کی شرکت اہم بین الاقوامی اور قومی علمی میلوں میں بھی ہوگی۔
- فلمس ڈویژن اپنی پہل کے تحت ممبئی میں واقع بھارتی سنیما کے قومی میوزیم میں ایک خصوصی ستیہ جیت رے سیکشن قائم کرے گا۔ اس سیکشن، جو پورے سال کے دوران ملک کی مختلف میوزیموں میں بھی شرکت کرے گا، میں جناب رے کی زندگی کے یادگار لمحات فزیکل اور ڈیجیٹل دونوں ہی موڈ میں دکھائے جائیں گے۔ ان میں ان کی فلموں، انٹرویو وغیرہ کے بہترین شاٹ بھی شامل ہیں۔
- نیشنل فلم آرکائیوز آف انڈیا (این ایف اے آئی) جناب رے کی سبھی دستیاب فلموں اور تشہیری مواد کا ریسٹوریشن اینڈ ڈیجیٹائزیشن کرے گا۔ یہ ان کی فلموں کے پوسٹروں پر مشتمل ایک ورچول نمائش کا بھی اہتمام کرے گا۔
- این ایف ڈی سی اپنے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ایک فلم فیسٹول ’سنیماز آف انڈیا‘ کا انعقاد کرے گا، جس میں ان کی پانچ فلمیں دکھائی جائیں گی۔
- ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایس آر ایف ٹی آئی)، کولکاتہ اپنے کیمپس میں جناب ستیہ جیت رے کے مجسمے کی نقاب کشائی کرے گا۔ اس عظیم فلمساز کی مخصوص صلاحیتوں کو سمجھنے کے لئے اس ادارہ میں ان کی بہترین کارگزاریوں پر ایک کورس پڑھایا جائے گا۔ بچوں کے لئے جناب رے کی کارگزاریوں پر مشتمل ایک پیکیج بھی تیار کیا جارہا ہے، جسے اسکولوں کو دیا جاسکتا ہے۔ جناب رے کی فلموں کی تھیم پر انٹر کالج مسابقوں کا انعقاد فلم اسکولوں کے درمیان کرایا جائے گا۔
- ثقافت کی وزارت ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی اور ادب و فن کے شعبے میں جناب رے کی شخصیت اور ان کی کارگزاریوں کے مختلف پس منظر نمائش کرے گا۔
ان سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے سکریٹری (اطلاعات و نشریات) کی صدارت میں ایک امپلیمنٹیشن (تنفیذی) کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں نامزد رکن کے طور پر سینئر فلمساز جناب دھرتی مان چٹرجی اور اطلاعات و نشریات، ثقافت اور امور خارجہ کی وزارتوں کے دیگر سینئر افسر شامل ہیں۔
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO. 4101
30.04.2021
(Release ID: 1715251)
Visitor Counter : 278