وزارتِ تعلیم

وزیر مملکت برائے تعلیم نے ای 9 ممالک کے وزرائے تعلیم کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا

Posted On: 07 APR 2021 2:40PM by PIB Delhi

نئی دہلی، 7 اپریل: تعلیم کے وزیر مملکت جناب سنجے دھوترے نے 6 اپریل 2021 کو ای 9 پہل: ایس ڈی جی 4 کی سمت میں ترقی کو مہمیز کرنے کے لیے ڈیجیٹل آموزش کی توسیع کے موضوع پر ای 9 ممالک کے وزرا سے خطاب کیا۔  اس اجلاس میں بنگلہ دیش کی وزیر تعلیم، محترمہ دیپو مونی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ، محترمہ آمنہ محمد، ای 9 ممالک کے وزرائے تعلیم اور اقوام متحدہ، یونیسف اور یونیسکو کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ ای 9 ممالک میں بنگلہ دیش، برازیل، چین، مصر، بھارت، انڈونیشیا، میکسیکو، نائجیریا، اور پاکستان شامل ہیں۔

اس موقع پر جناب دھوترے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ 19 وبائی مرض نے پوری دنیا میں تعلیم کے لیے رکاوٹ کھڑی کردی ہے۔ بھارت میں بہت بڑی تعداد میں طلبا کو تعلیم فراہم کرنا واقعی ایک چیلنج تھا۔ جناب دھوترے نے کہا کہ انھیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ڈیجیٹل، ٹیلی ویژن اور ریڈیو جیسے متنوع طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے، حکومت نے نہ صرف سب کے لیے معیاری تعلیم کو یقینی بنایا، بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ ہمارے بچے تعلیمی سال سے محروم نہ ہوں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وبائی مرض کے دوران، وزارت تعلیم نے تقریباً 2. 23 لاکھ طلبا کے لیے انجینئرنگ اور میڈیکل کورسوں میں داخلے کا سب سے بڑا امتحان کام یابی کے ساتھ منعقد کیا جو دوسرے ممالک کے لیے بھی ایک مثال ہے۔

وزیر موصوف نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کے مطابق ہم نے ڈیجیٹل وسائل کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا ہے۔ ون نیشن ون ڈیجیٹل پلیٹ فارم۔دیکشا، ون نیشن ون چینل پروگرام –سویم پربھا، سویم موکس اور ریڈیو نجنابات کا استعمال تعلیم کو ملک کے دور دراز علاقوں تک لے جانے کے لیے کیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آن لائن تعلیم مختلف اہلیت رکھنے والے بچوں کو فراہم کی گئی۔ جناب دھوترے نے بتایا کہ آتم نربھر بھارت کے وژن کے ساتھ، ہماری حکومت نے تعلیم تک کثیر العمل رسائی کے لیے وزیر اعظم ای ودیا پہل کا آغاز کیا جس سے بھارت بھر میں تقریباً 250 ملین اسکول جانے والے بچوں کو فائدہ ہوا۔

جناب دھوترے نے بتایا کہ وبائی مرض کے دوران یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ڈیجیٹل اور ملٹی موڈل تعلیم، سب کے لیے سستی تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ اس کے لیے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا، وسائل اور ڈیجیٹل مہارتوں کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے اساتذہ کی تربیت، ڈیٹا سیکیورٹی اور رازداری، فنڈنگ ​​اور تشخیص کے آلات کی بھی ضرورت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ درس و تدریس میں مدد کے لیے بھارتی حکومت 'ڈیجیٹل فرسٹ' نقطہ نظر کی فراہمی کے لیے قومی ڈیجیٹل ایجوکیشن آرکیٹیکچر تشکیل دے رہی ہے۔

جناب دھوترے نے زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ڈیجیٹل تعلیم کے لیے ایک موثر ماحولیاتی نظام تشکیل دینے کے لیے اجتماعی اور یکجہتی کے ساتھ کام کیا جائے۔ وزیر مملکت نے اقوام متحدہ، یونیسکو، یونیسف اور بنگلہ دیش کی حکومت کو اجتماعی غور و فکر کے لیے یہ پلیٹ فارم مہیا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے ای 9 ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی توقع کا اظہار کیا۔

اس پہل کا مقصد 2020 کی عالمی تعلیم میٹنگ کی ترجیحات میں سے تین میں تعلیم کے نظام میں تیزی سے تبدیلی لاتے ہوئے ایس ڈی جی 4 کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے : (i) اساتذہ کی مدد؛ (ii) مہارت میں سرمایہ کاری۔ اور (iii) ڈیجیٹل خلیج کو کم کرنا۔

****

ش ح- ع ا۔ م ف

U. No. 3489



(Release ID: 1710920) Visitor Counter : 180