نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ نے غریبی، بدعنوانی اور دیگر سماجی برائیوں کو روکنے کیلئے مربوط کوششوں کی اپیل کی


ڈانڈی مارچ نے دنیا کو دکھایا تھا کہ بھارت اب مظالم کے سامنے سر نہیں جھکائے گا

آزادی کا مکمل حصول اسی وقت ہوگا، جب ہم آئین میں دیئے گئے مقاصد کو پورا کریں گے: نائب صدر

نائب صدر نے غیر حقیقی بنیادوں پر عوام کو تقسیم کرنے والی طاقتوں سے لڑنے کی اپیل کی، انہوں نے کہا کہ بھارتیتا ہمیں متحد رکھتی ہے

عوام کی ترقی اور بہبود ہمارے آئینی اقدار کا حصہ ہیں:جناب نائیڈو

نوجوانوں کو چوتھے صنعتی انقلاب کے لئے تیار کرنے کےلئے انہیں ان کی ہنرمندی کو فروغ دیں: نائب صدر

Posted On: 12 MAR 2021 12:38PM by PIB Delhi

 

نئی دلی، 12؍مارچ، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج  بھارت کو معاشی اعتبار سے مضبوط بنانے کے ایک حصے کے طور پر غریبی، نا خواندگی، بدعنوانی اور دیگر سماجی برائیوں مثلا صنفی امتیازکو دور کرنے کے لئے مربوط کوشش کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہی ہمارے مجاہدین آزادی کو سچی خراج عقیدت ہوگی۔وزیراعظم نریندر مودی کےذریعے بھارت کی آزادی کے 75ویں سال کی یادگار منانے کے لئے ایک 75 ہفتے کے فیسٹیول ‘ آزادی کا امرت مہوتسو’ کی شروعات کے موقع پر ایک فیس بک پوسٹ  میں نائب صدر نے کہاکہ یہ ہمارے قومی سفر کی تشریح کرنے والا لمحہ ہے اور مہاتما و بے شمار مجاہدین آزادی کے ذریعے سونپی گئی وراثت کو یاد کرنے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے  مجاہدین آزادی، ان کی عظیم قربانیوں اور ان کے شاندار نظریات کے غیر معمولی جذبے کو یاد کرنا ہمارا فرض ہے۔

 

تاریخی سالٹ مارچ کے دوران باپو کے   قدموں کے نشانات کو یاد کرتے ہوئے 25 دن کی سابرمتی  سے ڈانڈی تک کی پدیاترا، جو کہ آج کے دن شروع ہوئی تھی، کا ذکرکرتے ہوئے جناب وینکیا نائیڈو نے کہا کہ بھارت کی بہت مشکلات سے حاصل آزادی کا یہ ایک مناسب جشن ہے اور آزادی سے لے کر اب تک کے ملک کے سفر کو یاد کرنے کا ایک منفرد طریقہ ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پد یاترا ماضی سے تحریک حاصل کرنے اور پوری توجہ ، حوصلے اور اعتماد کے ساتھ موجودہ اور آنے والے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے مل جل کر کام کرنے کے  ہمارے عزم کی علامت ہے۔

 

عظیم ڈانڈی مارچ کو یاد کرتے ہوئے جناب وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس نے نمک کے سادہ اور مضبوط علامت کے ساتھ اس وقت ملک میں ایک زبردست لہر پیدا کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی  نے   عدم تشدد کی اپنی غیر متزلزل عہد بندی اور اس چیز کو واپس لینے مضبوط خواہش، جو کہ حقیقت میں ہماری اپنی ہی ہے، نے انگریزوں اور دنیا کو دکھا دیاتھا کہ بھارت اب طاقت اور مظالم کے سامنے جھکنے والا نہیں ہے۔

 

جناب وینکیا نائیڈو نے نوجوانوں کو  بھارت کے عظیم سورماؤں کی زندگی کے بارے میں تعلیم دینے ا ور انہیں یہ بتانے کی  ضرورت پر زور دیا ہے کہ  ہمارے عظیم ملک کے ہزاروں حوصلہ مند مردوخواتین کس طر ح جنگ آزادی کی صف اول میں کھڑے تھے اور انہوں نے کس طرح سامراجی حکومت کا جوااتار پھینکنے میں بھارت کی مدد کی۔

 

نائب   صدر جمہوریہ نے یاددلایا کہ ایسے وقت میں جب ہم اپنی آزادی کا لطف اٹھا رہے ہیں، ہمیں یہ بھی سمجھنا چاہئے کہ ہم آزادی کے اس ویژن کو پوری طرح سے اسی وقت عملی جامہ پہنا سکیں گے، جب کہ ان مقاصد اور وعدوں کو پورا کریں گے، جو کہ ہم نے آئین میں اپنےلئے مقرر کئے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ  ہمیں اب تک کے اپنے سفر کا جائزہ لینا چاہئے اور ترقی کے نئے مرحلوں پر نظر رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مزید خوشحال ا ور مضبوط بنانے کے لئے عوام او ر خصوصی طور پر نوجوانوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ ایک صحتمند طرز زندگی اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ ہمیں اپنی تہذیبی جڑوں کو بھی دیکھنا چاہئے، آفاقی اقدار کی پاسداری کرنی چاہئے، ماحولیات کے بارے میں بیدار رہنا چاہئے اور ہمیشہ فطرت کے ساتھ ہم آہنگی  برقرار رکھنی چاہئے۔ اپنی مستقبل کی نسلوں کو ایک ہری بھری اور صحتمند دنیا سپرد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔’’

 

جناب وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہمیں غیر حقیقی بنیادوں پر عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کو نا کام کرنےاور اس  کے خلاف لڑائی میں صف اول  میں رہنے کا عزم کرنا چاہئے۔ انہوں نے اس بات کو یاد کیا کہ آزادی کے وقت بہت سے لوگوں نےہندوستا ن کے بہت بڑے  خطے اور گونا گوں  ثقافتوں  کے پیش نظر ہندوستان کی یکجہتی کی لچک کے بارے  میں طرح طرح کے اندازے لگائے تھے۔ جناب نائیڈونے کہا کہ بھارت نے ان اندازوں کو غلط ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی گوناگونیت اور ہمارے مشترکہ تہذیبی اقدار نے درحقیقت ملک کے اتحاد کو تقویت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شخصی آزاد ی اور تمام فرقوں کی پُر امن بقائے باہمی میں یقین کرتے ہیں اوران مشترکہ تعلقات  کا اعتراف کرتے ہیں، جو ہمیں متحد کرتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ‘‘ یہ‘ بھارتیتا ’ہی ہمیں متحد رکھتی ہے۔

 

آزادی کے لئے لڑنےاور آئین کا مسودہ تیار کرنے کے دوران ملک کے لیڈروں کے ویژن پر تبصرہ کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ  عوام کی ترقی اور بہبود کے لئے گہری عہد بندی  ہمارے آئینی اقدار میں پنہاں ہے۔ انہوں نے سوبھاگیہ یوجنا، آیوشمان بھارت اور کسان سمان ندھی جیسی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ زندگی گزارنےکی آسانی اور سبھی تک فائدوں کو پہنچانے کو یقینی بنانے کے لئے حکومت  کی کوششیں ہیں۔ اس سلسلے میں جناب وینکیا نائیڈو نے  کہا کہ  حکمرانی کے ماڈل کو اوپر سے نیچے کی جانب کے نظریہ سے  غیر مرکزیت والے شہریوں پر مرکوز اور شراکت والے نظریہ  میں تبدیل کیا گیاہے۔ 

 

نائب صدر نے کہا کہ آگے بڑھنے کےلئے ہمیں اُسی جذبے کو آگے بڑھانا ہوگا اور ایک مضبوط  اور زیادہ خوشحال بھارت  کی تعمیر کے لئے عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ہم چوتھے صنعتی انقلاب کی نئی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے اور اپنی آبادی کے فائدے کو حاصل کرنے کےلئے اپنے نوجوانوں کی ہنرمندی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ محروم طبقات اور علیحدہ صلاحیت رکھنے والے افراد ، خواتین، بزرگوں اور ٹرانس جینڈر کو اپنے جمہوری عمل میں شریک کرنا اور ان کی ترقی کا فائدہ اٹھانے میں مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ہمارے شہری کی اچھی تعلیم، صحت، روزگار اور تغذیہ تک رسائی ہو۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ‘‘ ہمیں تمام شعبوں میں آتم نربھر یا خودکفیل بننے کی کوشش کرنی چاہئے.....یہی اپنے مجاہدین آزادی کو ہمارا بہترین خراج عقیدت ہوگا۔’’

 

نائب صدر جمہوریہ نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں آگے آئیں ، مہوتسو میں سرگرمی کے ساتھ شرکت کریں اور  اپنے جمہوری ملک کی جڑوں کو مضبوط کریں۔ انہوں نے مہوتسو کی کامیابی کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

*************

( ش ح ۔ا گ۔  ک ا)

U. No.2450

 



(Release ID: 1704354) Visitor Counter : 216