صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

بھارت کو عالمی سطح پر تابناک بنانے کے لئے ہم  تمام لوگوں  کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے حصے کا کام کریں: صدر جمہوریہ کووند


صدر جمہوریہ ہند نے تروولور یونیورسٹی، ویلور کی 16 ویں سالانہ تقسیم اسناد کی تقریب کو عزت بخشی

Posted On: 10 MAR 2021 12:03PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج  (10 مارچ  2021)  ویلور کی  تروولور یونیورسٹی کی 16 ویں سالانہ تقسیم اسناد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو عالمی سطح پر تابناک بنانے کے لئے ہم تمام لوگوں  کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے حصے کا کام کریں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ  یہ انتہائی  تشفی کی بات ہے کہ بھارت کا اعلیٰ تعلیمی نظام  دیہی  اور پسماندہ طبقوں کو بھی  اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ اس معاملے میں یہ  دنیا کا تیسرا سب سے بڑا تعلیمی نظام بن چکا ہے۔ تاہم  ،ہمارے لئے کوتاہی کی  گنجائش نہیں ہے ،اور اگر ہمیں  مزید  بلندیوں کو چھو نا ہے تو  ضائع  ہو چکے وقت کی ہمیں بھرپائی کرنی ہوگی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ  برطانوی حکومت سے پہلے ہندوستان میں ایک بیش قیمتی تعلیمی نظام تھا۔ گاندھی جی نے اسے ایک ’’خوبصورت درخت‘‘ کہا تھا، جسے برطانوی حکمرانوں نے  اصلاح کے نام پر کاٹ دیا تھا۔ ہمیں  ان تباہ کن  تبدیلیوں سے   ابھی پوری طرح باہر نکلنا اور اپنی وراثت کی بازیافت کرنا باقی ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی 2020  اس سمت میں بہتر طریقے سے منصوبہ بند  اور  فیصلہ کن  قدم ہے۔ اس میں بچوں اور نوجوانوں کو  کس قسم کی تعلیم دی جائے اور معاشرے کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ذاتی نشو ونما کا ماحول تیار کرنے کے لئے ایک ایماندارانہ وژن موجود ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ نئی پالیسی میں ایک خوشحال اور خود کفیل ملک کی تعمیر  کی ضرورت کو بھی  ملحوظ نظر رکھا جاتا ہے۔ اس کے لئے  اعلیٰ تعلیمی نظام میں  برابری ، مہارت  اور  خود اختیار بنانے کے عناصر  شامل ہونے چاہئں۔ قومی تعلیمی پالیسی  انہیں مقاصد کو  حاصل کرنا چاہتی ہے، جیسا کہ  سرسی وی رمن نے کہا تھا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو  علم کی توسیع اور اقتصادی  ترقی کی سمت میں ملک کو  گامزن کرنے کے لئے قائدانہ رول ادا کرنا چاہئے۔ یہی اس نئی پالیسی کا  بھی مقصد ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا  تروولور یونیورسٹی  تقریباً دو دہائی قبل اپنے قیام سے  اب تک ملک میں ایک شاندار یونیورسٹی کے طور پر ابھری ہے۔ اب یہ ایک ایسا مکمل ادارہ بن چکا ہے، جو  طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے، جن میں سے  کچھ طلباء اقتصادی اور تعلیمی طور پر  پسماندہ علاقوں سے  آتے ہیں۔ اس میں وہ خواتین بھی شامل ہیں، جو  سماجی طور پر  کمزور طبقوں سے آتی ہیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ  یونیورسٹی کےطلباء میں  65 فیصد   خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ہماری  بیٹیاں اور بہنیں زنجیروں کو توڑ کر زندگی کے تمام شعبوں میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ اس کا اظہار  اس بات سے ہوتا ہے کہ تعلیمی مہارت کے لئے آج  جن 66 طلباء کو  گولڈ میڈل دیئے گئے ہیں، ان میں سے 55 خواتین ہیں۔ اسی طرح آج 217 اسکالرس  کو  ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی ہے، جن میں سے 100 خواتین ہیں۔ یہ بھارت کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔ ہمارے ملک کی خواتین جب تعلیم یافتہ ہوں گی تو اس سے  نہ صرف ان کا مستقبل محفوظ ہوگا بلکہ پورے ملک کا مستقبل محفوظ ہوگا۔

طلباء سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت کو عالمی سطح پر تابناک بنانے کے لئے ہم تمام لوگوں کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے حصے کا کام کریں۔ ہمارے پاس ایسا کرنے کا موقع بھی ہے۔ ہمارا ملک دنیا کو یہ اہم  سبق دینے کی انوکھی حالت میں ہے کہ کیسے پر امن طریقے سے رہا جائے اور قدرت کی آبیاری کی جائے۔ بھارت جیسے جیسے  اقتصادی ترقی اور مزید  برابری کو حاصل کر رہا ہے، دنیا مزید سبق حاصل کرنے کے لئے ہماری طرف متوجہ ہو رہی ہے۔ ان میں سے ہر ایک کے اندر بھارت کے اس سفر میں اگلا باب لکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔  ضرورت صرف صحیح جذبے کی ہے۔

صدر جمہوریہ کی تقریر پڑھنے کے لیے براہ کرم یہاں کلک کریں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح۔     ق ت۔  ق ر )

U.NO. 2359

 



(Release ID: 1703734) Visitor Counter : 130