وزارت سیاحت
سیاحتی شعبہ مقامی برادریوں، خاص کر خواتین سرمایہ کاروں کو اقتصادی مواقع فراہم کرتا ہے
وزارت سیاحت کے ذریعہ دیکھو اپنا دیش مہم کے تحت ’’سیوا اورایئر بی این بی انڈیاکے ساتھ دیہی ہندوستان کی ترقی‘‘موضوع پر ویبنار
’’سیاحت میں خواتین کو شامل کرنے سے اس شعبہ میں بڑی تبدیلی لائی جاسکتی ہے‘‘
Posted On:
08 MAR 2021 11:37AM by PIB Delhi
وزارت سیاحت نے دیکھو اپنا دیش ویبنار سیریز کے تحت 6 مارچ 2021 کو ’’سیوا (SEWA)اورایئر بی این بی انڈیا (Airbnb) کے ساتھ دیہی ہندوستان کی ترقی‘‘موضوع پر 79واں ویبنار منعقد کیا ۔8 مارچ کو عالمی یوم خواتین ہونے کی وجہ سے یہ موضوع سیا حت کے شعبہ میں خواتین کی طاقت کو سامنے لانے اور اس میں موجود مواقع کو نمایاں کرنے کے لحاظ سے اہمیت کا حامل تھا ۔
سیاحتی شعبہ فی الحال با الواسطہ اوربلاواسطہ طور پر بھارت میں کل نوکریوں کا 12.9 فیصد مہیا کرتا ہےاور تجرباتی سیاحت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے مد نظر مقامی برادریوں ،خاص کر خواتین سرمایہ کاروں کیلئے اس میں بے انتہااقتصادی امکانات موجود ہیں۔خواتین کو معاشی طور پر آزاد بننے میں مدد فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے سے نہ صرف آمدنی پیدا ہوتی ہے بلکہ سماجی تبدیلی کا ایک شاندار انجن بھی بنتا ہے۔اس وبینار میں خود روزگار خواتین کارکنوں کے معا ش میں بہتری کے ذریعہ خواتین کو بااختیار بنانے پر بات چیت ہوئی،جس میں ٹیکنالوجی ،تکنیکی تربیت ،مائکرو فائنانس وغیرہ جیسی متعدد پہل کا بھی ذکر کیا گیا۔خود روزگار خواتین کی تنظیم (سیوا)1972 میں کپڑے کی صنعت میں کام کرنے والی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے قائم کی گئی تھی۔سیوا بھارت کے غیر منظم شعبہ کی خواتین کارکنوں کی واحد قومی تنظیم ہے،جس کی بھارت کی 18ریاستوں میں 1.5 ملین سے زیادہ خواتین رکن ہیں۔اس وقت سیوا کی 35فیصد رکن نوجوان نسل ہے ۔سیوا نے چند سال قبل سیاحت کے شعبہ میں قدم رکھا تھا اور گجرات میں کامیابی کی کہانی پہلے سے ہی درج کررہا ہے۔
ایئر بی این بی کا بھارت کی خود روزگار خواتین کی تنظیم(سیوا) کے ساتھ پارٹنر شپ ہے۔اس تنظیم کی زیادہ تر رکن بھارت کے دیہی علاقوں میں رہنے والی 1.5 ملین سے زیادہ خود روزگار عورتیں ہیں۔ابھی تک 4500 سےزیادہ مہمان 15 الگ الگ ممالک سے 40 سیوا اقامت گاہوں میں قیام کرچکے ہیں۔یہ پارٹنر شپ سیاحوں کو ثقافت اور وراثت کا ایک انوکھا اور مستند تجربہ فراہم کرتی ہےاور ساتھ ہی پسماندہ اقتصادی طبقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین سرمایہ کاروں کو بھی آمدنی کے ذرائع فراہم کرتی ہے۔
ویبنار کی نظامت پبلک پالیسی انڈیا کی سربراہ محترمہ ونیتا دکشت اور سیوا کے ٹیکنالوجی سربراہ جناب تیجس بھائی راول نے کی ،جنہوں نے سیوا اور ایئر بی این بی کے درمیان شاندار تجربہ اور سفر کا ذکر کرنے کے علاوہ دونوں پارٹنرس کو ہونے والے فائدہ کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا ۔ سیوا کی دو سب سے کامیاب اور سب سے پرانی رکن گوری بین اور میتا بین جو اقامت گاہ چلاتی ہیں،نے اپنی ان اقامت گاہوں میں مہمانوں کو رکھنے کے تجربہ کے بارے میں بتانے کے ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ اس سے انہیں نہ صرف اقتصادی طور پر ترقی کرنے کا موقع ملا بلکہ تکنیکی اور علم وغیرہ کے حساب سے بھی فائدہ ہوا۔گوری بین کیلئے یہ فخر کا موقع تھا جب وہ بتارہی تھیں کہ کیسے انہوں نے نہ صرف اپنے لئے پیسے کمائے بلکہ اپنے شوہر سمیت اپنے پورے گھر کیلئے بھی پیسے کمائےاور دوسروں کو بھی روزگار فراہم کیا۔انتہائی خوشی کے ساتھ انہوں نے تمام لوگوں کو اپنی اقامت گاہ کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔
وزارت سیاحت کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محترمہ روپندر برار نے حکومت ہند کی ’ووکل فار لوکل‘پہل کا ذکر کیا اور سیوا کی دو رکن گوری بین اور میتا بین کی کامیابی کی کہانیوں کو سننے کے بعد کہا کہ بہت صحیح کہا گیا ہے کہ ’جہاں چاہ وہاں راہ‘یعنی اگر آپ نے عزم کرلیا ہے تو رکاوٹوں کے باوجود آپ آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کرسکتے ہیں۔انہوں نے دھوردو کے باشندوں کی زندگی کو بدلنے والے اثرات کے بارے میں بھی بتایا جب وزیر اعظم ،گجرات کے وزیر اعلیٰ ہونے کے دوران ،نے بھج میں 2001 کے زلزلہ کے بعد وہاں پر خیمے کا شہر بسایا تھا ۔کیوڑیامیں اسٹیچو آف یونٹی کے مقام پر بھی آس پاس کے گاؤوں کی عورتیں ہیں جنہوں نے سیلف ہیلپ گروپ قائم کئے ہیں اور ریاستی حکومت کی مدد سے چھوٹے ہوٹل چلارہی ہیں اور سیاحتی شعبہ سے متعلق دیگر اہم رول بھی ادا کررہی ہیں۔محترمہ برار نے سیاحت کے شعبہ میں خواتین کو آگے بڑھانے کے حکومت کے وژن کو دوہرایا اور کہا کہ آنے والے دنوں میں وہ اس شعبہ میں تبدیلی کا باعث بن سکتی ہیں۔
دیکھو اپنا دیش ویبنار سیریز الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت کے نیشنل ای –گورننس محکمہ کے تکنیکی اشتراک سے پیش کیا جارہا ہے۔ ویبنار کے اجلاس ابhttps://www.youtube.com/channel/UCbzIbBmMvtvH7d6Zo_ZEHDA/featured پر اور حکومت ہند کی وزارت سیاحت کے تمام سوشل میڈیا ہینڈل پر بھی دستیاب ہیں۔
اگلا ویبنار بھارت کے شمال مشرقی خطہ کے کھانوں پرمبنی ہوگا جسے 13 مارچ2021 کو 11 بجے صبح منعقد کیا جائے گا۔
*******
ش ح- ق ت- م ش
(UN: 2255)
(Release ID: 1703138)
Visitor Counter : 375